لاہور: شیر کے حملے سے شہری کے جاں بحق ہونے کا مقدمے میں اہم پیش رفت 

جوڈیشل مجسریٹ قیصر ریاض نے مقدمے کی سماعت  کی، پولیس نے گرفتار دونوں ملزمان کو عدالت میں پیش کیا


محمد ہارون November 14, 2026

لاہور کے علاقے کاہنہ میں شیر کے حملے سے شہری کے جاں بحق ہونے کے مقدمے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے جب کہ  جاں بحق طلحہ کے ورثا نے گرفتار دونوں ملزمان کو معاف کردیا۔

عدالت نے دونوں ملزمان فیاض احمداور نعمان حسن کو ضمانت پررہا کردیا، جوڈیشل مجسریٹ قیصر ریاض نے مقدمے کی سماعت  کی، پولیس نے گرفتار دونوں ملزمان کو عدالت میں پیش کیا۔

تحریری حکم  میں کہا گیا کہ پولیس نے ملزمان سے تفتیش کے لیے 7 روز کا جسمانی ریمانڈ مانگا،  دوران سماعت جاں بحق ہونے والے نوجوان کے ورثا نے عدالت میں پیش ہو کر بیان ریکارڈ کرایا، قانونی ورثا نے بیان دیا کہ ملزمان کو اللہ کی رضا کی خاطر معاف کرتے ہیں۔

سرکاری وکیل نے راضی نامے کی مخالفت کرتے ہوئے بیان دیا کہ ملزمان نے سنگین جرم کیا لہذا ریمانڈ دیا جائے، قانونی ورثا نے نا صرف بیان دیا بلکہ بیان حلفی بھی جمع کرایا ، ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے جوڈیشل کیا جاتا ہے، ملزمان کی 50 ہزار کے ضمانتی مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی جاتی ہے۔