گجرات: شوہر کا شرمناک اقدام، غیرمردوں کو جال میں پھنسانے سے انکار پر بیوی پر تشدد، نازک حصے کاٹ ڈالے

ملزم قرض زیادہ ہونے کی وجہ سے بیوی کو غیر مردوں کو اپنے جال میں پھنسانے پر اکساتا تھا، پولیس


ویب ڈیسک November 15, 2026

پنجاب کے شہر گجرات میں تھانہ کنجاہ کی حدود میں ڈھیر ہ گوندلاں میں قرض اتارنے کے لیے بیوی کو غیر مردوں کو جال میں پھنسانے پر اکسانے اور انکار پر مبینہ تشدد کرنے والے شوہر کو گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق مدثر نامی شخص اپنے اوپر قرض زیادہ ہونے کی وجہ سے بیوی کو غیر مردوں کو اپنے جال میں پھنسانے پر اکساتا تھا۔

پولیس حکام کے مطابق بیوی کی جانب سے دوسرے مردوں کو جال میں پھنسانے سے انکار پر شوہر اسے مبینہ تشدد کا نشانہ بناتا رہا۔ ملزم نے مبینہ طور پر چھری سے خاتون کے جسم کے پچھلے حصے (کولہے) کو کاٹ ڈالا، جس کے بعد زخمی حالت میں خاتون کو اسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس نے متاثرہ خاتون کے چچا عمران کی مدعیت میں اقدام قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔ مقدمے میں خاتون کے شوہر مدثر اور مشورہ دینے والے اس کے بھائی سمیت دو افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔

ترجمان پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جارہی ہے۔ ڈی پی او گجرات فیصل شہزاد نے کہا ہے کہ خواتین پر تشدد کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور ملزم کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔