پی ٹی آئی کے سینیٹر علی ظفر نے ملک میں نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کی آبادی کئی ممالک سے زیادہ ہے، اس لیے اسے الگ صوبہ بنانے پر بھی غور ہونا چاہیے۔
نجی ٹی وی کے مطابق صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر علی ظفر نے کہا کہ پاکستان میں نئے صوبے ہر صورت قائم ہونے چاہییں۔ سندھ میں مزید صوبے بنانے پر کوئی آئینی ممانعت نہیں، کراچی کے علاوہ جنوبی پنجاب اور شمالی پنجاب کو بھی الگ صوبائی حیثیت دی جاسکتی ہے۔
پی ٹی آئی سینیٹر کا کہنا تھا کہ بانی تحریک انصاف بھی نئے صوبوں کے قیام کے حامی ہیں۔ ان کا پیغام ہے کہ اس حوالے سے مجوزہ مسودہ سامنے آنے کے بعد ہی جماعت اپنا تفصیلی مؤقف پیش کرے گی۔
سینیٹر علی ظفر نے واضح کیا کہ تحریک انصاف ایک سیاسی جماعت ہے اور اپنے فیصلے سیاسی مشاورت کے ذریعے کرتی ہے۔ 28 ویں آئینی ترمیم کا مسودہ سامنے آنے کے بعد اس کا جائزہ لے کر پارٹی کا مؤقف طے کیا جائے گا۔
ریفرنڈم سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ عوام کی رائے معلوم کرنے کے لیے یہ ایک طریقہ ہوسکتا ہے، تاہم اس سے صوبوں کے قیام کا آئینی طریقہ کار تبدیل نہیں ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ نئے صوبے بنانے کے لیے وہی قانونی اور آئینی طریقہ اختیار کرنا ہوگا جو آئین پاکستان میں پہلے سے درج ہے، ریفرنڈم کے انعقاد سے اس قانونی عمل میں کوئی خاص فرق نہیں پڑے گا۔