قدیم رومی لائبریر کی بحالی، ایک صدی بعد عوام کے لیے دوبارہ کھولنے کا اعلان

اس تاریخی کتب خانے کے آثار رومی شہنشاہ ٹریجن کے فورم میں واقع ہیں


ویب ڈیسک November 22, 2026
(تصویر: اے پی)

مصر کی مشہور تاریخی اسکندریہ لائبریری کے بعد قدیم دنیا کے اہم کتب خانوں میں شمار ہونے والی روم کی اُلپیا لائبریری کو بحال کر دیا گیا ہے، جسے رواں ہفتے عوام کے لیے دوبارہ کھولا جا رہا ہے۔

اس تاریخی کتب خانے کے آثار رومی شہنشاہ ٹریجن کے فورم میں واقع ہیں جہاں مشہور ٹریجن کالم بھی موجود ہے۔ یہ کالم شہنشاہ ٹریجن کی ڈیشین جنگوں میں فتوحات اور موجودہ رومانیہ پر رومی سلطنت کے قبضے کی یادگار ہے۔

اُلپیا لائبریری تقریباً ایک صدی سے عوام کی رسائی سے باہر تھی۔ ماہرین آثارِ قدیمہ کے مطابق یہ قدیم زمانے کے اہم ترین علمی مراکز میں سے ایک تھی جہاں کتابوں اور تاریخی دستاویزات کا وسیع ذخیرہ موجود تھا۔

روم کے محکمہ ثقافتی ورثہ کے سربراہ اور ماہرِ آثارِ قدیمہ کلاڈیو پیرسی پریسچے نے ایسوسی ایٹڈ پریس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسکندریہ اور ایشیائے کوچک کی پرگامون لائبریری کے بعد ٹریجن فورم کی یہ لائبریری بھی قدیم دنیا کے اہم ترین کتب خانوں میں شمار ہوتی تھی۔

ان کے مطابق یہاں کتابوں کی بڑی تعداد کے ساتھ اہم تاریخی دستاویزات بھی محفوظ تھیں۔