بزرگی کی مختلف عمریں اور برائے نام مراعات

پاکستان میں عمریں ساٹھ پینسٹھ سال تک بتائی جاتی ہیں جس کی جتنی لکھی ہے وہ گزار کر اپنا وقت پورا کر ہی رہا ہے۔


محمد سعید آرائیں November 24, 2026
[email protected]

پاکستان میں عمریں ساٹھ پینسٹھ سال تک بتائی جاتی ہیں جس کی جتنی لکھی ہے وہ گزار کر اپنا وقت پورا کر ہی رہا ہے۔ چالیس سال کے بعد والوں کو ادھیڑ عمر قرار دیا جاتا ہے اور 80 سال عمر پانے والے خوش نصیب تو ہوتے ہیں مگر بڑھتی عمر کے ساتھ انھیں مختلف امراض کا جو سامنا رہتا ہے ،ان میں کمی تو ممکن نہیں اضافہ ہی دیکھنے میں آتا ہے۔

سرکاری ملازمتوں میں عمر کی حد ساٹھ سال مقرر ہے جو پوری ہونے پر اسے ریٹائر کر دیا جاتا ہے جبکہ ن لیگ کی دوسری حکومت میں لاتعداد سرکاری ملازمین کو گولڈن شیک ہینڈ کے نام پر 60 سال سے قبل ہی ریٹائرمنٹ پر مجبور کر دیا گیا تھا۔ حکومت اپنے پسندیدہ افسران کو ریٹائرمنٹ کی عمر کے بعد بھی ملازمت میں توسیع دے کر نوازنے کا اختیار رکھتی ہے اور ایسے خوش نصیب حکومتوں سے وفاداری کے سلسلے میں مزید مراعات اور ڈبل تنخواہ وصول کرکے توسیع پر توسیع کے خواہاں رہتے ہیں۔

 ماضی میں بزرگوں کو سینئر سٹیزن قرار دے کر اضافی سہولتوں اور مراعات کا حق دار تو قرار دیا گیا تھا مگر ان کی مراعات برائے نام ہی ہیں کیونکہ حکومتیں بزرگوں سے صرف نام کی حد تک مخلص رہی ہیں جبکہ ہر جگہ بزرگ حضرات استحصال کا ہی شکار رہے ہیں اور سرکاری طور بزرگی کا کوئی احترام ہے نہ وہ پہلے والا خلوص کہ بزرگ کے لیے اپنی نشست پیش کر دی جاتی تھی وہ خلوص نجی طور پر تو نظر آ جاتا ہے مگر حکومتوں نے بزرگی کے لیے دہرا معیار اپنا رکھا ہے۔

 حکومت ساٹھ سال والے کو بزرگ قرار دیتی ہے مگر سرکاری سفر کا اکلوتا سرکاری محکمہ ریلوے ہے جہاں بزرگی کی مختلف عمریں مقرر ہیں جس کے بعد ہی وہ کسی سرکاری رعایت کے مستحق گردانے جاتے ہیں۔ ریلوے کے سابق وزرائے ریلوے نے بزرگوں کو سہولیات دینے کی عمریں مختلف رکھی تھیں اور زیادہ تر ٹرینوں میں ریلوے قانون کے مطابق رعایت مل جاتی تھی مگر اب ریلوے میں کرائے بڑھانے کا ریکارڈ ضرور قائم ہوا مگر ڈیزل کے نرخ کم ہونے پر بھی ریلوے کرائے کم نہیں ہوئے بلکہ حاصل سہولیات ضرور کم ہو رہی ہیں۔

ریلوے ساٹھ سال والے شخص کو بزرگ نہیں مانتی بلکہ 65 سال عمر والے کو بزرگ سمجھ کر ریلوے کرائے میں نصف رعایت اور 79سال والے بزرگ کو مزید سینئر سمجھ کر مفت ریلوے سفر کی مشروط رعایت دیا کرتی تھی مگر وہ بھی مخصوص پرانی کھٹارا ٹرینوں میں تھی اور جدید نام کی نئی تیز رفتار ٹرینوں میں بزرگوں کے لیے رعایت تو کیا کوٹہ تک مقرر نہیں۔ پہلے بڑے شہروں میں سینئر سٹیزن کے کاؤنٹر نظر آ جاتے تھے جہاں چھوٹی لائنوں میں بزرگ کم اور جوان زیادہ فائدہ اٹھاتے تھے اور ریلوے عملہ خود ان پر اعتراض نہیں کرتا تھا کہنے کو تو سرکاری اداروں میں سینئر سٹیزن کی سہولت برائے نام ہی رہ گئی ہے جہاں سب کو ایک ہی لاٹھی سے ہانکا جاتا ہے۔

محکمہ ریلوے نے بزرگوں کو ملنے والی رعایتیں ختم کرکے اپنی آمدنی بڑھانے کے لیے پرائیویٹ کی جانے والی ٹرینوں میں ہر عمر کے بزرگوں اور صحافیوں کی رعایتیں مکمل ختم کر دی ہیں۔ مختلف عمر کے بزرگوں کو پہلے یہ رعایت سال میں چار بار سفر کی ملتی تھی مگر اب شاید ریلوے بزرگوں کے ریلوے سفر کی حوصلہ شکنی کی پالیسی بنا چکی ہے۔ ریلوے میں اپنی کھٹارا بوگیوں کو نہیں دیکھا جاتا کہ وہ سفر کے قابل بھی رہی ہیں یا نہیں مگر ضرورت پر انھیں استعمال ضرور کر لیا جاتا ہے خواہ مسافروں پر جو گزرے وہ مسافر جانیں مگر ادارے کا مالی نقصان نہ ہو۔

ہوائی جہاز اور بسوں میں بزرگوں کے لیے کوئی سفری سہولت ہے نہ رعایت بلکہ ریلوے میں سفر کے لیے اب طلبا بھی نصف رعایت سے محروم ہیں اور اب بزرگوں کو حاصل رعایت بھی ختم ہوتی جا رہی ہے۔ کسی اور ملک میں ایسا نہیں ہوگا کہ پاکستان ریلوے کی طرح65 سال والے بزرگوں کو نصف اور 75 سال والوں کو دس سال مزید بوڑھا ہونے پر مکمل رعایت ملتی ہو مگر پاکستان میں ساٹھ، 65 سال کے بعد 75 سال والے ہی بزرگ شمار کیے جاتے ہیں مگر پھر بھی انھیں قانونی طور پر حاصل سہولیات سے بھی محروم کیا جا رہا ہے۔