شمالی آئرلینڈ کے ایک اسکول نے ویڈیو گیم ’گرینڈ تھیفٹ آٹو 6‘ (جی ٹی اے 6) کھیلنے کے لیے طلبا کی اسکول سے غیر حاضری روکنے کی خاطر انعامی پیشکش متعارف کرادی۔
بیلفاسٹ بوائز ماڈل اسکول کی انتظامیہ کے مطابق جمعرات کو (یعنی گیم کی ریلیز کے روز) اسکول آنے والے طلبا کو قرعہ اندازی میں شامل کیا گیا جس کے ذریعے دو خوش نصیب طلبا کو ایک، ایک 91.76 ڈالر مالیت کے ایکس باکس یا پلے اسٹیشن اسٹور کے گفٹ کارڈز دیے گئے۔
اسکول انتظامیہ نے اس سے قبل والدین کو خط بھی ارسال کیا تھا، جس میں بتایا گیا کہ گیم کی ریلیز کی تاریخ گیارہویں اور بارہویں جماعت کے طلبا کے ریاضی کے جی سی ایس ای امتحانات سے مطابقت رکھتی ہے۔
خط میں انتظامیہ نے لکھا کہ جی ٹی اے جیسے گیمز کھیلنے کی سرگرمیاں ہفتے کے اختتام تک مؤخر کی جا سکتی ہیں۔
اسکول کی پرنسپل میری مونٹگمری نے بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خط بھیجنے کا بنیادی مقصد طلبا کو اسکول آنے اور اپنی بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے تیار رہنے کی ترغیب دینا تھا۔