باقیؔ صدیقی کا ایک شعر نذرِ قارئین ہے ؎
ہر نئے حادثے پر حیرانی
پہلے ہوتی تھی‘ اب نہیں ہوتی
جب کوئی حادثات کا عادی ہو جائے، تو حیرانی اور پشیمانی بھی بے بس ہوجاتی ہے۔ اس کے سوا کوئی چارہ نہیں رہتا، اور کوئی سہارا بھی نہیں رہتا۔ یہ بھی کہہ سکتے ہیںکہ پہلے پہل کسی حادثے پر معالات اور واقعات عجیب سے لگتے ہیں، اور پھر حیرانی اور پشیمانی طاق پر رکھی دکھائی دیتی ہیں۔ قابلؔاجمیری کا ایک شعر بھی نذرِ قارئین ہے ؎
زمانہ دوست ہے‘ کس کس کو یاد رکھو گے
خدا کرے کہ تمہیں مجھ سے دُشمنی ہو جائے
زمانہ ہو یا فسانہ، دوستی اور دشمنی کے رُوپ بدلتے رہتے ہیں۔ دوست کا پتہ نہیں چلتا، کب وہ وار کر جائے۔ اُس کے اندر کی نفرت کے بارے میں کچھ بھی نہیںکہا سکتا۔ یہ لوگ گیلی لکڑی کی طرح ہوتے ہیں۔ اور ان کے کئی چہرے پر ایک سے بڑھ کر ایک چہرہ ہوتا ہے۔ البتہ دشمن کے بارے میں ایسا نہیں کہہ سکتے۔ اور دُشمن کا ایک ہی چہرہ ہوتا ہے۔ معین احسن جذبی ؔ کا ایک شعر بھی یاد آیا۔
جو آگ لگائی تھی تم نے‘ اس کو بجھایا اشکوں نے
جو اشکوں نے بھڑکائی ہے اس آگ کو ٹھنڈا کون کرے
دوستو! دُھواں کہیں سے بھی اُٹھے، ماحول کو آلودہ کرنے لگتا ہے۔ یہ درست کہ آگ سب کچھ راکھ کر جاتی ہے، لیکن یادیں، اور باتیں اور چمکنے لگتی ہیں۔ ہماری سیاست میں، اپنوں اور غیروںکی ماری سیاست میں، چمک کی رُوداد اور ُواردات کا ایک سے بڑھ کر ایک بڑھ واقعہ ملتا ہے۔ اور کئی اس کے چشم دید بھی رہے ہیں۔
مجھے کہنے دیجیے! آزادی کے بعد سے ہی یہ سلسلہ چل پڑا تھا۔ معاف کیجئے گا! جوہمارے سیاست دان آج کر رہے ہیں، ماضی میںبھی ایسا کرتے تھے۔ اور مستقبل میں ایسا ہی نظر آرہا ہے۔ ہم اکثر کرتے ہیں کہ موروثی سیاست ان حالات اور واقعات کی سب سے بڑی وجہ ہے۔
بے شک! تحریک انصاف کے بانی چیئر مین کی سوچ مختلف ہے۔ لیکن یہ بات باقی رہنماؤںکے بارے میں نہیں کہہ سکتے ہیں۔ بلکہ یہ رہنما آپس روز لڑ رہے ہوتے ہیں۔ ’’تم قتل کر ہو، کہ کرامات کرے ہو‘‘۔ واہ رے سیاست، قاتل اور مقتول ایک ہی صف میں کھڑے ہوتے ہیں۔
باری علیگ اپنی تاریخ ساز کتاب ’’کمپنی کی حکومت‘‘ میں ’’پنجاب پر قبضہ‘‘ کے باب میں لکھتے ہیںکہ ’’1839 میں مہاراجہ رنجیت سنگھ نے وفات پائی۔ اس کی وفات پر پنجاب کی وہی حالت ہوئی جو اس کی پیدائش کے وقت تھی۔
ملک میں بدامنی اور نراج کا دور دورہ ہو گیا۔ انگریز ان حالات سے واقف ہو چکے تھے، کیو نکہ یہ بدامنی اور نراج ان ہی کی حکمت ِ عملی کا نتیجہ تھے۔ ’’ہندوستان کا برطانوی دوست‘‘ اور مکتوب ِ ولنگٹن کے مطالعہ سے ان سازشوں کا اچھی طرح سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔
1844 کو لارڈہار ڈنگ کو ہندوستان کا گورنر جنرل بنا کر بھیجا گیا۔ لارڈہار ڈنگ چونکہ پنجاب پر قبضہ کرنا چاہتا تھا، اس لیے اس نے لدھیانہ اور فیروز پور میںاپنی فوجی طاقت کو مضبوط کرنا شروع کر دیا۔ دربارِ پنجاب میں سازشوں کا جال بجھایا جا چکا تھا۔
خالصہ کا وزیراعظم لال سنگھ اپنی ذمے داروں سے غافل تھا۔ خالصہ فوج کا کماندارِ تیج سنگھ زر اور دولت کے لیے اپنی تلوار کو نیام میں کرنے کے لیے ہر وقت تیار تھا۔ پہاڑی علاقوںکے راجپوت سردار خالصہ راج کو ختم کرنے میں کوشاں تھے۔
وزیر اعظم کی غفلت، کماندار کی زر پرستی اور پہاڑی راجپوتوں کی غداریاں، خالصہ راج کے خاتمہ کے اسباب ہیں۔ کمپنی نے معاہدہ کی خلاف ورزی میں کوئی کسرنہ اُٹھا رکھی۔ کمپنی کے طرزِ عمل نے خالصہ دربار کو مجبور کر دیا کہ اس کی فوجیں دریائے ستلج کو عبور کریں۔
انگریز نہ صرف اعلیٰ پیمانے پر جنگی تیاریوں میں مصروف تھے بلکہ اُنھوں نے دربارِ لاہور میں سازشوں کا جال بھی بچھا رکھا تھا… گورنر جنرل لارڈہار ڈنگ 1846ء میں لاہور پہنچا۔ پنجاب کی پہلی جنگ کا خاتمہ ایک جدید معاہدہ سے ہوا۔ اس معاہدہ کی رو سے دلیپ سنگھ کو راجہ اور رانی جنداں کو کو سرپرست اور لال سنگھ کو وزیر تسلیم کیا گیا‘‘۔ دحشتؔ کلکتوی نے بھی کیا خوب کہا ہے۔
کچھ سمجھ کر ہی ہوا ہوںموجِ دریا کا حریف
ورنہ میں بھی جانتا تھا عافیت ساحل میں ہے
جو لوگ ساحل پر ڈوب جائیں، اُن پر کیا گزرے گی۔ سب سے بڑھ کر جو لوگ انہیں دیکھ رہے ہوتے ہیں ان پر کیا گزرے گی۔ آپس کی بات ہے کہ لوگ تو چلّو بھر پانی میں ڈوب جاتے ہیں۔ بات چل نکلی ہے کہ یہ بھی عرض کرتے چلیں کہ لوگ تو آنکھوں میں ڈوب جاتے ہیں۔
آج کے ریفرنس میں ہم بابائے سوشلزم شیخ محمد رشید کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔ ’’وہ 24 مئی 1915 کو موضع کلال والاضلع شیخوپورہ کے ایک کسان گھرانے میں پیدا ہوئے تھے۔ ابتدائی تعلیم کے بعد 1940میںاُنھوںنے آل انڈیا مسلم لیگ کے پلیٹ فارم سے اپنی سیاسی زندگی کا آغاز کیا اور ضلعی سیکریڑی کے عہدے پر فائز ہوئے۔
1947 میں شیخ محمد رشید نے خضر وزارت کے خلاف تحریک چلائی، جس کی بناپر اُنہیں قیدوبند کی صعوبت برداشت کرنا پڑی۔ 1950 میںاُنھوں نے مسلم لیگ سے علیحدگی اختیار کی اور آزاد پاکستان پارٹی میں شامل ہو گئے۔
شیخ محمد رشید نے 1967 میں ذوالفقار علی بھٹو کے قیادت پاکستان پیپلز پارٹی کے بنیاد رکھی اور 1968میں فیلڈ مارشل اول ایوب خان کے خلاف احتجاحی تحریک میں فعال کر دار ادا کیا۔ 1970کے عام انتخابات میں پاکستان پیپلزپارٹی کی ٹکٹ پر لاہور سے قومی اسمبلی کے رُکن منتخب ہوئے اور جب 1971 میں پاکستان پیپلز پارٹی کی پہلی حکومت قائم ہوئی تو شیخ محمد رشید وزیر صحت و خوراک اور لینڈ ریفامز کمیشن کا چیئرمن مقرر کیا گیا۔
اُس دورِ حکومت میں اُنھوں نے زرعی اصلاحات اور دواؤں کے جنرک سسٹم کے نفاذ سے کافی شہرت پائی۔ زرعی اصلاحات کے ذریعے پاکستان کے بڑے بڑے جاگیر داروں سے لاکھوں ایکڑ زمینیں واپس لے لی گئیں جب کہ جنرک سسٹم کے نفاذ سے دواؤں کی قیمتوں میںکسی سو گنا کمی آگئی۔
اگر چہ دواساز اداروں کے دباؤ کی وجہ سے جنرک سسٹم واپس لے لیا گیا مگر شیخ محمد رشید اپنی زندگی کے آخری لمحوں تک اس کے نفاذ کا مطالبہ کرتے رہے۔ 1977 میں ذوالفقار علی بھٹو کی گرفتاری کے بعد اُنھوں نے کچھ عرصہ تک قائم مقام چیئرمین کے طور پر کام کیا۔
وہ پارٹی قیادت اور اس کی پالیسیوں پر کھل کر نکتہ چینی کرتے رہے۔ مگرشیخ محمد رشید نے آخری دم تک پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ اپنا ساتھ نبھایا۔ 1988 میں اُنھوں نے آخری مرتبہ لاہور سے قومی اسمبلی کی نشست پر انتخاب لڑا مگر اس مرتبہ وہ کامیاب نہ ہو سکے۔ شیخ محمد رشید کی سوانح عمری ’’جہد مسلسل‘‘ کے نام سے اشاعت پذیر ہو چکی ہے۔ 12 ستمبر 2002 کو غریبوں کا یہ دوست لاہور میں اپنے خدا کے پاس چلا گیا۔ وہ لاہور ہی کے شادمان کے قبر ستان میںآسودۂ خاک ہیں‘‘۔