لاہور:
محکمہ داخلہ پنجاب کے چیریٹیز کمیشن میں دینی مدارس کی رجسٹریشن جاری ہے، مدارس کی راہنمائی اور رجسٹریشن میں سہولت کے لیے خصوصی مدارس رجسٹریشن ڈیسک قائم کی گئی ہے۔
مدارس کی رجسٹریشن پنجاب چیریٹیز کمیشن کے آن لائن پورٹل پر آسان اور تیز ترین انداز میں کی جا رہی ہے۔
مدارس کی رجسٹریشن آسان اور شفاف طریقہ کار کے مطابق اپلائی کرنے کے صرف 7 دن کے اندر کی جا رہی ہے۔
ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ریلیجئس ایجوکیشن یا سوسائٹیز رجسٹریشن ایکٹ کے تحت رجسٹرڈ تمام مدارس کی رجسٹریشن جاری ہے۔ رجسٹریشن کی بدولت چیریٹی سے متعلق قانونی و انتظامی تقاضوں اور بینک اکاؤنٹ بارے معاملات میں سہولت ملے گی۔
پنجاب چیریٹیز کمیشن سے رجسٹریشن کے بعد مدارس اپنے نام پر بآسانی بینک اکاؤنٹ کھول سکتے ہیں۔ رجسٹریشن کی بدولت عطیہ دینے والوں کا اعتماد اور شفافیت یقینی بنائی جا رہی ہے۔ پنجاب چیریٹیز کمیشن میں مدارس کی رجسٹریشن کا عمل 24/7 جاری ہے۔
محکمہ داخلہ نے دینی مدارس کی رجسٹریشن بارے تفصیلات بھی جاری کر دیں، رجسٹریشن کے لیے اب تک 68 دینی مدارس نے سائن اَپ مکمل کر لیا جبکہ 24 دینی مدارس نے رجسٹریشن کیلئے تمام ڈیٹا جمع کروا دیا۔ پنجاب چیریٹیز کمیشن نے 19 دینی مدارس کو رجسٹریشن سرٹیفکیٹس بھی جاری کر دیے۔
حکومتِ پنجاب کی ہدایت پر پنجاب چیریٹیز کمیشن تمام دینی مدارس سے رابطہ رکھے ہوئے ہے۔
اعدادوشمار کے مطابق ٹیلی فون کالز کے ذریعے 2ہزار 756 دینی مدارس تک رسائی حاصل کی گئی جبکہ ایس ایم ایس کے ذریعے ایک ہزار 646 دینی مدارس سے رابطہ کیا گیا۔ اسی طرح دینی مدارس کے ساتھ بالمشافہ رابطے کے لیے 31 اجلاس اور دورے کیے گئے۔
دارالعلوم جامعہ نعیمیہ، دارالعلوم محمدیہ غوثیہ بھیرہ شریف، جامعہ الرشید لاہور کیمپس، رابطۃ المدارس الاسلامیہ پاکستان، جامعہ علوم الشریعہ، معہد الفاروق الاسلامی، مدرسہ جامعہ ضیاء العلوم، دارالعلوم جامعہ حنفیہ غوثیہ، مدرسہ نور الاسلام رحیمیہ، جامعہ عربیہ اسلامیہ، مدرسہ صوفی ای باصفا نعیمیہ و دیگر کی رجسٹریشن مکمل کر لی گئی ہے۔
پنجاب چیریٹیز کمیشن نے مدارس کی رجسٹریشن کے عمل کو آسان اور مربوط بنایا ہے۔ پنجاب بھر میں قائم مدارس چیریٹیز کمیشن میں آن لائن رجسٹریشن کروائیں۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق آن لائن رجسٹریشن کے لیے ابھی ویب سائٹ www.charitycommission.punjab.gov.pk وزٹ کریں۔