راولپنڈی:
تھانہ نیوٹاؤن کے علاقے مری روڈ پر تیز رفتار کار سوار نے سڑک عبور کرنے والی دو لڑکیوں کو کچل دیا، حادثے میں ایک لڑکی موقع پر جاں بحق جبکہ دوسری اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گئی۔
حادثے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی جس میں دونوں لڑکیوں کو رحمان آباد میں نادرا آفس کے سامنے مری روڈ عبور کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دونوں لڑکیاں سڑک کا ایک حصہ عبور کرنے کے بعد دوسرے حصے پر پہنچتی ہیں، اسی دوران چاندنی چوک کی جانب سے آنے والی تیز رفتار کار انہیں ٹکر مار کر کچل دیتی ہے، حادثے کے بعد کار سوار رکے بغیر موقع سے فرار ہوگیا۔
جاں بحق ہونی والی دونوں لڑکیاں آپس میں رشتے دار اور رحمان آباد کی نجی میڈیکل بلنگ کمپنی میں ملازمت کرتی تھیں۔
والد کے مطابق انکی بیٹی تنشا خالد اور ہونے والی بہو ثنا سلیم میڈیکل بلنگ کمپنی میں ملازمت کرتی ہیں، ڈیوٹی ختم کرکے ہاسٹل جانے کے لیے روڈ کراس کر رہی تھی کہ دونوں کو صدر کی جانب سے آنے والی ایک تیز رفتار سیاہ رنگ کی ہنڈا کار نے ٹکر ماری، کار سوار بغیر رکے فیض آباد کی جانب فرار ہوگیا
انہوں نے بتایا کہ جب وہ اسپتال پہنچے تو بیٹی تنشا خالد اور میری ہونے والی بہو ثنا سلیم دونوں کی موت واقع ہو چکی تھی۔
پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ لڑکی کے والد و سسر خالد حسین کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے، ملزم کی تلاش جاری ہے اور اسے جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔