سردیوں کے موسم میں نزلہ، زکام اور کھانسی کی شکایات بڑھ جاتی ہیں، جس کے باعث لوگ ادویات اور علاج کی طرف متوجہ ہوتے ہیں۔ تاہم روزمرہ غذا میں وٹامن سی سے بھرپور پھل شامل کرنا جسم کے مدافعتی نظام کو سہارا دینے کا ایک آسان طریقہ ہوسکتا ہے۔ کینو، مالٹا اور موسمی جیسے ترش پھل اس موسم میں خاص طور پر مفید سمجھے جاتے ہیں۔
ان پھلوں میں وٹامن سی کے علاوہ مختلف اینٹی آکسیڈنٹس بھی پائے جاتے ہیں، جو جسم کو صحت مند رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ وٹامن سی نہ صرف قوتِ مدافعت کے لیے ضروری ہے بلکہ ہڈیوں، خون کی شریانوں، پٹھوں، کارٹیلیج اور جلد میں کولیجن کی تیاری میں بھی مدد دیتا ہے۔ یہ جسم میں سوزش کے عمل سے نمٹنے میں بھی کردار ادا کرتا ہے۔
ہیلتھ لائن کی رپورٹ کے مطابق مالٹے اور کینو میں وٹامن سی کے ساتھ پوٹاشیم، کولین، وٹامن اے، فائبر، فولک ایسڈ، وٹامن بی اور متعدد اینٹی آکسیڈنٹس موجود ہوتے ہیں۔ ان غذائی اجزاء کی وجہ سے یہ پھل مجموعی صحت کے لیے مفید ہیں اور جسم کے دفاعی نظام کو بہتر انداز میں کام کرنے میں مدد دے سکتے ہیں۔
دماغی صحت اور یادداشت کے لیے مفید
ترش پھلوں میں موجود فلیوونائڈز دماغی صحت کے لیے بھی فائدہ مند سمجھے جاتے ہیں۔ ایک تحقیق میں ڈچ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کے محققین نے بتایا کہ ہفتے میں چار سے آٹھ گلاس مالٹے کا جوس پینے والے افراد میں فالج کا خطرہ 24 فیصد تک کم دیکھا گیا۔ مالٹوں میں موجود فلیوونائڈز یادداشت بہتر بنانے اور الزائمر کے خطرے میں کمی سے بھی منسلک کیے جاتے ہیں۔
بینائی کی حفاظت میں مددگار
عمر بڑھنے کے ساتھ آنکھوں کی بینائی متاثر ہونے لگتی ہے، تاہم صحت مند غذا اس عمل کے اثرات کم کرنے میں مدد دے سکتی ہے۔ مالٹے اور کینو میں موجود غذائی اجزاء آنکھوں کی صحت کے لیے مفید ہیں۔ ان پھلوں کا استعمال میکولر ڈیجنریشن کے خطرے کو کم کرنے میں مددگار ہوسکتا ہے۔ یہ آنکھوں کی ایسی بیماری ہے جس میں وقت کے ساتھ مرکزی بینائی متاثر ہونے لگتی ہے اور بعض صورتوں میں شدید بصری کمزوری یا اندھے پن کا خطرہ پیدا ہوسکتا ہے۔
جلد کو صحت مند اور جوان رکھنے میں معاون
وٹامن سی کی موجودگی مالٹے کو جلد کی صحت کے لیے بھی اہم بناتی ہے۔ یہ وٹامن کولیجن کی تیاری میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے، جو جلد کی ساخت برقرار رکھنے اور زخم بھرنے کے عمل کے لیے ضروری ہے۔ 2007 میں شائع ہونے والی ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ وٹامن سی سے بھرپور غذا استعمال کرنے والے افراد کی جلد پر جھریاں نسبتاً کم ہوسکتی ہیں۔ اس لیے مالٹے اور کینو کو غذا میں شامل کرنا جلد کی صحت برقرار رکھنے میں مدد دے سکتا ہے۔
دل کی صحت کے لیے فائدہ مند
مالٹے اور کینو کا استعمال دل کی صحت کے لیے بھی مفید قرار دیا جاتا ہے۔ ماہرین کے مطابق ان پھلوں کا جوس ہائی بلڈ پریشر اور کولیسٹرول کی بلند سطح کو قابو میں رکھنے میں مدد دے سکتا ہے، جس سے دل کی بیماریوں کا خطرہ کم کرنے میں معاونت مل سکتی ہے۔
ایک تحقیق کے مطابق طویل عرصے تک مالٹے کا جوس استعمال کرنے سے جسم میں نقصان دہ کولیسٹرول کی سطح کم اور مفید کولیسٹرول کی مقدار بہتر ہوسکتی ہے۔ یوں یہ پھل متوازن غذا کا حصہ بن کر دل کی صحت برقرار رکھنے میں کردار ادا کرسکتے ہیں۔
البتہ کینو، مالٹے یا کسی دوسرے پھل کو نزلہ، زکام اور بخار کا علاج سمجھنا درست نہیں۔ وٹامن سی جسم کے مدافعتی نظام کو سہارا دیتا ہے، لیکن بیماری سے مکمل تحفظ یا علاج کی ضمانت نہیں دیتا۔