مقبوضہ مغربی کنارے میں انتہا پسند اسرائیلی آبادکاروں نے فلسطینیوں کے متعدد گھروں اور تقریباً ایک درجن گاڑیوں کو آگ لگا دی، اسرائیلی اپوزیشن رہنما نے حملوں کو یہودی دہشت گردی قرار دے دیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی آبادکاروں نے ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب رام اللہ کے قریب واقع فلسطینی دیہات دیر السودان، دیر ابو مشعل اور کفر مالک پر دھاوا بولا۔
حملہ آوروں نے گھروں کے قریب آگ لگائی اور متعدد گاڑیوں کو نذر آتش کردیا، جبکہ عمارتوں کی دیواروں پر فلسطینیوں کے خلاف اشتعال انگیز اور نسل پرستانہ نعرے بھی تحریر کیے گئے۔
کفر مالک میں دیواروں پر ’’سوسیہ کی جانب سے سلام‘‘ کے الفاظ بھی لکھے گئے جنہیں حال ہی میں اسرائیلی فوج کی جانب سے سوسیہ کے علاقے میں ایک غیر قانونی آبادکاری چوکی خالی کرانے کے واقعے سے جوڑا جا رہا ہے۔
حملوں میں کسی شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی، تاہم اسرائیلی پولیس نے آتش زنی، توڑ پھوڑ اور املاک کو نقصان پہنچانے کے واقعات کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
اسرائیلی اپوزیشن رہنما اور یاشار پارٹی کے سربراہ گادی آئزن کوٹ نے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں ’’ہر لحاظ سے یہودی دہشت گردی‘‘ قرار دیا۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ انتہا پسند گروہوں کی جانب سے گاڑیوں اور گھروں کو آگ لگانے کے واقعات علاقائی استحکام کو نقصان پہنچا رہے ہیں، انسانی جانوں کو خطرے میں ڈال رہے ہیں اور اسرائیل کی قومی سلامتی و خارجہ تعلقات کو شدید نقصان پہنچا رہے ہیں۔
آئزن کوٹ نے اسرائیلی وزیر قومی سلامتی اتمار بن گویر اور وزیر خزانہ بیزلیل سموٹریچ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ان کی پالیسیوں نے مغربی کنارے کو لاقانونیت کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔
انہوں نے حکومت اور سیکیورٹی اداروں سے مطالبہ کیا کہ حملوں میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور ضرورت پڑنے پر انتظامی حراست اور داخلی سیکیورٹی ادارے شن بیت کے خصوصی آپریشنز سمیت تمام دستیاب اقدامات استعمال کیے جائیں۔
دوسری جانب اسرائیلی وزیر قومی سلامتی اتمار بن گویر نے آئزن کوٹ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ انہیں واقعات اور تحقیقات سے متعلق حقائق کا علم نہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ آئزن کوٹ عرب جماعتوں کی حمایت حاصل کرنے کے لیے سیاسی بیان بازی کر رہے ہیں۔
اسرائیلی وزیر زراعت آوی ڈخٹر نے بھی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے ملوث افراد کو زیادہ سے زیادہ سخت سزا دینے اور انتظامی حراست سمیت انسداد دہشت گردی کے تمام قانونی اختیارات استعمال کرنے کا مطالبہ کیا۔
واضح رہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں اور ان کی املاک پر اسرائیلی آبادکاروں کے حملوں میں حالیہ مہینوں کے دوران اضافہ ہوا ہے۔ ان واقعات پر عالمی سطح پر بھی تشویش اور تنقید سامنے آتی رہی ہے۔