پنجاب میں گندم اور آٹے کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ

گندم کی فی من قیمت 5 ہزار 920 روپے تک پہنچ گئی، اقدامات نہ ہوئے تو قیمتیں کنٹرول نہیں ہوں گی اور آٹا بحران ہوسکتا ہے


رضوان آصف November 16, 2026

پنجاب میں اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت بڑھنے کے بعد آٹے کی قیمتوں میں ہوشرپا اضافہ ہوگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پنجاب میں اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت اضافے کے بعد 5 ہزار 900 روپے جبکہ لاہور میں 5 ہزار 750، پنڈی اور اسلام آباد میں 5 ہزار 920 روپے تک پہنچ گئیں۔

گندم کی قیمت میں اضافے کے بعد لاہور میں 15 کلو آٹے کے تھیلے کی ہول سیل قیمت 2500 روپے، راولپنڈی اور اسلام آباد میں 2650 روپے تک پہنچ گئی۔

اُدھر محکمہ زراعت نے رواں برس گندم پیداوار میں کمی اور 25 لاکھ ٹن کا شارٹ فال کی تصدیق کی جبکہ ٹی سی پی گندم امپورٹ پاکستان کی اوپن گندم مارکیٹ کو مستحکم کرنے میں ناکام رہا ہے۔

فلار ملز نے وفاق اور صوبائی حکومتوں سے ہنگامی طور پر 5 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کی اجازت دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتوں نے بروقت اقدامات نہ کئے تو قیمتوں میں مزید اضافہ متوقع ہے جبکہ مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ خدشہ ہے قیمتوں کا بحران آٹا دستیابی کے بحران میں تبدیل نہ ہو جائے ۔