یورپی فٹبال کی گورننگ باڈی یوئیفا نے اسپین کے خلاف نیشنز لیگ میچ میں کیتھولک مخالف اور آئرش مخالف نعرے بازی پر انگلینڈ فٹبال ایسوسی ایشن کو سزا سنا دی۔
برطانوی میڈیا کے مطابق یوئیفا نے انگلینڈ فٹبال ایسوسی ایشن پر 15 ہزار یورو (تقریباً 45 لاکھ 57 ہزار پاکستانی روپے) جرمانہ عائد کرنے کے ساتھ مہمان شائقین پر ایک میچ کی معطل پابندی بھی لگادی ہے۔
رپورٹس کے مطابق انگلینڈ کے شائقین کی جانب سے مذہبی، نسل پرستانہ اور امتیازی رویے کے زمرے میں آنے والے نعرے لگائے گئے تھے جنہیں کیتھولک اور آئرش مخالف قرار دیا گیا۔
انگلینڈ فٹبال ایسوسی ایشن کے ترجمان نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے ناقابل قبول اور توہین آمیز رویے کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ حکام پولیس کے تعاون سے ملوث افراد کی شناخت کرکے ضروری کارروائی کریں گے۔
یوئیفا کے مطابق اگر اگلے دو سال کے دوران انگلینڈ کے شائقین نے دوبارہ ایسی خلاف ورزی کی تو ایک میچ کے لیے مہمان تماشائیوں کے اسٹیڈیم آنے پر پابندی نافذ ہوجائے گی۔
واضح رہے کہ انگلینڈ نے اس میچ میں اسپین کو 2-3 سے شکست دے کر اس کی مسلسل 43 میچوں کی ناقابل شکست رہنے کی مہم ختم کردی تھی اور گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔