ایران کا امریکی ناکہ بندی توڑنے کا اعلان، جزیرہ خارک پر 14 سے زائد تیل بردار جہاز جمع

ایران نے اپنا مؤقف امریکا اور ثالثی کا کردار ادا کرنے والے ممالک، بشمول قطر تک پہنچا دیا ہے


ویب ڈیسک November 21, 2026
ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے امریکی شرائط پوری ہونے تک آبنائے ہرمز بند رکھنے کا اعلان کیا ہے

ایران نے امریکی بحری اور معاشی ناکہ بندی ختم کرانے کے لیے ہر ممکن اقدام کرنے کا اعلان کردیا جبکہ ممکنہ طور پر تیل بردار جہازوں کے قافلے کو سمندر میں روانہ کرنے کی تیاریاں بھی جاری ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے عائد معاشی ناکہ بندی کو ایران جنگی اقدام تصور کرتا ہے اور تہران اسے ختم کرانے کے لیے ضروری اقدامات کرے گا۔

ایرانی نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے بتایا کہ ایران نے اپنا مؤقف امریکا اور ثالثی کا کردار ادا کرنے والے ممالک، بشمول قطر تک پہنچا دیا ہے۔

انہوں نے تصدیق کی کہ قطری حکام کا ایک وفد گزشتہ روز تہران پہنچا تھا جہاں ایرانی حکام کے ساتھ دو گھنٹے تک مذاکرات ہوئے۔ تاہم ان مذاکرات کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

دوسری جانب یورونیوز کی رپورٹ کے مطابق سیٹلائٹ تصاویر اور بحری جہازوں کی نگرانی کرنے والے ڈیٹا سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایران کے اہم تیل بردار مرکز جزیرہ خارک پر 14 سے زائد آئل ٹینکرز جمع ہیں۔

اطلاعات کے مطابق ان جہازوں کے عملے کو بھی تعینات کردیا گیا ہے اور ان پر ایرانی پرچم لہرا دیے گئے ہیں۔ 

ایران ان جہازوں کو قافلے کی شکل میں خلیج عمان کی جانب روانہ کرنے کی تیاری کررہا ہے تاکہ امریکی ناکہ بندی کو چیلنج کیا جاسکے۔ تاہم قافلے کی روانگی کی باضابطہ تصدیق نہیں ہوئی۔

واضح رہے کہ جزیرہ خارک ایران کی خام تیل کی برآمدات کا مرکزی مرکز ہے جہاں سے ملک کے تقریباً 85 سے 90 فیصد خام تیل کی ترسیل ہوتی ہے۔