پشاور میں پولیس کا اسٹریٹ فائٹرز کے خلاف آپریشن، 2 خطرناک ملزمان ہلاک، ایک زخمی گرفتار

فرار ہونے والے دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے، پولیس


احتشام خان November 23, 2026
فوٹو: فائل

پشاور:

پولیس نے اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف آپریشن اسٹریٹ فائٹ کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 2 خطرناک اسنیچرز کو ہلاک جبکہ ایک زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق تھانہ شہید گلفت حسین اور تھانہ سربند کی پولیس نے اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف مشترکہ کارروائی کی، جس کے دوران دو ملزمان ہلاک اور ایک زخمی حالت میں گرفتار ہوا۔

ہلاک ملزمان کی شناخت عبدالصمد ولد سجاد احمد، سکنہ افغانستان حال پنج کھٹہ، اور سعد اللہ ولد ایوب خان، سکنہ شاہین مسلم ٹاؤن کے نام سے ہوئی، جبکہ زخمی گرفتار ملزم کی شناخت ابراہیم ولد رامبیل، سکنہ چینہ ڈاگ کے نام سے کی گئی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور مسروقہ موٹر سائیکل بھی برآمد کرلی گئی۔ ہلاک اور زخمی ملزمان متعدد سنگین مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھے۔

پولیس کے مطابق واقعے کے بعد فرار ہونے والے دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔ پشاور پولیس نے واضح کیا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔