ترکیہ کے شہر انطالیہ میں اقوام متحدہ کی موسمیاتی کانفرنس کوپ 31 کا بے نتیجہ اختتام اسی تلخ حقیقت کا اظہار ہے کہ زمین کا مستقبل خطرے میں ہونے کے باوجود دنیا کے طاقتور ممالک اپنے موجودہ معاشی ڈھانچوں سے دست بردار ہونے پر آمادہ نہیں۔دو ہفتوں سے زائد جاری رہنے والے مذاکرات، جو مقررہ مدت سے مزید دو روز آگے بڑھ کر اقوام متحدہ کی تاریخ کی طویل ترین موسمیاتی کانفرنس بن گئے، بالآخر کسی متفقہ معاہدے کے بغیر اختتام پذیر ہوئے۔
ترکیہ اور آسٹریلیا کی مشترکہ صدارت میں تیار کردہ حتمی مسودے کو یورپی یونین سمیت متعدد ممالک نے ناکافی قرار دے کر مسترد کر دیا۔ کانفرنس کے اختتامی مرحلے میں پیدا ہونے والی کشیدگی نے واضح کر دیا کہ موسمیاتی تبدیلی کے مسئلے پر عالمی اتفاق رائے محض تقریروں، وعدوں اور سفارتی اعلانات سے حاصل نہیں کیا جا سکتا۔ جب بنیادی سوال فوسل فیولز، یعنی تیل، گیس اور کوئلے کے مستقبل کا ہو تو مختلف ممالک کے اقتصادی مفادات ایک دوسرے کے مد مقابل آ کھڑے ہوتے ہیں۔
اس تنازعے کا مرکزی نکتہ یہ تھا کہ آیا عالمی معاہدے میں معدنی ایندھن کے استعمال کو بتدریج ختم کرنے کا واضح لائحہ عمل شامل کیا جائے یا نہیں۔ سعودی عرب سمیت تیل پیدا کرنے والے ممالک نے اس معاملے کو حتمی دستاویز میں شامل کرنے کی مخالفت کی، جبکہ یورپی ممالک کا اصرار تھا کہ فوسل فیولز کا ذکر کیے بغیر موسمیاتی تبدیلی کے خلاف کوئی سنجیدہ پیش رفت ممکن نہیں۔ آئرلینڈ کے وزیر ماحولیات ڈیرگ اوبرائن نے بھی واضح کیا کہ یورپی یونین ایسے معاہدے کی حمایت نہیں کر سکتی جس میں عالمی حدت کے بنیادی اسباب کو نظرانداز کیا گیا ہو۔ ان کا موقف محض سفارتی اختلاف نہیں بلکہ ایک ایسے سائنسی اور ماحولیاتی اصول کی نمائندگی کرتا ہے جسے طویل عرصے سے بین الاقوامی سطح پر تسلیم کیا جاتا رہا ہے۔
بلاشبہ تیل، گیس اور کوئلہ جدید صنعتی معیشتوں کے بنیادی ستون رہے ہیں۔ نقل و حمل، بجلی کی پیداوار، صنعت، زراعت اور روزمرہ زندگی کا وسیع حصہ انھی ذرائع سے وابستہ ہے۔ ترقی پذیر ممالک کے لیے توانائی کی دستیابی محض معاشی سہولت نہیں بلکہ صنعتی ترقی، روزگار اور عوامی فلاح کا لازمی تقاضا ہے، تاہم اس حقیقت کو بھی نظرانداز نہیں کیا جا سکتا کہ کاربن کے اخراج میں مسلسل اضافہ کرہ ارض کے درجہ حرارت کو بلند کر رہا ہے، لہٰذا مسئلے کا حل یہ نہیں کہ توانائی کی موجودہ ضروریات کو یک قلم مسترد کر دیا جائے، بلکہ ایسا منصفانہ انتقالِ توانائی ممکن بنایا جائے جس میں ترقی یافتہ ممالک اپنی تاریخی ذمے داری قبول کریں اور کم وسائل رکھنے والی معیشتوں کو قابلِ عمل متبادل فراہم کیے جائیں۔
موسمیاتی مذاکرات کی ناکامی میں ایک اہم پہلو ترقی یافتہ اور ترقی پذیر ممالک کے درمیان اعتماد کا فقدان بھی ہے۔ غریب ممالک نے مجوزہ معاہدے پر اس لیے برہمی ظاہر کی کہ انھیں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے مطابقت پیدا کرنے کے لیے مناسب مالی معاونت فراہم کرنے کی کوئی موثر ضمانت نظر نہیں آئی۔ یہ اعتراض بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ جن ممالک نے صنعتی انقلاب کے دوران سب سے زیادہ کاربن خارج کیا، ان کی ذمے داری محض مستقبل کے لیے اخراج کم کرنے کے وعدوں تک محدود نہیں ہو سکتی۔ انھیں ان معاشروں کی مدد بھی کرنا ہوگی جو عالمی آلودگی میں نسبتاً کم حصہ ڈالنے کے باوجود سیلاب، خشک سالی، سمندری طغیانی، شدید گرمی اور زرعی تباہی جیسے نتائج بھگت رہے ہیں۔
موسمیاتی انصاف کا تقاضا ہے کہ نقصان اور ذمے داری کے درمیان تعلق کو تسلیم کیا جائے۔ کسی غریب ملک کے پاس نہ جدید حفاظتی انفراسٹرکچر ہوتا ہے، نہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے وافر مالی وسائل اور نہ ہی ٹیکنالوجی تک آسان رسائی۔ ایسے میں عالمی معاہدوں میں مالی معاونت کے واضح اہداف، شفاف طریقہ کار اور قابلِ احتساب وعدوں کی عدم موجودگی ان ممالک کے لیے محض سفارتی مایوسی نہیں بلکہ مستقبل کی بقا کا مسئلہ ہے، اگر موسمیاتی فنڈز کے اعلانات عملی سرمایہ کاری میں تبدیل نہیں ہوتے تو بین الاقوامی کانفرنسوں کی افادیت بھی سوالیہ نشان بن جاتی ہے۔
پاناما، وانواتو اور مارشل آئی لینڈز کی جانب سے مسودے پر اعتراضات بھی اسی تشویش کی عکاسی کرتے ہیں۔ خصوصاً چھوٹے جزیرہ نما ممالک کے لیے سمندروں کی سطح میں اضافہ محض ماحولیاتی پیش گوئی نہیں بلکہ ان کی جغرافیائی شناخت، آبادی اور قومی وجود کے لیے خطرہ ہے۔ جن معاشروں کے پاس عالمی صنعتی پالیسیوں پر اثرانداز ہونے کی طاقت نہیں، وہی ان پالیسیوں کے نتائج سب سے پہلے بھگت رہے ہیں۔ اس تناظر میں موسمیاتی بحران محض سائنسی یا اقتصادی مسئلہ نہیں رہتا بلکہ بین الاقوامی مساوات، انسانی حقوق اور اجتماعی ذمے داری کا امتحان بن جاتا ہے۔
پاکستان کے لیے ان مذاکرات کی ناکامی کئی حوالوں سے غیر معمولی اہمیت رکھتی ہے۔ ہمارا ملک موسمیاتی تبدیلی کے ان اثرات سے دوچار ہے جن کی شدت ہمارے معاشی وسائل اور ترقیاتی ترجیحات پر براہِ راست اثر انداز ہوتی ہے۔ غیر معمولی بارشیں، تباہ کن سیلاب، طویل خشک سالی، بڑھتا ہوا درجہ حرارت، گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کے خدشات اور زرعی پیداوار میں بے یقینی قومی معیشت کے لیے سنجیدہ چیلنج ہیں۔ پاکستان کا عالمی کاربن اخراج میں حصہ محدود ہونے کے باوجود اسے موسمیاتی خطرات سے دوچار ممالک میں شمار کیا جاتا ہے۔ اس حقیقت سے عالمی سطح پر یہ موقف مزید مضبوط ہوتا ہے کہ ماحولیاتی تحفظ کی ذمے داری تمام ممالک پر یکساں نہیں ڈالی جا سکتی۔
پاکستان کو اپنی سفارتی حکمت عملی میں موسمیاتی انصاف، مالی معاونت اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کو مرکزی اہمیت دینا ہوگی۔ عالمی مالیاتی اداروں اور ترقی یافتہ ممالک سے ایسے منصوبوں کے لیے وسائل حاصل کرنے کی کوشش ضروری ہے جو سیلابی تحفظ، آبی ذخائر، زرعی تحقیق، جنگلات کی بحالی اور قابلِ تجدید توانائی کے فروغ سے متعلق ہوں۔ تاہم بیرونی معاونت کے انتظار میں داخلی اصلاحات کو موخر نہیں کیا جا سکتا۔ توانائی کے ضیاع پر قابو پانا، شمسی اور ہوائی بجلی کی پیداوار بڑھانا، شہروں میں شجرکاری، پانی کے ذخیرے اور نکاسی کے نظام کو بہتر بنانا اور ماحول دوست صنعتی پالیسی اختیار کرنا قومی ترجیحات میں شامل ہونا چاہیے۔ بالخصوص زرعی شعبے میں پانی کے موثر استعمال اور موسمی حالات سے مطابقت رکھنے والی فصلوں کی ترویج ناگزیر ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کی مذاکرات کی ناکامی پر مایوسی اس امر کی یاد دہانی ہے کہ عالمی ادارے بھی اس وقت بے اختیار دکھائی دیتے ہیں جب بڑی معیشتیں اپنے مفادات پر سمجھوتا کرنے سے انکار کر دیں۔ کانفرنس کے صدر مراد کورم کا یہ کہنا کہ اب مزید کچھ کرنے کو نہیں رہا اور تمام کوششیں کر لی گئی ہیں، دراصل اس سفارتی تعطل کی شدت کو ظاہر کرتا ہے۔ آسٹریلیا کے مذاکراتی صدر کرس بوون نے بھی نتائج کو انتہائی مایوس کن قرار دیا۔ یہ صورتحال عالمی قیادت کے لیے لمحہ فکریہ ہے کہ طویل مذاکرات، وسیع وفود اور بھاری اخراجات کے باوجود دنیا کسی ایسے بنیادی معاہدے تک نہیں پہنچ سکی جو مشترکہ خطرے کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہو۔
موسمیاتی بحران کسی ایک خطے، نظریے یا اقتصادی نظام کا پابند نہیں۔ فضائی آلودگی سرحدی چوکیوں سے اجازت نامہ لے کر ایک ملک سے دوسرے ملک میں داخل نہیں ہوتی، نہ ہی سمندروں کی سطح سیاسی نقشوں کا احترام کرتی ہے۔ اس لیے اس مسئلے کا حل بھی قومی مفادات کی محدود عینک سے باہر نکل کر تلاش کرنا ہوگا۔ ترقی یافتہ ممالک کو تاریخی ذمے داری تسلیم کرتے ہوئے مالی معاونت اور ٹیکنالوجی کی فراہمی یقینی بنانا ہوگی، جبکہ تیل پیدا کرنے والے ممالک کو بھی توانائی کے مستقبل میں بتدریج تبدیلی کے تقاضوں پر سنجیدہ غور کرنا چاہیے۔ ترقی پذیر ممالک کو بھی ماحول دوست ترقی کے لیے داخلی سطح پر قابلِ عمل اقدامات کرنا ہوں گے۔
انطالیہ کانفرنس کا بے نتیجہ اختتام محض ایک سفارتی ناکامی نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے مسائل میں اضافے کا اظہار ہے، اگر دنیا نے اپنے معاشی اختلافات کو اجتماعی بقا پر ترجیح دی تو اس کی قیمت صرف کمزور ممالک نہیں، بلکہ تمام انسانیت ادا کرے گی۔ زمین کو مزید وعدوں کی نہیں، قابلِ پیمائش اقدامات، منصفانہ مالی تعاون اور سیاسی عزم کی ضرورت ہے۔ عالمی قیادت کو یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ توانائی کے پرانے مفادات کی حفاظت کو ترجیح دے گی یا انسانی تہذیب کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے مشکل مگر ناگزیر فیصلے کرے گی۔ وقت کی عدالت میں کامیابی کا معیار کانفرنسوں کی طوالت یا اعلانات کی تعداد نہیں، بلکہ وہ عملی تبدیلی ہوگی جو کرہ ارض کو تباہی کے راستے سے واپس لانے میں کامیاب ہو سکے۔