سندھ کی تقسیم نہیں ہوگی، صوبہ ایک ہے اور ایک ہی رہے گا، ناصر شاہ

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا موازنہ محسن نقوی سے نہیں کیا جانا چاہیے، صوبائی وزیر


ویب ڈیسک November 22, 2026
فوٹو: فائل

مٹیاری:

صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ سندھ کی تقسیم نہیں ہوگی، صوبہ ایک ہے اور ایک ہی رہے گا، پیپلزپارٹی ریفرنڈم سے گھبراتی نہیں، تاہم جب سندھ اسمبلی صوبے کی تقسیم کے خلاف قرارداد منظور کرچکی ہے تو پھر ریفرنڈم کس بات کا ہوگا۔

ہالا میں ماشااللہ ہاؤس آمد کے موقع پر صدر مسلم لیگ (ن) سندھ بشیر میمن سے ان کی اہلیہ کے انتقال پر تعزیت اور فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری جب اسلام آباد گئے تو کہا گیا کہ ان کا سافٹ ویئر اپ ڈیٹ ہوگیا ہے، لیکن اسلام آباد سے واپسی کے بعد بھی بلاول بھٹو نے واضح کیا کہ صوبے کی تقسیم نامنظور ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبوں کے قیام کا فیصلہ متعلقہ صوبوں کی اسمبلیوں کی خواہش اور قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔ پیپلزپارٹی اور سندھ اسمبلی نہیں چاہتیں کہ سندھ میں مزید صوبے بنائے جائیں، جب کہ اردو بولنے والے بھی فیصلہ سنا چکے ہیں کہ وہ سندھ کی تقسیم نہیں چاہتے۔

ایک صحافی کے سوال پر کہ آصف زرداری کا ایک بیٹا صوبے بنانے کا نعرہ لگا کر پاکستان میں نکل پڑا ہے، جب کہ دوسرا بیٹا خون بہانے کی بات کر رہا ہے، ناصر شاہ نے جواب دیا کہ آصف زرداری کا ایک ہی بیٹا بلاول بھٹو زرداری ہے اور ان ہی کی بات یہاں چلے گی۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا موازنہ محسن نقوی سے نہیں کیا جانا چاہیے۔ صوبے کے معاملے پر ایک وفاقی وزیر نے شوشا چھوڑا ہے، جسے سب پکڑ کر بیٹھ گئے ہیں، تاہم سندھ کی تقسیم کا کوئی امکان نہیں، سندھ ایک تھا، ایک ہے اور ایک ہی رہے گا۔