پشاور:
حیات آباد میڈیکل کمپلیکس (ایچ ایم سی) کے طبی ماہرین کی متعدی بیماریوں اور برن سرجری سے متعلق دو اہم تحقیقات بین الاقوامی طبی جرائد میں شائع ہوگئیں۔
ملیریا سے متعلق تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ اس مرض کے 43.2 فیصد مریض دیگر متعدی بیماریوں کا بھی شکار تھے جبکہ 22.2 فیصد مریضوں میں ڈینگی کی بھی تشخیص ہوئی۔
تحقیق کے دوران بخار میں مبتلا 5 ہزار 22 مریضوں کی اسکریننگ کی گئی جن میں سے 81 افراد میں ملیریا کی تصدیق ہوئی۔ طبی ماہرین کے مطابق ملیریا کے مریضوں میں ڈینگی، چکن گونیا اور ٹائیفائیڈ کی تشخیص بھی ضروری ہے۔
ملیریا سے متعلق یہ تحقیق بین الاقوامی طبی جریدے جے سی پی ایس پی میں شائع ہوئی ہے اور پب میڈ میں بھی شامل ہے۔
دوسری تحقیق میں حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں جلنے سے متاثرہ ہاتھوں کی سرجری کے نتائج کو حوصلہ افزا قرار دیا گیا ہے۔ تحقیق میں 177 مریضوں کا جائزہ لیا گیا، جن میں سے صرف 7.3 فیصد میں جلد کی پیوندکاری جزوی طور پر ناکام ہوئی، جبکہ کسی مریض میں مکمل گرافٹ ضائع ہونے کی شکایت سامنے نہیں آئی۔
تحقیق کے مطابق صرف 4.5 فیصد مریضوں کو تین ماہ کے دوران ہاتھ یا انگلیوں کے دوبارہ سکڑاؤ کا سامنا کرنا پڑا۔
محققین کے مطابق سرجری کے ساتھ اسپلنٹنگ اور فزیوتھراپی ہاتھوں کی بحالی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ یہ تحقیق پاکستان جرنل آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز میں شائع ہوئی ہے۔
حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے ماہرین کی یہ تحقیقی کامیابیاں خیبر پختونخوا میں طبی تحقیق کے فروغ کی اہم مثال قرار دی جارہی ہیں۔