الیکشن کمیشن کا 13 یونیورسٹیز کے ساتھ کنسورشیم کا قیام، مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

ای سی پی اور تعلیمی و تحقیقی اداروں کا یہ اقدام کے ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے


ویب ڈیسک November 19, 2026
ٹیمیز 7 روز میں تصدیق کا کام مکمل کریں گی::فوٹو:فائل

اسلام آباد:

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 13 یونیورسٹیوں کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کر کے کنسورشیم کا باضابطہ آغاز کر دیا۔

الیکشن کمیشن اور پاکستان کے تعلیمی و تحقیقی اداروں  کا یہ اقدام کے ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے، جس کا مقصد انتخابی عمل میں تحقیق کا فروغ، اور سیاسی عمل میں جمہوری شعور  کو اجاگر کرنے کیلےتمام طبقات کی شمولیت کو یقینی بنانا ہے۔

 مفاہمتی یاداشتوں کی تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے نثار احمد درانی،  ممبر الیکشن کمیشن  نے جمہوری اقدار کے فروغ، باخبر معاشرے کی تشکیل اور نوجوانوں کی انتخابی عمل میں شمولیت کے حوالے سے تعلیمی اداروں اور یوتھ  کے اہم کردار پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ کنسورشیم انتخابی امور میں علمی و تحقیقی مہارتوں کو استعمال کرتے ہوئے، تحقیق و جدت کو فروغ دینے اور شواہد پر مبنی انتخابی مسائل کے حل کی  تلاش کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم ثابت ہوگا اور اس پلیٹ فارم سے انتخابی نظام میں جدت کیلے تحقیق اور تجاویز پر بھی غور ہوگا۔

اس تین سالہ شراکت داری کے دوران الیکشن کمیشن اور شریک یونیورسٹیاں تحقیق، علمی مہارت کے تبادلے، نوجوانوں کی انتخابی عمل  میں شمولیت کے شعور اور آگاہی کے لیے مختلف اقدامات پر تعاون کریں گے۔ ان اقدامات میں اسٹوڈنٹ ایمبیسیڈر شپ پروگرام، انٹرن شپ کے مواقع اور یونیورسٹیوں میں نمائشی پول   (Mock Poll)کا انعقاد شامل ہے

اس کنسورشیم کے تحت یونیورسٹیز  اور الیکشن کمیشن کے درمیان پائیدار شراکت داری قائم ہوگی، ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کلچرسے پالیسی سازی کو فروغ ملے گا، اداروں کی استعداد کار کو مزید بہتر کیا جائے گا اور قانونی اورانتخابی عمل سے واقف نوجوان قیادت تیارکی جائےگی ۔

الیکشن کمیشن کا یونیورسٹیوں کے ساتھ اشتراک مزید مستحکم بنایا جائے گا تاکہ پاکستان میں ایک باخبر، جامع ، شفاف اور تمام طبقات کی شمولیت پر مشتمل انتخابی نظام کے فروغ میں بھی معاونت حاصل ہو۔