رات کے تین بجے ایک بڑے شہر کے اسپتال میں بجلی موجود تھی، جنریٹر بھی درست کام کر رہا تھا، ڈاکٹروں کی ٹیم بھی موجود تھی، مگر انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں نصب ایک خودکار نظام نے کام کرنا چھوڑ دیا۔ اس نظام کو چلانے والا کمپیوٹر برسوں پرانا تھا۔ اس کا سافٹ ویئر اب بنانے والی کمپنی کی ترجیحات میں شامل نہیں تھا، اس کا بنیادی پروگرام (فرم وئیر) تبدیل کرنا ممکن نہیں تھا اور اسے جدید حفاظتی نظام سے جوڑنا بھی خطرے سے خالی نہیں تھا۔ اسپتال کے منتظمین کے سامنے ایک عجیب صورت حال تھی، مشین چل رہی تھی، بجلی بھی آ رہی تھی، مگر مشین کو محفوظ بنانے کا کوئی قابل اعتماد راستہ موجود نہیں تھا۔
یہ کوئی مخصوص اسپتال یا کسی حقیقی سائبر حملے کی کہانی نہیں، بلکہ اس مسئلے کی ایک تمثیل ہے جس کا اعتراف مائیکروسافٹ کے سربراہ ستیا ناڈیلا نے حال ہی میں نیویارک ٹائمز کے ڈیل بک سمٹ میں کیا ہے۔ ان کے مطابق امریکا کے اہم بنیادی ڈھانچے میں ایسے بے شمار سافٹ ویئر اور الیکٹرانک نظام موجود ہیں جن کی خامیوں کو اب دور کرنا ممکن نہیں۔ ان میں بجلی، ٹھنڈک، ہوا کی آمدورفت، نقل و حمل اور صنعتی مشینری کو کنٹرول کرنے والے نظام بھی شامل ہیں۔ ان میں سے بہت سے انٹرنیٹ سے منسلک ہیں، لیکن ان کے بنیادی پروگرام تبدیل یا محفوظ طریقے سے اپ ڈیٹ نہیں کیے جا سکتے۔
یہاں اصل خطرہ صرف سائبر حملہ نہیں، بلکہ ایک ایسی تہذیب کا وجود ہے جس نے اپنی زندگی کا اختیار ان نظاموں کے حوالے کر دیا ہے، جن کی حفاظت کی ضمانت خود ان کے تخلیق کار بھی نہیں دے سکتے۔ انسان نے مشینوں کو زیادہ ذہین بنانے کے لیے انٹرنیٹ سے جوڑنا شروع کیا۔ گھروں کے دروازے، گاڑیوں کے انجن، بجلی کے گرڈ، اسپتالوں کے آلات، پانی کی فراہمی کے پمپ، ہوائی اڈوں کے نظام، کارخانوں کی مشینیں اور عمارتوں کے درجہ حرارت کو کنٹرول کرنے والے آلات، سب ایک وسیع ڈیجیٹل نیٹ ورک کا حصہ بنتے چلے گئے۔ اس عمل کو انٹرنیٹ آف تھنگز کہا گیا۔ اس کا وعدہ تھا کہ دنیا زیادہ موثر، تیز رفتار اور آسان ہو جائے گی۔
مگر اس انقلاب میں ایک بنیادی سوال نظرانداز کر دیا گیا، کیا ہر وہ چیز جسے انٹرنیٹ سے جوڑا جا سکتا ہے، اسے جوڑنا بھی چاہیے؟
یہاں جدید ٹیکنالوجی کی عقلیت کا ایک بنیادی تضاد سامنے آتا ہے۔ ہم نے سہولت کو ترقی، خودکاری کو کارکردگی اور مسلسل رابطے کو جدیدیت سمجھ لیا، لیکن کسی نظام کی افادیت صرف اس بات سے متعین نہیں ہوتی کہ وہ کتنی تیزی سے کام کرتا ہے، یہ بھی ضروری ہے کہ وہ کتنی دیر تک محفوظ رہ سکتا ہے، خرابی کی صورت میں کس طرح بحال ہو سکتا ہے اور اس پر اختیار کس کے پاس ہے۔
ستیا ناڈیلا کا انتباہ اسی تضاد کی طرف اشارہ کرتا ہے۔ ان کے مطابق مصنوعی ذہانت اب سافٹ ویئر کی خامیاں تلاش کرنے میں غیر معمولی طور پر موثرہو چکی ہے۔ مسئلہ یہ ہے کہ جس رفتار سے خامیاں دریافت ہو رہی ہیں، اسی رفتار سے انھیں دور کرنا ہر جگہ ممکن نہیں۔
Verizon کی 2026 Data Breach Investigations Report اس خطرے کی شدت کا ایک قابل توجہ پیمانہ فراہم کرتی ہے۔ اس رپورٹ میں 22 ہزار سے زیادہ ڈیٹا خلاف ورزیوں اور 31 ہزار سے زیادہ سیکیورٹی واقعات کا تجزیہ کیا گیا۔ اس کے مطابق 31 فیصد خلاف ورزیوں میں ابتدائی رسائی کا ذریعہ سافٹ ویئر کی کمزوریاں تھیں۔ گزشتہ سال یہ شرح 20 فیصد تھی، یوں پہلی مرتبہ سافٹ ویئر کی خامیوں سے فائدہ اٹھانا چوری شدہ شناختی معلومات اور فشنگ جیسے روایتی طریقوں سے آگے نکل گیا۔
Microsoft کی 2026 Digital Defense Report کے مطابق مصنوعی ذہانت کی مدد سے دریافت ہونے والی خامیوں کو حملے کے قابل بنانے کا درمیانی وقت اب 24 گھنٹوں سے بھی کم رہ گیا ہے۔ رپورٹ 2026 میں دریافت ہونے والی خامیوں کی تعداد 72 ہزار تک پہنچنے کا تخمینہ بھی پیش کرتی ہے۔ یہ تعداد محض تکنیکی مسئلہ نہیں، یہ اس رفتار کا اظہار ہے جس سے ڈیجیٹل دنیا میں نئے خطرات پیدا ہو رہے ہیں۔
اس کا مطلب سمجھنے کے لیے ایک لمحے کو روایتی بینکاری کے نظام کا تصور کیجیے، اگر کسی بینک کے تالے میں نقص دریافت ہو جائے تو اسے تبدیل کرنے کے لیے وقت درکار ہوتا ہے، لیکن اگر چور کو اس نقص کا علم تالہ بنانے والے سے پہلے ہو جائے تو معاملہ مختلف ہو جاتا ہے۔ مصنوعی ذہانت نے اب ڈیجیٹل دنیا میں اسی عدم توازن کو کئی گنا بڑھا دیا ہے۔ فرق صرف یہ ہے کہ یہاں ایک تالے کے بجائے لاکھوں دروازے ہیں، اور ان میں سے بعض کے تالے تبدیل ہی نہیں کیے جا سکتے،یہی وہ مقام ہے جہاں ناڈیلا کا لفظ Unpatchable غیر معمولی اہمیت اختیار کر جاتا ہے۔
سافٹ ویئر کی خامی کو دور کرنے کے لیے عموماً ایک پیچ (Patch) جاری کیا جاتا ہے۔ مگر بجلی گھروں، صنعتی کارخانوں، اسپتالوں اور نقل و حمل کے نظاموں میں نصب پرانے آلات کو اپ ڈیٹ کرنا عام موبائل فون کی طرح آسان نہیں۔ بعض آلات کئی دہائیوں تک کام کرنے کے لیے بنائے گئے تھے۔ ان کا سافٹ ویئر مخصوص مشینوں کے ساتھ جڑا ہوتا ہے۔ اپ ڈیٹ کرنے سے پورا نظام بند ہو سکتا ہے، پیداوار رک سکتی ہے یا انسانی جانیں خطرے میں پڑ سکتی ہیں۔ بعض اوقات اصل کمپنی بھی ختم ہو چکی ہوتی ہے،یہ محض سائبر سیکیورٹی کا مسئلہ نہیں، جدید تہذیب کے وقت اور اختیار کا بحران ہے۔
اس خطرے کی عملی مثال امریکا میں بھی سامنے آ چکی ہے۔ جولائی 2026 میں امریکی سائبر سیکیورٹی اینڈ انفرا اسٹرکچر سیکیورٹی ایجنسی (CISA) نے پانی کی فراہمی اور نکاسی کے نظاموں میں نصب صنعتی کنٹرولرز (PLCs) کو نشانہ بنانے والی سرگرمیوں سے خبردار کیا۔ حملہ آور بعض مقامات پر ان آلات کے پاس ورڈ تبدیل کرکے منتظمین کو ان کے اپنے نظاموں سے باہر کر رہے تھے اور ان کے نیٹ ورک کی ترتیب بدل رہے تھے۔ نتیجتاً بعض اداروں کو پانی کی فراہمی کے لیے عارضی طور پر دستی طریقہ کار اختیار کرنا پڑا اور پانی ابال کر استعمال کرنے کے انتباہ جاری ہوئے۔
ذرا سوچیے، جس پانی کو صاف کرنے اور گھروں تک پہنچانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی ایجاد کی گئی تھی، اسی ٹیکنالوجی کے ذریعے پانی کی فراہمی کو خطرے میں ڈالا جا سکتا ہے،یہاں سرمایہ دارانہ ترقی کے تصور پر بھی سوال اٹھتا ہے۔ جدید معیشت میں کسی ٹیکنالوجی کی کامیابی عموماً اس کی فروخت، رفتار، منافع اور مارکیٹ میں قبولیت سے ناپی جاتی ہے، لیکن اس کے طویل مدتی سماجی خطرات کی ذمے داری اکثر کسی اور پر ڈال دی جاتی ہے۔ کمپنی اپنا آلہ فروخت کرکے اگلی نسل کی مصنوعات کی طرف بڑھ جاتی ہے، جبکہ ریاست اور عوام برسوں تک اس کے حفاظتی مسائل اٹھاتے رہتے ہیں،یوں منافع نجی رہتا ہے اور خطرہ اجتماعی ہو جاتا ہے۔
انسان نے مشینوں کو خودکار بنایا تھا، مگر اب اسے اپنی تہذیب کو دوبارہ قابل اختیار بنانا ہوگا، کیونکہ جس ترقی کی مرمت ممکن نہ ہو، وہ ترقی نہیں، مستقبل کے نام پر لیا گیا، ایک ناقابلِ واپسی قرض ہے۔