حکومت اور مقتدر حلقوں کا بانی پی ٹی آئی کے خط پر ردعمل، ڈیل یا ڈھیل کا تاثر مسترد

بانی پی ٹی آئی کو ہر طرح کا ضروری علاج فراہم کیا جا رہا ہے، خط صرف عوامی جذبات سے کھیلنے کیلیے لکھا گیا ہے، حکومت


عامر الیاس رانا November 16, 2026

حکومت اور مقتدرحلقوں نے بانی پی ٹی آئی کے تازہ ترین خط کے حوالے سے کسی قسم کی ڈیل یا ڈھیل کو ٓمسترد کردیاہے۔

بانی پی ٹی آئی کے چیف جسٹسز کو خط سے ملک میں ڈیل یا ڈھیل کی نئی بحث شروع ہوگئی ہے تاہم اعلیٰ سطح کے حکومتی و ریاستی ذرائع نے کسی قسم کی ڈیل یا ڈھیل کو خارج ازامکان قرار دے دیا ہے۔

مبصرین کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے وکلاء کو علاج کیلئے خط کی بجائے ہائیکورٹ میں پٹیشن فائل کرنی چاہیے، خط لکھنے کا مقصد صرف عوامی جذبات سے کھیلنا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑنے ایکسپریس نیوز کے استفسار پر بتایاکہ بانی پی ٹی آئی کو ہر طرح کا ضروری علاج فراہم کیا جا رہا ہے، ان کے خط سے کسی ڈیل یا ڈھیل کا تاثر لینا بالکل مسترد کرتے ہیں،ایسا کچھ نہیں ہے۔

مقتدر حلقوں کا بھی کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا خط کوئی ڈیل نہیں بلکہ ان کا اپنا ایک مائنڈ سیٹ ہے،وہ شروع دن سے اسی طرح صورتحال کو اچھالنے کی کوشش کرتے رہے ہیں۔