ایک 87 سالہ خاتون اسپین کے شہر میڈرڈ کے ایک علاقے میں اپنے گھر میں تقریباً 70 سال سے رہ رہی تھیں۔ جب پراپرٹی کمپنی نے ان کے مکان کا کرایہ غیر معمولی طور پر بڑھا دیا تو انھیں اپنے گھر سے نکلنے پر مجبور ہونا پڑا۔ بے دخلی کے بعد وہ اسپتال پہنچیں جہاں چند روز بعد ان کا انتقال ہوگیا۔اس بزرگ خاتون کے ساتھ پیش آنے والے اس واقعے نے اسپین میں شدید غم و غصے کو جنم دیا۔ اس واقعے کے بعد اسپین کے دارالحکومت میں مظاہرین نے خیمے لگا کر احتجاجی کیمپ قائم کر لیا۔ اس احتجاج میں سیکڑوں افراد شریک ہوئے۔ مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ حکومت کرایہ داروں کو بے دخلی سے تحفظ فراہم کرے اور کرایوں میں اضافے کو محدود کرنے کے لیے موثر قانون سازی کرے۔ یہ احتجاج اسپین کے کئی دوسرے شہروں تک بھی پھیل گیا۔
اسپین کی حکومت نے ایک قانون منظور کیا جس کے تحت سماجی رہائش کے منصوبوں میں اضافہ اور بحران سے متاثرہ علاقوں میں کرایوں کو کنٹرول کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم ان اقدامات پر عمل درآمد محدود پیمانے پر ہوا۔بارسلونا دنیا کے مقبول ترین سیاحتی شہروں میں شامل ہے۔ ہر سال لاکھوں سیاح یہاں آتے ہیں۔ سیاحت شہر کی معیشت کے لیے اہم ہے۔
جب ایک مکان مستقل کرایہ دار کے بجائے چند دن کے لیے آنے والے سیاح کو زیادہ منافع دے سکتا ہو تو پراپرٹی مالکان کی ترجیح کیا ہوگی؟ یہی وہ مسئلہ ہے جس نے بارسلونا کے شہریوں کو حکومت سے سیاحتی کرایوں پر پابندی کا مطالبہ کرنے پر مجبور کیا ہے۔
دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں شمار ہونے والے یورپی معاشرے بھی رہائش کے بحران سے دوچار ہیں۔ گھروں کی قیمتوں اور کرایوں میں مسلسل اضافے نے عام شہریوں، نوجوانوں، طلبہ اور متوسط طبقے کو پریشان کر دیا ہے۔ اس بحران کے خلاف یورپ کے متعدد ممالک میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ شہری حکومتوں سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ رہائش کو محض سرمایہ کاری اور منافع کمانے کا ذریعہ نہ بنایا جائے بلکہ اسے انسانی ضرورت اور بنیادی حق سمجھا جائے۔
یورپی یونین کے ادارہ شماریات یورو اسٹیٹ کے مطابق 2015 کے بعد یورپی یونین میں گھروں کی قیمتوں میں تقریباً 70 فیصد جبکہ کرایوں میں 25 فیصد اضافہ ہو چکا ہے۔ یہ اضافہ آمدنی میں ہونے والے اضافے سے کہیں زیادہ ہے۔ پرتگال میں گھروں کی قیمتوں اور آمدنی کے تناسب میں سب سے زیادہ اضافہ ہوا ہے، جبکہ نیدرلینڈز بھی اس فہرست میں نمایاں ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ اگر کسی شہری کی آمدنی میں اضافہ بھی ہو رہا ہے تو ضروری نہیں کہ وہ اپنے لیے گھر خریدنے کے قابل بھی ہو جائے۔
یورپ میں رہائش کا بحران اس قدر سنگین ہو چکا ہے کہ کئی ممالک میں شہری احتجاج کے لیے سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔ 20 نومبر سے مختلف یورپی ممالک میں تین روزہ مشترکہ احتجاجی سرگرمیوں کی کال دی گئی ہے۔ مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ حکومتیں گھروں کی قیمتوں اور کرایوں کو عام شہریوں کی استطاعت کے مطابق لائیں، بے دخلی کے خلاف تحفظ فراہم کریں اور سستی رہائش کے منصوبوں میں اضافہ کریں۔
پرتگال میں 2015 سے 2025 کے درمیان گھروں کی قیمت اور آمدنی کے تناسب میں تقریباً 61 فیصد اضافہ ہوا۔ 2020 کے بعد کرایوں میں بھی تقریباً 68 فیصد اضافہ رپورٹ کیا گیا۔پرتگال کے 30 سے زیادہ شہروں میں ہزاروں افراد نے احتجاجی مظاہرے کیے۔ ان میں نوجوان، طلبہ، ملازمین اور بزرگ شہری شامل تھے۔ مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ کرایوں میں اضافے کو محدود کیا جائے، بے دخلی کے خلاف تحفظ فراہم کیا جائے اور حکومت سستی رہائش کے منصوبوں پر تیزی سے عمل کرے۔
نیدرلینڈز میں بھی رہائش کی قلت ایک بڑا مسئلہ ہے۔ حکومت نے بعض نجی کرایہ دار مکانات کے کرایوں کو محدود کرنے کے لیے قوانین بنائے، لیکن اس پالیسی کا ایک غیر متوقع نتیجہ سامنے آیا۔ بعض پراپرٹی مالکان نے کرایے پر گھر دینے کے بجائے انھیں فروخت کرنا شروع کر دیا، جس سے کرایے کے لیے دستیاب مکانات کی تعداد کم ہو گئی۔
برطانیہ میں بھی رہائش کی قلت خاص طور پر لندن اور بڑے شہروں میں ایک طویل عرصے سے موجود ہے۔ حکومت نے 300 ہزار سوشل ہاؤسنگ یونٹس تعمیر کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ اس کے علاوہ پہلی بار گھر خریدنے والے افراد کے لیے مالی مدد اور کرایہ داروں کو بے دخلی سے تحفظ فراہم کرنے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں، تاہم بلند شرح سود، تعمیراتی لاگت اور دیگر معاشی عوامل نئے مکانات کی تعمیر میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔
یورپی ممالک کی ان پالیسیوں سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ رہائش کے بحران کا کوئی ایک آسان حل نہیں ہے۔ بعض حکومتیں کرایوں کو محدود کرنے کی کوشش کرتی ہیں، بعض نئے مکانات تعمیر کرتی ہیں، بعض سیاحتی کرایوں پر پابندیاں لگاتی ہیں، جبکہ کچھ حکومتیں مالکان کو مالی مراعات دے کر خالی مکانات کو رہائشی مارکیٹ میں واپس لانے کی کوشش کر رہی ہیں تاہم اس بحران کی ایک بڑی وجہ یہ بھی ہے کہ گزشتہ کئی دہائیوں میں مکانات کو ایک بنیادی ضرورت کے بجائے سرمایہ کاری کا ذریعہ سمجھا جانے لگا ہے۔ سرمایہ کار زمین اور مکانات خرید کر قیمتوں میں اضافے کا انتظار کرتے ہیں۔ بعض بڑے ادارے ہزاروں مکانات خرید کر انھیں کرایے پر دیتے ہیں۔ سیاحتی شہروں میں مختصر مدت کے کرایے زیادہ منافع بخش ہونے کے باعث مستقل رہائش کے لیے دستیاب مکانات کم ہو جاتے ہیں۔
یورپ میں اس بحران کے باعث نوجوان نسل کا مستقبل بھی متاثر ہو رہا ہے۔ ایک نوجوان تعلیم حاصل کرتا ہے، ملازمت کرتا ہے، لیکن اپنی آمدنی سے گھر خریدنے کے قابل نہیں ہوتا۔ بعض نوجوان اپنے والدین کے ساتھ رہنے پر مجبور ہیں، جبکہ کچھ افراد مشترکہ رہائش اختیار کرتے ہیں۔ اس صورت حال سے شادی، خاندان کی تشکیل، بچوں کی پیدائش اور مستقبل کی منصوبہ بندی بھی متاثر ہو رہی ہے۔
یورپ میں آج شہریوں کی آواز یہی ہے کہ گھر صرف سرمایہ کاروں کے منافع کا ذریعہ نہ بنیں بلکہ عام انسان کی زندگی، عزت اور تحفظ کا مرکز بھی رہیں۔ حکومتوں کے لیے اصل چیلنج یہی ہے کہ سرمایہ کاری اور شہریوں کے بنیادی حقوق کے درمیان توازن قائم کریں، تاکہ گھر انسان کی پہنچ سے باہر ہونے کے بجائے اس کی زندگی کا محفوظ ٹھکانہ بن سکے۔یورپ کے رہائشی بحران سے ایک اہم سبق یہ ملتا ہے کہ اگر حکومتیں بروقت منصوبہ بندی نہ کریں، شہری آبادی کے اضافے کے مطابق مکانات تعمیر نہ کریں اور رہائش کو صرف سرمایہ کاری کا ذریعہ بننے دیں تو ترقی یافتہ معاشروں میں بھی عوامی بے چینی پیدا ہو سکتی ہے۔
یہ بحران ہمیں پاکستان کے بڑے شہروں کی صورت حال پر غور کرنے کی دعوت بھی دیتا ہے۔ کراچی، لاہور، اسلام آباد اور دیگر شہروں میں زمین اور مکانات کی قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں۔ متوسط طبقے کے لیے گھر خریدنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ کرایوں میں اضافے نے تنخواہ دار طبقے پر بھی دباؤ بڑھا دیا ہے۔ کئی افراد اپنی آمدنی کا بڑا حصہ کرایے پر خرچ کرنے کے باوجود مناسب رہائش حاصل نہیں کر پاتے۔ ہمارے ہاں بھی اس بات کو سمجھنے کی ضرورت ہے کہ رہائش کو محض سرمایہ کاری اور منافع کمانے کا ذریعہ نہ بننے دیا جائے بلکہ ریاست اس کو اپنی ایک اہم ترین ذمے داری سمجھے اور اس ضمن میں عوامی مفادات کو ترجیح دے نہ کہ سرمایہ داروں کے مفادات کو۔