امریکا کے بڑے بینکوں کی آن لائن سروسز میں اچانک تکنیکی خرابی کے باعث ہزاروں صارفین مشکلات کا شکار ہوگئے، جے پی مورگن چیس، بینک آف امریکا اور ویلز فارگو سمیت متعدد بینکوں کے صارفین اپنے اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کرنے میں ناکام رہے، جبکہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کا نظام بھی متاثر ہوا۔
امریکی میڈیا کے مطابق پیر کو دوپہر کے وقت صارفین نے آن لائن بینکنگ سروسز میں خرابی کی شکایات درج کرانا شروع کیں۔ ڈاؤن ڈیٹیکٹر پر چیس بینک، ویلز فارگو، یو ایس بینک اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کے پلیٹ فارم زیل سے متعلق مسائل کی اطلاعات سامنے آئیں۔ صارفین کو بینکنگ سروسز استعمال کرتے ہوئے ایرر میسیجز کا سامنا کرنا پڑا، تاہم بعض بینکوں اور زیل نے اپنے نظام کو معمول کے مطابق فعال قرار دیا۔
چیس بینک نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں تکنیکی خرابی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بینک کے اندرونی ہارڈویئر سسٹمز میں سافٹ ویئر کی خرابی کے باعث بعض خدمات متاثر ہوسکتی ہیں اور اس کے اثرات دوسرے بینکوں تک بھی پہنچنے کا امکان ہے۔
بینک کے مطابق بعض مالیاتی ٹرانزیکشنز معمول سے زیادہ وقت لے رہی ہیں، تاہم صارفین اپنے اکاؤنٹس اور رقوم تک رسائی برقرار رکھ سکتے ہیں۔
چیس بینک نے خرابی کو عارضی قرار دیتے ہوئے اسے جلد دور کرنے کے لیے کوششیں شروع کردیں اور سائبر حملے کے امکان کی تردید کی۔ دوسری جانب یو ایس بینک نے کہا کہ اس کے اپنے سسٹمز براہ راست متاثر نہیں ہوئے، تاہم زیل کے ذریعے دوسرے بینکوں میں رقوم منتقل کرنے والے صارفین کو تاخیر کا سامنا ہوسکتا ہے۔
نیٹ ورک اور انفراسٹرکچر مینجمنٹ کمپنی نیٹ باکس لیبز کے چیف ایگزیکٹو کرس بیورز نے بی بی سی سے گفتگو میں کہا کہ ان مسائل کے پیچھے کسی سازش کے بجائے پرانے ٹیکنالوجی نظام اور تیزی سے ہونے والی تبدیلیاں بنیادی عوامل ہوسکتے ہیں۔
ان کے مطابق دنیا کے کئی اہم ڈیجیٹل نیٹ ورکس 30 سے 40 سال پرانے ہیں اور دہائیوں سے جمع ہونے والے تکنیکی مسائل کے باوجود انہیں جدید تقاضوں کے مطابق تیزی سے تبدیل کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) بھی پرانے نیٹ ورکس پر دباؤ بڑھا رہی ہے، جبکہ سائبر سیکیورٹی کے خطرات کے باعث سسٹمز میں تبدیلیاں اور سافٹ ویئر اپ ڈیٹس تیزی سے کرنا پڑ رہی ہیں۔ اس عمل میں ہر نئی تبدیلی تکنیکی خرابی کا خطرہ بھی بڑھا سکتی ہے۔
کرس بیورز نے خبردار کیا کہ بینکاری، فضائی سفر، توانائی اور دیگر بنیادی شعبوں کے پرانے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر پر بڑھتے دباؤ کے باعث آنے والے مہینوں میں مزید بڑے تعطل دیکھنے میں آسکتے ہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق ابتدائی شکایات کے بعد ڈاؤن ڈیٹیکٹر پر صارفین کی جانب سے رپورٹ ہونے والے مسائل کی تعداد میں نمایاں کمی آئی ہے، تاہم بینکنگ سروسز میں تعطل کی مکمل وجوہات کا تاحال تعین نہیں ہوسکا۔