پانچ یورپی ممالک نے غیرقانونی طور پر مقیم تارکین وطن کی بے دخلی کے لیے افریقی ملک روانڈا میں خصوصی مرکز قائم کرنے پر اتفاق کرلیا ہے جہاں یورپی یونین میں رہنے کے تمام قانونی راستے ختم ہونے والے افراد کو منتقل کیا جائے گا۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق جرمنی، ڈنمارک، آسٹریا، یونان اور نیدرلینڈز نے روانڈا کے ساتھ اس منصوبے پر شراکت داری کا اعلان کیا ہے۔
ابتدائی مرحلے میں یہ مرکز آزمائشی بنیادوں پر قائم ہوگا، جہاں بیک وقت تقریباً 100 افراد کو رکھا جاسکے گا۔ پانچوں ممالک میں سے ہر ایک تقریباً 20 افراد بھیج سکتا ہے۔
نیدرلینڈز کی حکومت کے مطابق ابتدائی مرحلے میں صرف ایسے بالغ مردوں کو روانڈا منتقل کیا جائے گا جنہیں یورپی یونین میں رہنے کا قانونی حق حاصل نہیں اور جن کے خلاف واپسی کا حتمی حکم نافذ ہوچکا ہو۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ البتہ تنہا رہ جانے والے نابالغ بچوں کو اس منصوبے سے مستثنیٰ رکھا جائے گا اور ایسے بچوں کو نیدرلینڈ میں ہی رکھا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ مرکز روایتی جیل یا حراستی مرکز نہیں ہوگا بلکہ عارضی اور کھلی رہائش گاہ ہوگی۔
وہاں منتقل کیے جانے والے افراد کو رہائش، تعلیم، روزگار، علاج اور قانونی نظام تک رسائی حاصل ہوگی۔
انہیں روانڈا میں آباد ہونے یا اپنے آبائی ملک واپس جانے کا اختیار بھی دیا جائے گا۔
پانچوں یورپی ممالک اس منصوبے کے اخراجات برداشت کریں گے اور پہلی منتقلیاں 2027 میں شروع ہونے کی توقع ہے۔
انسانی حقوق پر خدشات
ہیومن رائٹس واچ اور ایمنسٹی انٹرنیشنل سمیت مختلف اداروں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ تارکین وطن کو ایسے ملک منتقل کرنے سے ان کے بنیادی حقوق متاثر ہوسکتے ہیں جہاں انہیں سیاسی جبر، غیرقانونی حراست اور بدسلوکی کا خطرہ لاحق ہو۔
برطانیہ بھی 2022 میں غیرقانونی تارکین وطن کو روانڈا بھیجنے کا معاہدہ کرچکا تھا تاہم برطانوی سپریم کورٹ نے 2023 میں اسے غیرقانونی قرار دے دیا تھا۔ بعدازاں 2024 میں برطانیہ کی نئی حکومت نے یہ منصوبہ ختم کردیا تھا۔
یورپی ممالک کا مؤقف ہے کہ نیا منصوبہ یورپی اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق ہوگا، تاہم اس پر عمل درآمد اور تارکین وطن کے حقوق کے تحفظ سے متعلق سوالات بدستور موجود ہیں۔