تصور کیجیے، ایک شخص صبح آنکھ کھولتے ہی موبائل اٹھاتا ہے۔ چند منٹ میں وہ تازہ خبر، کسی سیاسی رہنما کا بیان، جنگ کی ویڈیو، روپے کی قدر میں کمی، کسی حادثے کی تصویر، اور ایک درجن تجزیوں سے گزر چکا ہوتا ہے۔ اسے لگتا ہے کہ وہ دنیا کے ہر اہم واقعے سے واقف ہے لیکن اگر اس سے پوچھا جائے کہ ان خبروں میں سے کتنی درست تھیں، کتنی مکمل تھیں، کتنی کا پس منظر اسے معلوم ہے اور کتنی محض کسی کی رائے یا مفاد کا اظہار تھیں، تو شاید اس کے پاس کوئی واضح جواب نہ ہو۔
یہ ہمارے عہد کا ایک عجیب تضاد ہے۔ ہم تاریخ کے سب سے زیادہ اطلاعاتی دور میں رہتے ہیں لیکن کیا ہم واقعی پہلے سے زیادہ باخبر ہیں؟ یا معلومات کے اس بے انتہا سیلاب میں ہماری سوچ، تجزیے اور حقیقت کو پہچاننے کی صلاحیت کہیں بہہ گئی ہے؟
خبر،شور اور افواہ کے درمیان فرق ہمیشہ موجود رہا ہے مگر آج یہ فرق پہچاننا پہلے سے کہیں زیادہ مشکل ہو چکا ہے۔ آج ایک خبر چند سیکنڈ میں دنیا کے کروڑوں لوگوں تک پہنچ سکتی ہے۔ مگر ا تصدیق، تحقیق اور خبر کے پس منظر کوپس پشت ڈال دیا گیا ہے۔ اب خبر پہلے پہنچانے کی دوڑ میں خبر کی حقیقت، صحت اور مکمل ہونے کا سوال بعض اوقات پیچھے رہ جاتا ہے۔
باخبر انسان صرف یہ نہیں جانتا کہ کیا ہوا، بلکہ یہ بھی جاننے کی کوشش کرتا ہے کہ کیوں ہوا، اس کے اسباب کیا تھے، اس کے اثرات کیا ہوں گے اور اسے بیان کرنے والے ذرائع کتنے معتبر ہیں۔ معلومات کا حصول آسان ہو سکتا ہے مگر معلومات کو شعور میں تبدیل کرنا ایک فکری عمل ہے۔
بدقسمتی سے آج خبر کا ایک بڑا حصہ سنجیدہ معلومات کے بجائے توجہ حاصل کرنے کی دوڑ میں استعمال ہو رہا ہے۔ سرخی ایسی ہو جو قاری کو چونکا دے، ویڈیو ایسی ہو جو جذبات کو بھڑکا دے، تبصرہ ایسا ہو جو اختلاف اور تنازع پیدا کرے۔
بعض اوقات خبر کی اہمیت اس کے عوامی اثرات سے زیادہ اس بات سے طے ہوتی ہے کہ وہ کتنے ویوز، کتنے کلکس اور کتنی بحث پیدا کر سکتی ہے۔ہم نے خبروں کو دیکھنے اور سننے کے ساتھ ساتھ انھیں ایک تماشے کی شکل میں قبول کرنا بھی شروع کر دیا ہے۔
سوشل میڈیا نے اس صورت حال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔ یہ ایک غیرمعمولی ذریعہ ہے جس نے عام شہری کو بھی اظہار، معلومات کے تبادلے اور عوامی مباحثے کا موقع فراہم کیا لیکن اس کے ساتھ ایک ایسا ماحول بھی پیدا ہوا جہاں ہر شخص جو چاہے کہہ سکتا ہے، مگر ہر تصدیق اور ذمے داری کے اصولوں کا پابند نہیں ہے۔
مصنوعی ذہانت نے اس چیلنج کو مزید بڑھا دیا ہے۔ حقیقت سے مشابہ تصاویر، جعلی ویڈیوز، مصنوعی آوازیں اور فرضی واقعات اب زیادہ آسانی سے تیار کیے جا سکتے ہیں۔ آنے والے وقت میں کسی ویڈیو کو دیکھ کر صرف یہ فیصلہ کرنا کہ وہ حقیقی ہے یا جعلی، ایک عام شہری کے لیے مزید مشکل ہو سکتا ہے۔
اس صورت حال میں صحافت کی اہمیت کم نہیں، بلکہ بڑھ جاتی ہے۔ اگر ٹیکنالوجی کو غلط استعمال کر کے جھوٹ کو حقیقت کے قریب لایا جا سکتا ہے یا لایا جا رہا ہے تو صحافت کی اصل ذمے داری حقیقت کی تصدیق، تحقیق، پس منظر اور جواب دہی کو یقینی بنانا ہے۔
صحافت محض کسی بیان کو نشر کرنے یا کسی واقعے کی تصویر دکھانے کا نام نہیں۔ صحافت کا کام سوال اٹھانا، حقائق کی جانچ کرنا، مختلف مؤقف سامنے لانا، اقتدار اور اداروں کی جواب دہی کو یقینی بنانا اور عوام کو ایسی معلومات فراہم کرنا ہے جن کی بنیاد پر وہ اپنی رائے قائم کر سکیں۔
خبر اور رائے میں فرق، تحقیق اور قیاس میں فرق، تنقید اور الزام میں فرق اور آزادی اور غیرذمے داری میں فرق واضح کرنا آج پہلے سے کہیں زیادہ ضروری ہے۔
لیکن اس ذمے داری کا بوجھ صرف صحافیوں پر نہیں ڈالا جا سکتا۔ قارئین، ناظرین اور سوشل میڈیا صارفین بھی اس ماحول کا حصہ ہیں۔ مسلسل موبائل اسکرین دیکھنا، ہر چند منٹ بعد نوٹیفکیشن چیک کرنا اور ہر سیاسی یا سماجی تنازع میں فوری طور پر اپنی رائے دینا ہمیں باخبر یا ذہین شخص نہیں بناتا۔
ہمیں معلومات کے انتخاب، ان کے تجزیے اور ان سے حاصل ہونے والے شعور کی ضرورت ہے۔ آج ہمیں خبروں سے دور ہونے کی نہیں، خبروں کے شوراور افواہوں کے بازار سے نکلنے کی ضرورت ہے۔ ہمیں اطلاعات کی فراوانی میں حقیقت تلاش کرنا، سنسنی میں سنجیدگی کو پہچاننا اور فوری ردعمل کے بجائے سوچنے کی عادت پیدا کرنا ہوگی۔ ورنہ ایک دن ایسا بھی آ سکتا ہے کہ ہم دنیا کے ہر واقعے سے واقف ہونے کا دعویٰ کریں، لیکن اپنے معاشرے، اپنے مسائل اور اپنے مستقبل کے بارے میں حقیقی شعور سے محروم ہوں۔
سوال یہ نہیں کہ ہمارے پاس معلومات کتنی ہیں۔ سوال یہ ہے کہ ان معلومات یا اطلاعات نے ہمارے اندر کتنا شعور پیدا کیا ہے؟ کیونکہ اطلاعات ومعلومات کا مسلسل دیکھنا باخبر ہونے کی ضمانت نہیں، اور معلومات کا ہجوم اگر سوچنے کی صلاحیت کو کمزور کر دے تو یہ فراوانی بھی ایک طرح کی فکری محرومی بن جاتی ہے۔