امریکی ریاست جنوبی کیرولائنا سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے شمالی کیرولائنا کی دکان پر اچانک لاٹری ٹکٹ خرید کر ڈھائی لاکھ ڈالر (تقریباً سات کروڑ پاکستانی روپے) کا انعام جیت لیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق گریئر شہر کے رہائشی جیمز ہوک نے لاٹری حکام کو بتایا کہ وہ شمالی کیرولائنا کے شہر ملز ریور میں واقع سرکل کے اسٹور پر موجود تھے جہاں اچانک ان کا لاٹری ٹکٹ خریدنے کا خیال آیاکیا۔
جیمز ہوک کا کہنا تھا کہ وہ دکان کے کاؤنٹر تک پہنچنے سے پہلے لاٹری ٹکٹ خریدنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے تھے لیکن وہاں ایک ٹکٹ پسند آیا اور انہیں محسوس ہوا کہ شاید قسمت ان پر مہربان ہونے والی ہے۔
ٹکٹ دیکھنے پر معلوم ہوا کہ وہ ڈھائی لاکھ ڈالر کے بڑے انعام کے فاتح بن چکے ہیں۔
جیمز نے بتایا کہ ابتدا میں انہیں لگا کہ انہوں نے صرف 250 ڈالر جیتے ہیں لیکن جب دوبارہ رقم دیکھی تو انہیں احساس ہوا کہ انعامی رقم کہیں زیادہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے زندگی میں کبھی اتنے سارے صفر ایک ساتھ نہیں دیکھے تھے۔