اسلام آباد:
گرین پاکستان انیشییٹیو کے تحت ڈیجیٹل زراعت کے فروغ کے لیے لینڈ انفارمیشن اینڈ مینجمنٹ سسٹم (لِمز) اور عسکری بینک کے درمیان اہم معاہدہ طے پا گیا۔
معاہدے کے تحت کسانوں کو ڈیجیٹل زرعی سہولیات اور مالی معاونت تک رسائی فراہم کی جائے گی۔
لِمز کا ڈیجیٹل پلیٹ فارم ’’کسان کی پہچان‘‘ عسکری بینک کو کسانوں کے ڈیجیٹل پروفائلز اور زمینوں کا جیو ریفرنسڈ ریکارڈ فراہم کرے گا۔ سیٹلائٹ ٹیکنالوجی اور جی پی ایس کے ذریعے کھیتوں کی نقشہ بندی اور فصلوں کی صحت سے متعلق معلومات دستیاب ہوں گی۔
جدید ڈیجیٹل نظام سے زرعی قرضوں کی نگرانی، ممکنہ خطرات کی نشاندہی اور تدارک کے انتظامات بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
کسانوں کو جدید زرعی مشاورت، فصلوں کی صورتحال اور منڈیوں کی قیمتوں تک ڈیجیٹل رسائی حاصل ہوگی۔