بھارتی فاسٹ بولر محمد سراج کو نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کی پلیئنگ الیون سے باہر رکھنے کے فیصلے نے ٹیم مینجمنٹ کی حکمت عملی پر کئی سوالات کھڑے کردیے ہیں۔
ویلنگٹن میں 19 نومبر سے شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میں بھارت نے چار فاسٹ بولرز کو شامل کیا تاہم سراج کی جگہ جسپریت بمراہ، آکاش دیپ، پراسیدھ کرشنا اور انشول کمبوج کو ترجیح دی گئی۔
سراج نے گزشتہ سال انگلینڈ کے خلاف اوول ٹیسٹ میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے میچ میں 9 وکٹیں حاصل کی تھیں جس کے بعد انہیں بھارتی پیس اٹیک کا اہم رکن سمجھا جانے لگا تھا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سراج کی ٹیم میں حیثیت اس وقت غیر یقینی ہوئی جب انہوں نے افغانستان کے خلاف ٹیسٹ کے بعد آئرلینڈ کے دورے سے آرام مانگا۔
بعد ازاں ورک لوڈ مینجمنٹ کے تحت انہیں آئرلینڈ اور انگلینڈ کے ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ سے بھی باہر کردیا گیا۔
سراج کو ٹیم سے ڈراپ کرنے پر روی شاستری، سنیل گواسکر اور سابق کپتان محمد اظہرالدین نے حیرت کا اظہار کیا۔ اظہرالدین نے کہا کہ سراج بہتر سلوک کے مستحق ہیں۔
دوسری جانب بھارتی بیٹنگ کوچ سیتانشو کوٹک نے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم نے پانچ روزہ ٹیسٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے بہترین کمبی نیشن منتخب کیا ہے۔