کیا حسینہ کو مودی سرکار پھانسی سے بچا پائے گی؟

حسینہ نے اب شاید بھارتی مشورے پر دسمبر میں بنگلا دیش واپسی کا عندیہ دیا ہے


عثمان دموہی November 22, 2026

بنگلا دیش میں ایک خصوصی عدالت حسینہ واجد کو موت کی سزا دینے کا فیصلہ دے چکی ہے۔ اس عدالتی حکم پر عمل درآمد کے لیے بنگلا دیشی حکومت اسے بار بار بھارت سے طلب کر رہی ہے مگر حسینہ ڈری ہوئی ہے کہ وہ اگر وہاں گئی تو اسے پھانسی پر لٹکا دیا جائے گا کیونکہ ان پر سیکڑوں افراد کی قتل کا مقدمہ جس میں انھیں سزائے موت سنائی جا چکی ہے ہے۔

حسینہ نے اب شاید بھارتی مشورے پر دسمبر میں بنگلا دیش واپسی کا عندیہ دیا ہے۔ مودی حکومت نے بنگلا دیش حکومت کو کہا ہے کہ وہ اسے بنگلا دیش لے جانے کے لیے فوجی جہاز بھیجے اور وہاں اسے اپنی سزا کے خلاف صفائی کا موقع فراہم کرے۔

بنگلا دیشی حکومت نے بھارت کی ان شرائط کو ماننے سے انکار کیا ہے کیونکہ اب فیصلہ بدلا نہیں جا سکتا۔ اس نے تو حسینہ کی پاسپورٹ جاری کرنے کی درخواست بھی روک دی ہے۔ مودی نے لگتا ہے حسینہ کو اس لیے بنگلا دیش کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ اب وہ اس کے کام کی نہیں رہی ہے۔ اس کی وجہ سے بنگلا دیش اس سے مسلسل دور ہو رہا ہے اور پاکستان کے قریب جا رہا ہے چنانچہ اب اس کا بھارت میں رہنا اس کے مفادات کو نقصان پہنچا رہا ہے۔

اس میں شک نہیں کہ حسینہ اپنے 15 سالہ دور میں مسلسل بھارت کے مفاد کے لیے کام کرتی رہی لیکن اب اسے کیا کہا جائے کہ بھارت نوازوں کا ہمیشہ ایسا ہی انجام ہوتا چلا آیا ہے۔ مجیب الرحمان بھی بھارت کا حامی اور اتحادی بنا رہا۔

1971 میں جب پاکستان دولخت ہوا تو مجیب الرحمان کے بھارتی ایجنٹ ہونے میں کوئی شک باقی نہ رہا۔ بنگلا دیش بننے کے بعد اس کا پورا خاندان بھارتی سرپرستی میں پھلتا پھولتا رہا مگر وہاں کے عوام بھارتی بالادستی کو قبول نہ کر سکے اور شاید اسی لیے مجیب اور اس کے خاندان کے کئی افراد بنگلہ دیشی فوجیوں کے ہاتھوں مارے گئے۔

مجیب کی حکومت کے بعد بنگلا دیش میں کئی حکومتیں بنیں اور بگڑیں مگر چاہے جنرل ارشاد کی حکومت ہو یا جنرل ضیا الحق کی حکومت وہ بھارت کے ڈکٹیشن پر چلنے کو تیار نہیں تھیں چنانچہ پاکستان سے تعلق رکھنے کی وجہ سے ان حکومتوں کی بساط لپیٹ دی گئی۔

جنرل ضیا الرحمن کی شہادت کے بعد ان کی بیگم خالدہ ضیا نے اقتدار سنبھالا۔ ان کے دور میں پاکستان سے مثالی تعلقات قائم رہے، وہ بھارت کے منع کرنے کے بعد بھی پاکستان کے دورے پر آئیں اور انھوں نے یہاں آ کر متحدہ پاکستان کے زمانے کی یادوں کو تازہ کیا۔

ان کے شوہر کو صرف اس لیے شہید کر دیا گیا تھا کہ وہ بھارت کے اشاروں پر چلنے کے لیے تیار نہیں تھے۔ خالدہ ضیا ایک کامیاب حکمران، انصاف پسند اور بااصول سیاستدان تھیں۔ ان کا دور بنگلا دیش کا سنہری دور تھا مگر چونکہ وہ بھارت کے لیے ناپسندیدہ تھیں چنانچہ سازش کے تحت مجیب کی بیٹی حسینہ کو الیکشن میں جتوا دیا گیا۔

اس نے بنگلا دیشی عوام کی فلاح و بہبود کو ایک طرف رکھا اور بھارت کے اشاروں پر حکومت چلانے لگی۔ اس کا پورا دور انتقام، کرپشن اور مہنگائی کا شاہکار رہا۔ عوام اس سے سخت نالاں تھے مگر چونکہ اس کے سر پر بھارت کا سایہ تھا، اس لیے ہر الیکشن میں کامیاب ہوتی رہی۔ اس کے دور میں تین عام انتخابات ہوئے اور ہر دفعہ حزب اختلاف کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

حسینہ مودی کی پسندیدہ لیڈر تھی کیونکہ وہ پاکستان کی مخالفت میں مودی سے بھی آگے نکل گئی تھی۔ حسینہ نے اپنے پورے 15 سالہ دور میں پاکستان دشمنی میں صرف کر دیے مگر اپنے عوام کے لیے کچھ نہ کیا۔

بنگلا دیشی عوام حسینہ کے بھارت نواز رویے سے سخت نالاں تھے مگر اسے ہٹانا مشکل تھا کیونکہ الیکشن میں دھاندلی کے ذریعے جیتتی رہی بالآخر بنگلا دیشی عوام کا پیمانہ صبر لبریز ہو گیا اور مارچ 2024 میں حسینہ کے خلاف عوامی تحریک شروع ہو گئی۔

اس کی ابتدا نوجوانوں نے کی مگر رفتہ رفتہ عوام بھی اس میں شامل ہوتے گئے، حسینہ کو اس منظم تحریک کو کچلنے کے لیے پولیس اور فوج کی مدد لینا پڑی مگر اس عوامی تحریک کے آگے کوئی نہ ٹھہر سکا، بالآخر حسینہ کو فرار ہو کر مودی کے دامن میں پناہ لینا پڑی۔

اس عوامی تحریک میں عوام نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور پندرہ سو سے زیادہ افراد نے جام شہادت نوش کیا۔ عوام اتنے برانگیختہ تھے کہ انھوں نے مجیب کے دھان منڈی والے گھر کو نذرآتش کر دیا اور ٹرکوں پر لگے مجیب کے پوسٹروں اور چوکوں میں نصب مجسموں کو مسمار کر دیا۔

عوام کے اس غصے سے بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ کیا عوام بنگلا بندھو کے واقعی احسان مند تھے تو ایسا نہیں تھا وہ تو حقیقتاً پاکستان کو توڑنے کا اس سے اور اس کے خاندان سے بدلہ لے رہے تھے۔ اس وقت حسینہ عوام کے غیض و غضب سے محفوظ دہلی میں موجود ہے۔

اس کی پہلے بھارت میں بہت خاطر داری کی گئی مگر اب اسے ایک بوجھ ہی سمجھا جا رہا ہے کیونکہ اس کی وجہ سے بھارت بنگلا دیش سے دور ہو گیا ہے، اب وہاں اس کا کوئی عوامی لیگی ایجنڈا نہیں رہا ہے وہ بھی دراصل حسینہ کے فرار ہونے کے بعد بھارت اور دوسرے ملکوں میں پناہ لے چکے ہیں۔

بنگلا دیشی عوام آج مجیب کے حامیوں سے نجات حاصل کرکے اب بھارت کی بالادستی سے نجات حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ دراصل حسینہ کے خلاف عوامی بغاوت بھارت اور حسینہ واجد سے نجات حاصل کرنے کے لیے ہی تھی جس میں عوام سرخرو ہوئے اور پھر ایک عبوری حکومت قائم کی گئی جس کے سربراہ محمد یونس تھے جو عالمی شہرت کے حامل ہیں۔

انھوں نے نئے انتخابات کرانے کے لیے 7 جنوری 2024 کا دن مقرر کیا۔ اسی دن انتخابات ہوئے۔ خالدہ ضیا کی بنگلا دیش نیشنلسٹ پارٹی کامیاب رہی۔ خالدہ ضیا کی وفات کی وجہ سے اس وقت ان کا بیٹا طارق ضیا وزیر اعظم کے منصب پر فائز ہے اور وہ ایک کامیاب سیاستدان ثابت ہوا ہے مگر بھارت کے لیے وہ ناپسندیدہ ہے کیونکہ حسینہ کی طرح بھارت کا حاشیہ بردار نہیں ہے۔

محمد یونس کی عبوری حکومت کے دور میں حسینہ پر ایک خصوصی عدالت میں عوام کے قتل عام کا مقدمہ چلایا گیا تھا جس میں اسے پھانسی کی سزا سنائی جا چکی ہے۔ اب طارق ضیا کی حکومت عدالت کے فیصلے پر عمل درآمد کے لیے حسینہ واجد کو بھارت سے طلب کر رہی ہے۔

اب بھارت نے کافی پس و پیش کے بعد حسینہ کو بنگلا دیش بھیجنے کی حامی بھر لی ہے مگر ساتھ ہی دو شرطیں عائد کی ہیں جن کا قبول کرنا محال ہے کیونکہ طارق نہ تو عدالت کا فیصلہ بدل سکتے ہیں اور نہ حسینہ کو وی آئی پی سہولت دے سکتے ہیں۔

مودی یہ خیال کر رہا ہے کہ حسینہ کی طرح طارق ضیا بھی ان سے مرعوب ہو کر حسینہ کو معاف کر دیں گے تو شاید اب ایسا نہیں ہوگا، اس لیے کہ اب بنگلا دیشی حکومت بھارت کی نہیں اپنے عوام کی ترجمان ہے اور ان ہی کی مرضی کے مطابق چل رہی ہے۔ اس وقت مودی کے اشارے پر بنگلا دیش میں اس کے ایجنٹ جو ہنگامہ آرائی کر رہے ہیں تو وہ اس سے ہرگز مرعوب نہیں ہوگی۔