بڑی طاقتوں کی سیاست اور عام انسان

دوسری عالمی جنگ کے بعد نوآبادیاتی نظام کمزور ہوا اور بہت سے ملک آزاد ہوئے


زاہدہ حنا November 22, 2026

دنیا کی تاریخ میں طاقت کے مراکز بدلتے رہے ہیں۔ سلطنتیں عروج پر پہنچ کر زوال کا شکار ہوتی رہی ہیں، پرانی کی جگہ نئی طاقتیں لیتی رہی ہیں اور ہر نئے عہد میں حکمرانوں نے نئے عالمی نظام کا خواب دکھایا ہے۔

ایک سوال ہمیشہ اپنی قائم رہا ہے ،کیا طاقت کے مراکز کی تبدیلی سے عام انسان کی زندگی بھی بدلتی ہے ؟کیا ایک طاقتور ملک کی جگہ دوسری طاقت کے آجانے سے دنیا زیادہ منصفانہ ہو جاتی ہے؟ کیا سامراجی تسلط کی ایک شکل ختم ہونے کے بعد اسکی جگہ کوئی زیادہ بہترانسانی نظام لے لیتا ہے؟

آج دنیا ایک ایسے ہی دوراہے پر کھڑی ہے۔ امریکا کی کئی دہائیوں پر مشتمل عالمی بالادستی کو چین کے معاشی، تجارتی اور سائنسی عروج سے چیلنج درپیش ہے۔ روس بھی عالمی سیاست میں اپنا اثرورسوخ برقرار رکھنے کے لیے کوشاں ہے۔

دوسری طرف یورپ اپنی سیاسی اور معاشی ترجیحات کے درمیان توازن پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ عالمی سیاست میں طاقت کے نئے مراکز ابھر رہے ہیں لیکن اس تبدیلی کے درمیان سب سے اہم سوال یہ ہے کہ دنیا کے عام انسان کے حصے میں کیا آئے گا۔

امریکا اور چین کے درمیان مقابلہ محض دو ملکوں کی اقتصادی رقابت نہیں ہے۔ یہ منڈی، معدنی وسائل، توانائی، جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، تجارتی راستوں اور عالمی سرمایہ کاری پر اثرورسوخ کی جنگ بھی ہے۔

اس مقابلے میں ملٹی نیشنل کمپنیز کے مفادات، عالمی مالیاتی اداروں کی ترجیحات اور سرمایہ دارانہ معیشت کی ضروریات بنیادی کردار ادا کر رہی ہیں۔ عالمی سیاست کو صرف سربراہان مملکت کے بیانات اور سفارتی ملاقاتوں سے سمجھنا ممکن نہیں۔ اس کے پس منظر میں سرمایہ، پیداوار، منافع اور وسائل پر کنٹرول کی وہ کشمکش موجود ہے جس نے جدید دنیا کی تشکیل کی ہے۔

انیسویں اور بیسویں صدی میں نوآبادیاتی نظام نے ایشیا، افریقہ اور لاطینی امریکا کو اپنی گرفت میں لے رکھا ہے۔ برطانوی، فرانسیسی، پرتگالی اور دیگر یورپی طاقتوں نے ان خطوں کے وسائل استعمال کیے، مقامی صنعتوں کو تباہ کیا اور اپنی منڈی کے مفادات کے مطابق معاشی ڈھانچے تشکیل دیے۔

دوسری عالمی جنگ کے بعد نوآبادیاتی نظام کمزور ہوا اور بہت سے ملک آزاد ہوئے لیکن سیاسی آزادی کے باوجود معاشی آزادی کا خواب مکمل نہ ہو سکا۔ قرضوں ،تجارتی شرائط، مالیاتی اداروں، کثیرالقومی کمپنیوں اور فوجی اتحاد کے ذریعے کمزور ملکوں پر اثرانداز ہونے کے نئے طریقے سامنے آئے، یوں سامراجیت نے اپنا لباس تبدیل کیا لیکن طاقت اور وسائل پر قبضے کی خواہش ختم نہیں ہوئی۔

آج عالمی معیشت میں سرمایہ دارانہ نظام کی بالادستی ہے۔ چند عالمی کمپنیوں کے اثاثے کئی ملکوں کی مجموعی قومی پیداوار سے زیادہ ہو سکتے ہیں جبکہ دنیا کی ایک بڑی آبادی بنیادی ضروریات کے حصول کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔

ایک طرف ارب پتی افراد کی دولت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور دوسری طرف مزدور اپنی اجرت، کسان اپنی زمین اور عام شہری اپنی قوتِ خرید بچانے کے لیے پریشان ہے۔ یہ تضاد کسی ایک ملک یا خطے تک محدود نہیں بلکہ عالمی سرمایہ داری کی ساخت میں موجود ہے۔

جنگ اور عالمی کشیدگی کا بوجھ بھی سب سے زیادہ عام انسان اٹھاتا ہے۔ حکمرانوں کے فیصلوں کے نتیجے میں جنگ شروع ہوتی ہے لیکن اس کی قیمت فوجی محاذ پر لڑنے والے سپاہی، اپنے گھر بار چھوڑنے والے خاندان ، بے گھر بچے اور روزگار سے محروم ہونے والے مزدور ادا کرتے ہیں۔

دفاعی صنعتیں اور اسلحہ ساز کمپنیاں جنگ کے زمانے میں منافع کماتی ہیں جبکہ تباہ ہونے والے شہروں کی تعمیر نو کے لیے کئی نسلوں کو قیمت چکانا پڑتی ہے۔ فلسطین کی تباہی غزہ کے انسانوں کی بے گھری اور مسلسل انسانی المیہ اس حقیقت کی ایک دردناک مثال ہے کہ عالمی طاقتوں کے سیاسی اور تزویراتی مفادات کے سامنے کمزور انسان کی جان کتنی بے قیمت سمجھی جا سکتی ہے۔

یہاں ایک اور اہم سوال پیدا ہوتا ہے، اگر امریکا کی عالمی بالادستی کمزور ہوتی ہے اور چین ایک بڑی معاشی طاقت کے طور پر مزید مستحکم ہوتا ہے تو کیا اس سے دنیا کے غریب عوام کے مسائل حل ہو جائیں گے؟ اس سوال کا جواب محض خوش فہمی یا سیاسی وابستگی کی بنیاد پر نہیں دیا جا سکتا۔ چین نے صنعتی ترقی، بنیادی ڈھانچے، سائنس اور ٹیکنالوجی میں غیرمعمولی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

کروڑوں لوگوں کو غربت سے نکالنا بھی اس کی ایک بڑی کامیابی ہے۔ کسی ملک کی معاشی ترقی کو سوشلزم یا عوامی مساوات کا مکمل ثبوت قرار دینے سے پہلے اس کے اندر دولت کی تقسیم، مزدوروں کے حقوق، سماجی تحفظ اور معاشی فیصلوں میں عوام کی شرکت کا جائزہ لینا ضروری ہے۔

اسی طرح امریکا اور مغربی دنیا کے جمہوریت انسانی حقوق اور آزادی کے دعووں کو بھی ان کے عملی کردار کی روشنی میں پرکھنا چاہیے۔ جمہوریت صرف انتخابات کا نام نہیں بلکہ معاشی اور سماجی انصاف مساوی مواقع اظہار کی آزادی اور شہریوں کی حقیقی شرکت کا نام بھی ہے، اگر ایک سماج میں سیاسی آزادی موجود ہو لیکن دولت اور ذرائع پیداوار چند ہاتھوں میں مرتکز ہوں تعلیم اور صحت عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہوں اور مزدور اپنی محنت کا مناسب معاوضہ حاصل نہ کر سکے تو اس جمہوریت کی معنویت پر سوال اٹھانا ضروری ہے۔

یہ بھی ضروری ہے کہ ایشیا افریقہ اور لاطینی امریکا کے ممالک کو امریکا اور چین کے درمیان کسی ایک فریق کا انتخاب کرنے پر مجبور نہ کیا جائے۔ ان ممالک کی اپنی تاریخ اپنے مسائل اور اپنے عوام کی ضروریات ہیں۔

انھیں اپنی خارجہ پالیسی تجارت اور ترقی کے راستے خود طے کرنے کا حق ہونا چاہیے۔ غیرجانبداری کا مطلب عالمی ناانصافی پر خاموشی نہیں بلکہ ہر معاملے کو اپنے اصولوں اور عوامی مفادات کی بنیاد پر پرکھنا ہے۔ کسی طاقتور ملک کی حمایت محض اس وجہ سے نہیں کی جا سکتی کہ وہ کسی دوسری طاقت کا مخالف ہے۔

پاکستان کے لیے بھی یہ صورت حال غیرمعمولی اہمیت رکھتی ہے۔ ہماری معیشت قرضوں، درآمدات ،کمزور صنعتی بنیاد ،توانائی کے بحران اور مالیاتی عدم استحکام کا شکار ہے۔ چین پاکستان کا اہم اقتصادی اور تزویراتی شراکت دار ہے جبکہ امریکا کے ساتھ ہمارے تجارتی سفارتی اور تاریخی تعلقات بھی اہم ہیں، لیکن پاکستان کی اصل ترجیح اپنے عوام کی خوشحالی ہونی چاہیے۔

ہمیں یہ بھی سوچنا ہوگا کہ قومی خودمختاری کا حقیقی مطلب کیا ہے۔ ضروری ہے کہ ملک خوراک، توانائی، صنعت، تعلیم، صحت اور ٹیکنالوجی کے میدان میں خودکفالت کی طرف بڑھے۔ قومی ترقی کا پیمانہ صرف بلند عمارتیں، بڑی شاہراہیں اور شرح نمو کے اعدادوشمار نہیں ہونے چاہئیں بلکہ یہ بھی دیکھنا چاہیے کہ اس ترقی کے ثمرات کس طبقے تک پہنچ رہے ہیں۔

آج دنیا کو صرف ایک نئے طاقت کے توازن کی نہیں بلکہ ایک نئے انسانی اور معاشی تصور کی ضرورت ہے۔ ایسا تصور جس میں منافع سے زیادہ انسان کی اہمیت ہو، اسلحے کی دوڑ کے بجائے تعلیم اور صحت پر سرمایہ کاری کی جائے، وسائل پر اشرافیہ کی اجارہ داری کے بجائے عوامی مفاد کو ترجیح دی جائے اور مزدور کسان اور محروم طبقات عالمی فیصلوں میں اپنی آواز بلند کر سکیں۔

موسمیاتی تبدیلی، بھوک، جنگ ،بے روزگاری اور معاشی عدم مساوات ایسے مسائل ہیں جن کا حل کسی ایک سپر پاور کے پاس نہیں۔ ان کے لیے عالمی تعاون انصاف اور اجتماعی ذمے داری کی ضرورت ہے۔

تاریخ ہمیں بتاتی ہے کہ کوئی سلطنت ہمیشہ قائم نہیں رہتی اور کوئی طاقت ہمیشہ ناقابلِ شکست نہیں ہوتی، لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ طاقت کے مراکز کی تبدیلی سے سماجی انصاف خودبخود جنم نہیں لیتا۔ اس کے لیے عوامی جدوجہد، جمہوری شعور، مزدوروں اور کسانوں کی تنظیم ترقی پسند سیاسی تحریکوں اور ایک منصفانہ معاشی نظام کی ضرورت ہوتی ہے۔

دنیا کی بساط پر بادشاہ اور وزیر اپنی چالیں چلتے رہیں گے، لیکن اصل سوال یہ ہے کہ اس بساط پر عام انسان کی جگہ کہاں ہے؟ جب تک دنیا کے فیصلوں میں اس انسان کی آواز شامل نہیں ہوگی جو اپنے ہاتھوں سے دولت پیدا کرتا ہے، زمین کاشت کرتا ہے ،کارخانوں میں کام کرتا ہے اور اپنے بچوں کے بہتر مستقبل کا خواب دیکھتا ہے، اس وقت تک طاقت کے کسی نئے توازن کو انسانی ترقی کا نام نہیں دیا جا سکتا۔ دنیا کو صرف طاقتور ملکوں کے درمیان توازن نہیں انسانوں کے درمیان انصاف اور برابری کا توازن درکار ہے۔