ایران سے ایسا معاہدہ ہو جو مستقبل کا احمق، برا یا کمزور امریکی صدر بھی ختم نہ کر سکے، ٹرمپ

انتظامیہ ایران کے ساتھ مذاکرات کررہی ہے، امریکی صدر


ویب ڈیسک November 22, 2026

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران امریکا کے ساتھ معاہدہ کرنا چاہتا ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان بات چیت جاری ہے تاہم واشنگٹن ایسا طویل المدتی معاہدہ چاہتا ہے جو مستقبل میں آنے والا کوئی امریکی صدر بھی ختم نہ کرسکے۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ مذاکرات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی حکام معاہدے کے خواہاں ہیں لیکن وہ ایسا سمجھوتا نہیں چاہتے جو کچھ عرصے بعد ختم ہوجائے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ایک پائیدار معاہدہ چاہتے ہیں جو طویل عرصے تک برقرار رہے۔

امریکی صدر نے کہا کہ وہ ایسا معاہدہ چاہتے ہیں جو مستقبل میں آنے والے کسی کمزور یا غیر مؤثر امریکی صدر کے دور میں بھی برقرار رہے۔

انہوں نے ممکنہ آئندہ صدر پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر امریکا میں کوئی احمق، برا یا کمزور صدر منتخب ہوجائے تو بھی ایران کے ساتھ طے پانے والا معاہدہ اس کے فیصلوں سے بالاتر ہونا چاہیے۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ان کی انتظامیہ ایران کے ساتھ مذاکرات کررہی ہے، تاہم امریکا کا مقصد محض عارضی مفاہمت کے بجائے ایسا مضبوط اور دیرپا سمجھوتا کرنا ہے جو مستقبل کی امریکی قیادت کی تبدیلی سے متاثر نہ ہو۔