پی پی جمہوریت کی دعوے دار ہے تو ریفرنڈم میں ہچکچاہٹ کیوں؟ طارق فضل

عوام کو بولنے دیں، ان کی رائے کا احترام کریں اور جو فیصلہ عوام دیں اسے تسلیم کریں یہی جمہوری رویہ ہے


ویب ڈیسک November 18, 2026

اسلام آباد:

وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی جمہوریت اور آئین کی بالادستی کی دعوے دار ہے تو پھر نئے صوبوں کے معاملے میں عوام سے رائے لینے میں ہچکچاہٹ کیوں؟

سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر پوسٹ میں انہوں نے لکھا کہ سعید غنی صاحب کا مؤقف سنا، میرا سوال نہایت سادہ اور اصولی ہے اگر عوام اپنے مستقبل، بہتر سہولیات اور مؤثر گورننس کے حوالے سے اپنی رائے دینا چاہتے ہیں تو انہیں اس حق سے محروم کیوں رکھا جا رہا ہے؟ عوامی رائے سامنے آنے سے پہلے ہی فیصلہ مسلط کرنے کی کیا ضرورت ہے؟

طارق فضل نے کہا کہ ریفرنڈم کوئی غیر آئینی مطالبہ نہیں بلکہ آئین میں موجود ایک جمہوری راستہ ہے، پیپلز پارٹی بھی جمہوریت اور آئین کی بالادستی کی دعوے دار ہے، تو پھر عوام سے رائے لینے میں ہچکچاہٹ کیوں؟

ان کا مزید کہنا تھا کہ جمہوریت کا حسن یہی ہے کہ فیصلے عوام کی خواہشات اور امنگوں کے مطابق ہوں نہ کہ عوام کی رائے کے بغیر، عوام کو بولنے دیں، ان کی رائے کا احترام کریں اور جو فیصلہ عوام دیں اسے تسلیم کریں یہی جمہوری رویہ ہے اور یہی عوامی سیاست کا تقاضا ہے۔