جنوبی افریقا میں ایک ہی رات فائرنگ کے دو الگ واقعات میں کم از کم 17 افراد ہلاک ہوگئے جس کے بعد پولیس نے ملزمان کی تلاش اور واقعات کی تحقیقات شروع کردیں۔
عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق فائرنگ کا پہلا واقعہ صوبے کوازولو ناتال کے شہر پیٹرمیرٹزبرگ کے قریب سویٹ واٹرز کے علاقے میں پیش آیا جہاں پولیس کو گولیوں سے چھلنی ایک سفید سات نشستوں والی گاڑی ملی۔
گاڑی کے اندر آٹھ مردوں کی لاشیں موجود تھیں جنہیں متعدد گولیاں ماری گئی تھیں۔ سب کی موقع پر موت واقع ہوگئی۔ ابتدائی طور پر مقتولین کی شناخت نہیں ہوسکی۔
دوسرا واقعہ دارالحکومت پریٹوریا کے مغرب میں واقع جیفزویل کی غیررسمی بستی میں پیش آیا، جہاں ایک چار کمروں کی جھونپڑی سے نو افراد کی لاشیں ملیں۔
پولیس نے بتایا کہ مقتولین میں 6 مرد اور 3 خواتین شامل ہیں۔ ان سب کو اتوار کی رات دس سے گیارہ بجے کے درمیان قتل کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں واقعات کے محرکات تاحال معلوم نہیں ہوسکے اور ابتدائی طور پر ان کے درمیان تعلق بھی ثابت نہیں ہوا۔
تاہم صوبہ گاؤتینگ کے پولیس سربراہ نے پریٹوریا کے واقعے میں ایک مقتول کے گزشتہ برس ہونے والی فائرنگ کے واقعے سے ممکنہ تعلق کا جائزہ لینے کا عندیہ دیا ہے۔
جنوبی افریقا میں مسلح جرائم اور اجتماعی فائرنگ کے واقعات سنگین مسئلہ بن چکے ہیں۔ اپریل سے جون 2026 کے دوران ملک بھر میں 5 ہزار 427 افراد قتل ہوئے یعنی روزانہ اوسطاً تقریباً 60 افراد جان سے گئے۔