وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کی نئے صوبوں کے قیام کے لیے ریفرنڈم کی حمایت

نئے صوبوں کے قیام سے کسی کی بادشاہت کو فرق پڑتا ہے تو اس میں کوئی حرج نہیں، عبدالعلیم خان


اسامہ اقبال November 16, 2026

اسلام آباد:

وفاقی وزیر مواصلات اور صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے ملک میں نئے صوبوں کے قیام کے لیے ریفرنڈم کی حمایت کر دی۔

ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام پر موقف بہت واضح ہے، ملتان اور بہاولپور سمیت پنجاب میں نئے صوبے وقت کی ضرورت ہیں، کیونکہ نئے انتظامی یونٹس کی تشکیل کے بغیر لوگوں کی داد رسی نہیں ہو سکتی۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام سے کسی کی بادشاہت کو فرق پڑتا ہے تو اس میں کوئی حرج نہیں، بادشاہت صرف اللہ کی ہے، بندے کی کوئی بادشاہت نہیں، نئے صوبوں سے کسی کی حکمرانی کو سکڑنے کا خدشہ نہیں ہوناچاہیے۔

صدر استحکام پاکستان پارٹی نے کہا کہ جب تک نئے صوبے نہیں بنتے عام آدمی کو ریلیف نہیں مل سکتا، جنوبی پنجاب کے عوام ریفرنڈم میں نئے صوبوں کے لیے ووٹ دیتے ہیں تو یہ خوش آئند ہوگا۔

صدر آئی پی پی عبدالعلیم خان نے نئے صوبوں کی تشکیل کے لیے طریقہ کارکی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ نئے صوبوں پر ریفرنڈم ضرور ہونا چاہیے۔

ترقیاتی منصوبوں سے متعلق انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں این ایچ اے پوری طرح سرگرم عمل ہے اور مختلف شاہراہوں پر کام جاری ہے، لودھراں ملتان ایکسپریس وے کی تزئین و آرائش جاری ہے۔ انہوں نے لودھراں ملتان ایکسپریس وے این 5 کے درمیان گرین بیلٹ اور لائٹنگ کی ہدایت کر دی۔

وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام کے لیے مظفر گڑھ، میانوالی سڑک کی تعمیر بھی کر رہے ہیں جبکہ لیہ تونسہ پل کے ساتھ رابطہ سڑکوں کی تعمیر بھی جاری ہے۔

وفاقی سیکرٹری مواصلات اور چیئرمین این ایچ اے کے ہمراہ وفاقی وزیر مواصلات نے ملتان کا دورہ کیا۔