امریکی جنگی طیاروں نے ایران کے جزیرہ قشم پر پاسداران انقلاب کی میزائل لانچنگ سائٹ کو نشانہ بنایا امریکی فوجی عہدیدار نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے اسے دفاعی کارروائی قرار دیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکی فوجی عہدیدار نے بتایا کہ منگل کو کیے گئے حملے میں جنگی طیاروں نے انتہائی درست نشانہ لگانے والے ہتھیار استعمال کیے۔
ان کے بقول یہ کارروائی امریکی اہلکاروں اور فوجی اثاثوں کو نشانہ بنانے والی ایرانی جارحیت کے جواب میں کی گئی۔
ایرانی حکام نے قشم جزیرے پر امریکی حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس سے رہائشی اور تجارتی علاقوں یا اہم بنیادی ڈھانچے کو نقصان نہیں پہنچا۔
ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق جزیرے قشم کے علاقے ناریمان میں فضائی دفاعی میزائل لانچر کو نشانہ بنایا گیا۔
اس سے قبل ایرانی پاسداران انقلاب نے بحرین میں قائم عیسیٰ ایئر بیس پر امریکی ریڈار نظام کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ کارروائی ایرانی فضائی حدود کی خلاف ورزیوں کا جواب ہے۔
تاہم امریکی سینٹرل کمانڈ نے ایرانی ڈرون حملوں کا دعویٰ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بحرین کی جانب آنے والے ایرانی ڈرونز کو راستے میں روک لیا گیا اور امریکی فوجی سازوسامان کو کوئی نقصان نہیں پہنچا، نہ ہی کوئی اہلکار زخمی ہوا۔