کشتی پر ڈرون حملہ؛ ایکواڈور کے ماہی گیروں نے امریکا پر مقدمہ کردیا

ماہی گیروں نے اس واقعے کے خلاف امریکی ریاست پنسلوانیا کی وفاقی عدالت میں مقدمہ دائر کردیا


ویب ڈیسک November 17, 2026
مارچ میں گالاپاگوس جزائر کے قریب امریکی ڈرون حملے سے ان کی کشتی تباہ ہوئی تھی۔

ایکواڈور کے ماہی گیروں نے سمندر میں اپنی کشتی پر مبینہ امریکی ڈرون حملے کے خلاف امریکی حکومت پر مقدمہ دائر کرتے ہوئے 50 لاکھ ڈالر ہرجانے اور ایسے حملے بند کرنے کا مطالبہ کردیا۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ماہی گیروں کی کشتی ’’لا نیگرا فرانسسکا ڈوارٹے دوم‘‘ کو 17 مارچ 2026 کو گالاپاگوس جزائر کے قریب ایکواڈور کے خصوصی اقتصادی سمندری علاقے میں نشانہ بنایا گیا تھا۔

مبینہ امریکی حملے میں نہ صرف یہ کشتی ڈوب گئی تھی بلکہ عملے کے بعض ارکان شدید زخمی بھی ہوئے تھے۔ ماہی گیروں نے بتایا تھا کہ بارود سے لیس دو چھوٹے ڈرونز نے کشتی پر حملہ کیا۔

ماہی گیروں کے وکلا کے بقول حملے کے بعد امریکی بحریہ اور ساحلی محافظوں کے اہلکاروں نے انہیں حراست میں لیا اور بعد ازاں ایل سلواڈور منتقل کردیا جہاں انہیں کئی روز تک رکھا گیا۔

رہائی کے بعد ان ماہی گیروں نے اس واقعے کے خلاف امریکی ریاست پنسلوانیا کی وفاقی عدالت میں مقدمہ دائر کردیا جہاں وکلا نے موقف اپنایا کہ ماہی گیر منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث نہیں تھے۔

انھوں نے عدالت کو بتایا کہ حملے سے کچھ وقت پہلے ایکواڈور کی بحریہ ان ماہی گیروں کی کشتی کی تلاشی لے کر انہیں کلیئر بھی قرار دے چکی تھی۔

امریکی محکمہ دفاع پہلے اس واقعے میں ملوث ہونے کی تردید کرچکا ہے تاہم اب امریکی فوج نے ان الزامات پر مؤقف دینے کے بجائے کہا کہ جاری عدالتی کارروائی پر تبصرہ نہیں کیا جاتا۔

یاد رہے کہ یہ رواں سال ایکواڈور کی ماہی گیر کشتیوں پر ہونے والے تین پراسرار واقعات میں سے ایک ہے۔

واشنگٹن پوسٹ نے اپنی تحقیقات میں ان حملوں کا ممکنہ تعلق امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کے ایک خفیہ پروگرام سے جوڑا تھا تاہم اس معاملے کی مکمل تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔