امریکا کا ’’ڈرٹی بم‘‘ کا جھوٹا الزام عائد کرنا جنگ کا ایک نیا بہانہ ہے؛ ایران

امریکی خفیہ اداروں کے بقول ایران ٹرمپ کی انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیداروں کو نشانہ بنانے کا منصوبہ تیار کررہا ہے


ویب ڈیسک November 23, 2026
ایرانی صدر نے مجتبیٰ خامنہ ای کیساتھ 7 گھنٹوں پر مشتمل ملاقات کا احوال بتادیا (فوٹو: فائل)

ایران نے امریکا کی جانب سے واشنگٹن میں ڈرٹی بم حملے کی مبینہ منصوبہ بندی کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے اسے جنگ کے جواز پیدا کرنے کی کوشش قرار دے دیا۔

یہ بات ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے تسنیم نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ 

انھوں نے مزید کہا کہ جوہری ہتھیاروں سے متعلق بے بنیاد الزامات کے بعد اب امریکی حکام نے اہران پر ڈرٹی بم حملے کا ایک نیا الزام عائد شروع کردیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ایسے الزامات کا مقصد امریکی حکومت کو ایران کے خلاف غیر قانونی اور ناجائز جنگ شروع کرنے پر عوامی احتساب سے بچانا ہے۔

یاد رہے کہ امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ امریکی خفیہ اداروں کو ایسی معلومات ملی ہیں کہ ایران واشنگٹن میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیداروں کو نشانہ بنانے کے ممکنہ منصوبہ بنا پر رہا ہے۔

رپورٹ میں سات امریکی حکام کے حوالے سے بتایا گیا تھا کہ مبینہ منصوبے میں تابکار مواد سے تیار کردہ ڈرٹی بم یا کیمیائی ہتھیار استعمال کرنے کا امکان بھی شامل ہے۔

سی این کی رپورٹ کے بقول امریکی حکام میں اس بات پر اختلاف ہے کہ ایران ایسا حملہ کرنے کی صلاحیت یا ارادہ رکھتا بھی ہے یا نہیں۔

امریکی وائٹ ہاؤس نے بھی کہا تھا کہ ممکنہ خطرات کی نگرانی کی جارہی ہے تاہم اس وقت امریکا کو کوئی قابلِ اعتبار خطرہ درپیش نہیں۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بھی واشنگٹن پر کسی فوری حملے کے خطرے کی تصدیق نہیں کی تھی۔