لاہور:
شدید دھند کے باعث موٹروے ایم 2، ایم 3، ایم 4 اور ایم 11 کے مختلف حصے ٹریفک کے لیے بند کردیے گئے، موٹروے پولیس نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کردی۔
ترجمان موٹروے پولیس سید عمران احمد کے مطابق موٹروے ایم 2 لاہور سے ہرن مینار تک، لاہور سیالکوٹ موٹروے ایم 11 اور موٹروے ایم 3 لاہور سے جڑانوالہ تک دھند کے باعث بند ہے۔
اسی طرح موٹروے ایم 4 فیصل آباد سے پنڈی بھٹیاں تک ہر قسم کی ٹریفک جبکہ فیصل آباد سے عبدالحکیم تک ہیوی ٹریفک کے لیے بند کردی گئی ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ موٹرویز کی بندش عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے کی گئی ہے۔ شہری دھند کے موسم میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور دن کی روشنی میں سفر کو ترجیح دیں۔
موٹروے پولیس نے محفوظ سفر کے لیے صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک کے اوقات تجویز کرتے ہوئے ڈرائیورز کو ہدایت کی ہے کہ دوران سفر رفتار کم رکھیں، اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ برقرار رکھیں اور لین کی پابندی کریں۔
ترجمان کے مطابق دھند میں غیر ضروری اوورٹیکنگ اور اچانک بریک لگانے سے گریز کیا جائے جبکہ فوگ لائٹس استعمال کرنے کے ساتھ گاڑی کی ہیڈ لائٹس، بیک لائٹس اور وائپرز بھی درست حالت میں رکھے جائیں