بالوں کو خوبصورت اور سیدھا بنانے کے لیے ہیئر اسٹریٹنر اور ڈرائر کا استعمال عام ہے لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ ان آلات کا مسلسل استعمال بالوں کو خشک، کمزور اور بے جان بنا سکتا ہے؟
ماہرین کے مطابق زیادہ درجہ حرارت بالوں کی بیرونی حفاظتی تہہ کو نقصان پہنچاتا ہے جس کے نتیجے میں بال دو منہ ہونے، الجھنے اور ٹوٹنے لگتے ہیں۔
خصوصاً رنگے ہوئے، بلیچ شدہ اور پہلے سے کمزور بالوں کو زیادہ احتیاط کی ضرورت ہوتی ہے۔
ہیئر اسٹریٹنر استعمال کرتے وقت کن باتوں کا خیال رکھیں؟
ہیٹ پروٹیکشن اسپرے: اسٹریٹنر یا ڈرائر استعمال کرنے سے پہلے بالوں پر ہیٹ پروٹیکٹنٹ لگائیں جو گرمی سے ہونے والے نقصان کو کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔
کم درجہ حرارت: بالوں کو سیدھا کرنے کے لیے کم یا درمیانی درجہ حرارت منتخب کریں اور ایک ہی حصے پر بار بار اسٹریٹنر نہ پھیریں۔
امریکن اکیڈمی آف ڈرماٹولوجی کے مطابق ہیئر اسٹریٹنر کو کم یا درمیانی درجہ حرارت پر استعمال کرنا چاہیے۔
گیلے بالوں پر استعمال سے گریز: عام ہیئر اسٹریٹنر ہمیشہ مکمل خشک بالوں پر استعمال کریں، کیونکہ گیلے بالوں پر زیادہ گرمی نقصان بڑھا سکتی ہے۔
ڈرائر کا درست استعمال: ڈرائر کو بالوں سے مناسب فاصلے پر رکھیں اور مسلسل ایک ہی جگہ گرم ہوا نہ دیں۔
بالوں کو وقفہ دیں: روزانہ ہیٹ اسٹائلنگ سے گریز کریں اور بالوں کی نمی برقرار رکھنے کے لیے مناسب کنڈیشنر استعمال کریں۔
نوٹ:
ماہرین کا کہنا ہے کہ کوئی بھی ہیٹ پروٹیکشن پراڈکٹ بالوں کو گرمی کے نقصان سے مکمل محفوظ نہیں رکھ سکتی، اس لیے احتیاط اور محدود استعمال ہی بالوں کی صحت برقرار رکھنے کا بہتر طریقہ ہے۔