خاتون اینکر ربیعہ قتل کیس؛ پولیس حکام نے تفتیش کی تفصیلات ایکسپریس کو بتا دیں

ربیعہ کی فیملی ملزم سے کمپرومائز کرتی ہے تو یہ عدالتی معاملہ ہے، لواحقین کے معاف کرنے پر پولیس کا عمل دخل نہیں ہے، سی پی او


عمران اصغر November 16, 2026
فوٹو: فائل

راولپنڈی:

خاتون اینکر ربیعہ قتل کیس سے متعلق پولیس حکام نے تفتیش کی تفصیلات ایکسپریس نیوز کو بتا دیں۔

سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا نے خاتون اینکر ربیعہ قتل کیس پر ایکسپریس نیوز سے خصوصی گفتگو کی، جس میں انہوں نے بتایا کہ راولپنڈی ربیعہ قتل کیس تفتیش میں ثابت ہوچکا کہ گولی احسن نے ماری ہے۔ ملزم نے بیان دیا ہے کہ گولی حادثاتی طور پر چلی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ربیعہ کی فیملی اگر ملزم سے کمپرومائز کرتی ہے تو یہ عدالتی معاملہ ہے۔ ربیعہ کے لواحقین کی جانب سے ملزم کو معاف کرنے پر پولیس کا کوئی عمل دخل نہیں ہے۔ راولپنڈی گولی غلطی سے چلی یا جان بوجھ کر ماری گئی یہ معاملہ زیر تفتیش ہے۔

سی پی او راولپنڈی کا کہنا تھا کہ ربیعہ قتل کیس کی تفتیش جاری ہے۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن اس تفتیش کو سپروائز کررہے ہیں، ایک پروفیشنل ٹیم اس کیس کی انویسٹی گیشن کررہی ہے۔ تمام شواہد کو فرانزک کے لیے پی ایف ایس اے لاہور بھیج دیا ہے۔ آج ملزم احسن کا پولی گرافک ٹیسٹ بھی کیا جارہا ہے۔  کیس میں 100 فیصد انصاف ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ انصاف پر مبنی تفتیش کے علاوہ پولیس کے پاس دوسرا راستہ ہی نہیں ہے۔ ربیعہ قتل کیس کی تفتیش میں ہر پہلو کو بڑی باریک بینی سے کور کیا ہے۔ کیس میں اہم شواہد اور بیانات بھی ریکارڈ کرلیے ہیں۔ ربیعہ قتل کیس کی تفتیش سے حاصل ہونے والے تمام حقائق کو جب ملائیں گے تو نتیجہ آپ کے سامنے ہوگا۔

سی پی او نے بتایا کہ ربیعہ کے قتل کیس میں ایک ہی ملزم احسن ہے، سی پی او۔ کیس میں ہم اپنی تفتیش مکمل کریں گے۔ ہم نے قتل کا مقدمہ درج کیا ہے، شواہد جمع کرکے چالان عدالت میں پیش کریں گے۔