پنجاب میں گندم اور آٹے کے بحرانوں کی داستان کا سب سے شرمناک باب وہ روایتی سرکاری گندم کوٹہ سسٹم ہے جس نے کئی دہائیوں تک عوامی سبسڈی کو بعض مفاداتی گروہوں کے لیے منافع کمانے کا ذریعہ بنائے رکھا ۔ غریب کے نام پر قومی خزانے سے اربوں روپے کی سالانہ کی رعایت دی جاتی رہی مگر ماضی کے کوٹہ سسٹم پر سب سے سنگین الزام یہی ہے کہ بعض غیر فعال یا برائے نام چلنے والی فلور ملز بھی سرکاری گندم وصول کرتی رہی ہیں۔
یہ کیسا معاشی انصاف تھا کہ کسی فلورمل کا واشنگ ایریا خشک، رولر باڈیاں خاموش، مزدور غائب اور پیداوار نہ ہونے کے برابر ہو، مگر سرکاری گندم کا کوٹہ باقاعدگی سے ملتا رہے۔ جب مل چلانی نہیں، آٹا بنانا نہیں، عوام کو سپلائی دینی نہیں تو سرکاری گندم کس’’ خدمت‘‘ کے عوض چاہیے، کیا قومی خزانہ بند ملز کے مالکان کی تجوریاں بھرنے کے لیے ہے۔اس نظام کی ایک اور سنگین خرابی یہ ہے کہ کروڑوں روپے کی سرمایہ کاری کرنے والا، مزدوروں کو روزگار دینے والا، بجلی کے بھاری بل ادا کرنے والا اور مسلسل آٹا تیار کرنے والا فلورمل مالک بھی اسی صف میں کھڑا تھا جس میں برائے نام پیداواری کارکردگی والا مل مالک موجود تھا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی حکومت نے اس تعفن زدہ کوٹہ کلچر کی ایک بنیادی خرابی کو چیلنج کرکے قابلِ تحسین فیصلہ کرتے ہوئے گزشتہ تین ماہ کی فلورمل فعالیت کی شرط برقرار رکھتے ہوئے فعال ملز کو آبادی کے تناسب یا لبرل بنیادوں پر گندم فراہم کرنے کی پالیسی اختیار کی ہے۔ گو کہ یہ مکمل ڈی ریگولیشن نہیں، لیکن دہائیوں پرانے غیر منصفانہ اور کرپٹ نظام سے نکلنے کی ایک اہم اور اصولی کوشش ضرور ہے۔
مریم نواز حکومت کے اس اقدام کی حمایت کی بنیادی وجہ کسی مخصوص کاروباری گروپس کی سرپرستی نہیں بلکہ یہ سادہ معاشی اصول ہے کہ سرکاری گندم کا مقصد مستحق عوام کے لیے سستا آٹا پیدا کرنا ہے، سرکاری گندم کسی مل مالک کا موروثی حق نہیں بلکہ عوامی وسائل سے فراہم کردہ مشروط سہولت ہے۔ نئی پالیسی کے خلاف اٹھنے والی آوازوں کو بھی اسی تناظر میں دیکھنا ہوگا۔آواز اٹھانے والوں میں وہ لوگ بھی شامل ہیں جن کی اپنی فلورملز’’فعالیت کی شرط‘‘ پوری نہ ہونے کی وجہ سے طویل عرصہ سے بند پڑی ہیں اور اب وہ کسی طرح سے حکومت پر دباؤ ڈال کر اپنا ’’دھندہ‘‘ دوبارہ شروع کرنا چاہتے ہیں۔ ریکارڈ سے ثابت ہوتا ہے کہ روایتی مساوی کوٹہ سسٹم نے حقیقی پیداواری ضرورت کے بجائے سرکاری گندم کے کوٹے کے حصول کے لیے نئی فلور ملز کے قیام کی حوصلہ افزائی کی جس سے سرمایہ ضایع ہوا۔
ماضی میں مساوی کوٹہ سسٹم کے ہوتے ہوئے 35 سے 50 لاکھ ٹن سرکاری گندم کی سالانہ ریلیز کے باوجود آٹے کی قیمتیں کنٹرول نہیں ہو سکیںکیونکہ سیکڑوں فلورملز نے آٹا تیار کرنے کی بجائے اپنی سرکاری گندم بیچ دی یا پھر آٹا بنا کر خیبر پختونخوا سمگل کر کے دیہاڑیاں لگائیں۔ یہ حقیقت ہے کہ ملک میں گندم کا شارٹ فال موجود ہے مگر بادی النظر میں یہ تاثر پایا جاتا ہے کہ اس وقت نمائندوں کی جانب سے مزید 10 لاکھ ٹن سرکاری گندم کی درآمد کا پر زورمطالبہ بھی درحقیقت مساوی سرکاری گندم کوٹہ حاصل کرنے کے معاشی مفادات سے جڑا ہوا ہے۔ اگر بند ملوں میں مساوی سرکاری گندم بانٹنے سے بحران ختم ہوسکتا تو پنجاب کئی دہائیاں پہلے آٹے کی قلت سے نجات حاصل کرچکا ہوتا۔اس معاملے کا سب سے تشویش ناک پہلو وہ الزامات ہیں جن کے مطابق ماضی میں بعض رہنماؤں نے غیر منصفانہ معاشی مفادات کے حصول کے لیے قومی غذائی تحفظ کے نام پر طاقتور حلقوں کو یک طرفہ یا گمراہ کن معلومات فراہم کرکے محکمہ خوراک پنجاب کی پالیسیوں پر اثرانداز ہونے کی کوششیں کی۔
قومی سلامتی کے ادارے عوام کے تحفظ کے لیے ہیں، کسی فلور مل کے سرکاری کوٹے کی ضمانت کے لیے نہیں، ریاستی اثرورسوخ کو کاروباری مفادات کی ڈھال بنانے کی ہر کوشش بے نقاب ہونی چاہیے۔دوسری جانب پنجاب میں گندم اور آٹے کا موجودہ بحران بھی ایک تلخ حقیقت ہے۔ رواں سال گندم کی مقامی پیداوار میں تقریباً 25 لاکھ ٹن کمی کا سامنا ہے۔ نومبر میں بعض منڈیوں میں گندم کی قیمت 5900 سے 6000 روپے فی 40 کلو جبکہ 15 کلو نجی آٹے کے تھیلے کی قیمت 2500 سے 2650 روپے تک پہنچ چکی ہیں۔ پنجاب حکومت نے سرکاری گندم کی قیمت 4500 روپے فی 40 کلو اور 10 کلو سرکاری آٹے کے تھیلے کی قیمت 1275 روپے مقرر کی ہے لیکن حکومت کی کامیابی کا فیصلہ نوٹیفکیشن نہیں، مارکیٹ میں مقررہ قیمت پر آٹے کی مسلسل دستیابی کرے گی۔یہ اطلاعات تسلی بخش ہیں کہ وفاقی حکومت نے صوبوں کی ڈیمانڈ پر 8 لاکھ ٹن مزید گندم امپورٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ساڑھے پانچ لاکھ ٹن گندم کی امپورٹ پہلے سے جاری ہے یوں مجموعی طور پر13 لاکھ ٹن کے لگ بھگ گندم کی امپورٹ یقینی طور پر ملکی گندم مارکیٹ کو معمول پر لانے میں اثر انداز ہو گی۔
یہ نکتہ بھی اہم ہے کہ اگر ماضی میں غیر فعال ملز کو کوٹے ملتے رہے، سرکاری گندم کی مبینہ غیر قانونی فروخت ہوئی اور مقررہ مقدار میں آٹا مارکیٹ تک نہیں پہنچا تو سوال صرف مل مالکان سے کیوں۔ کوٹہ منظور کرنے والے، تصدیق کرنے والے اور نگرانی کے ذمے دار افسران کا احتساب کون کرے گا۔ حکومت کو گزشتہ برسوں میں سرکاری گندم حاصل کرنے والی تمام ملز کا فرانزک آڈٹ کرانا چاہیے۔ بجلی کی کھپت، حقیقی پسائی، گندم کی وصولی، آٹے کی پیداوار اور مارکیٹ سپلائی کا تقابلی ریکارڈ سامنے لایا جائے۔ جہاں خلاف ورزی ثابت ہو وہاں ریکوری، لائسنس کی منسوخی اور قانونی کارروائی ہونی چاہیے۔ یہی احتساب فعال ملز پر بھی یکساں لاگو کرنا لازم ہے تاکہ پرانے وار لارڈزکی جگہ کوئی نیا وار لارڈجنم نہ لے۔ مستقبل میں بحران سے بچنے کے لیے بروقت گندم درآمد، مقامی دستیابی میں بہتری، فعال ملز کی پیداواری استعداد سے مؤثر استفادہ اور گندم سے آٹے کی فروخت تک ڈیجیٹل نگرانی ناگزیر ہے۔
مریم نواز حکومت نے روایتی کوٹہ سسٹم کی بنیادی خرابی کو چیلنج کرکے درست سمت میں قدم اٹھایا ہے، مگر پنجاب حکومت کے سامنے اصل انتخاب فعال اور غیر فعال فلور ملز کا نہیں، قانون کی حکمرانی اور مفادات کی خاطر دباؤ کے درمیان ہے۔گندم کی قلت پیداوار میں کمی سے ہوسکتی ہے، مگر عوام کے حصے کی گندم میں خیانت کسی قدرتی آفت کا نام نہیں۔ اگر حکومت اس مرتبہ بھی دباؤ کے سامنے جھک گئی تو یہ محض ایک پالیسی کی شکست نہیں ہوگی بلکہ اس بات کا اعلان ہوگا کہ عوام کی روٹی سے زیادہ طاقتور وہ مفادات ہیں جو اسی روٹی آٹا کے نام پر سرکاری وسائل کی لوٹ مار سے حاصل ہوتے رہے ہیں۔ریاست اور حکومت کو اب طے کرنا ہوگا کہ اسے آٹا پیدا کرنے والی صنعت چاہیے یا سرکاری گندم کے کوٹے پر پلنے والا نظام۔ کیونکہ سرکاری گندم کے ہر دانہ پر پہلا حق مستحق صارف کا ہے، کسی بااثر کاروباری گروہ کا نہیں۔