عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں ساڑھے 3 فیصد تک کمی

۔ دونوں اہم بینچ مارک خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل دوسرے ہفتے بھی کمی ریکارڈ کی گئی


ویب ڈیسک November 17, 2026
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں مزید کمی؛ (فوٹو: فائل)

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ جاری ہے، پیر کو برینٹ خام تیل کی قیمت 3.5 فیصد کمی کے بعد 92.44 ڈالر فی بیرل جبکہ امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت 3.2 فیصد کمی سے 85.72 ڈالر فی بیرل پر آگئی۔

عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کی بڑی وجہ خلیجی ممالک سے تیل کی برآمدات میں بحالی اور عالمی سطح پر رسد طلب سے زیادہ ہونے کے خدشات ہیں۔ دونوں اہم بینچ مارک خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل دوسرے ہفتے بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔

گولڈمین سیکس کے مطابق مشرق وسطیٰ کے تیل پیدا کرنے والے ممالک کی پیداوار بحال ہونے اور بلند قیمتوں کے باعث طلب میں کمی سے 2027 میں عالمی منڈی میں یومیہ 20 لاکھ بیرل تیل کی اضافی رسد متوقع ہے۔

بینک نے آئندہ سال برینٹ خام تیل کی اوسط قیمت 88 ڈالر فی بیرل رہنے اور سال کے اختتام تک 78 ڈالر تک گرنے کی پیش گوئی کی ہے۔

دوسری جانب جے پی مورگن کے تخمینے کے مطابق ستمبر میں عالمی سطح پر تیل کی رسد طلب سے یومیہ 11 لاکھ بیرل جبکہ اکتوبر میں 14 لاکھ بیرل زیادہ رہی۔