بھارتی فاسٹ بولر جسپریت بمراہ نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں منفرد اعزاز اپنے نام کرلیا، وہ ٹیسٹ میچ کی دونوں اننگز کے پہلے اوور میں وکٹ حاصل کرنے والے تیسرے بھارتی بولر بن گئے۔
بمراہ نے نیوزی لینڈ کی پہلی اننگز میں میچ کے پہلے ہی اوور کی تیسری گیند پر کپتان ٹام لیتھم کو بولڈ کیا تھا جبکہ دوسری اننگز میں بھی پہلے اوور کی دوسری گیند پر انہیں وکٹ کیپر رشبھ پنت کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرادیا۔
ٹام لیتھم دونوں اننگز میں اپنا کھاتہ کھولنے میں ناکام رہے۔ بمراہ کی اس کارکردگی کے ساتھ بھارت کے ان گیند بازوں کی فہرست میں شامل ہوگئے جنہوں نے ایک ہی ٹیسٹ میچ کی دونوں اننگز کے پہلے اوور میں وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل ایس سری سنت نے 2006 میں ویسٹ انڈیز جبکہ ظہیر خان نے 2007 میں بنگلہ دیش کے خلاف یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔
دوسری جانب ٹام لیتھم نیوزی لینڈ کے ان کپتانوں میں شامل ہوگئے جو کسی ٹیسٹ میچ کی دونوں اننگز میں صفر پر آؤٹ ہوئے۔ اس سے قبل ہیری کیو اور اسٹیفن فلیمنگ بھی یہ ناپسندیدہ ریکارڈ اپنے نام کرچکے ہیں۔