کراچی، مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں 2 کمسن بچوں سمیت 4 افراد زخمی

زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا


یاسین جبلپوری November 24, 2026
فوٹو: فائل

کراچی:

شہر قائد کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں 2 کمسن بچوں سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لیے مختلف اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن کے علاقے صابری چوک کے قریب فائرنگ سے 8 سالہ ایان زخمی ہوگیا جسے چھیپا رضاکاروں نے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا۔

بچے کی کمر پر گولی لگی۔ اقبال مارکیٹ پولیس کے مطابق ابتدائی معلومات میں واقعہ نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے کا بتایا جارہا ہے، جس کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔

دوسری جانب سرجانی ٹاؤن کے علاقے خدا کی بستی، میر خان گوٹھ کے قریب فائرنگ سے 35 سالہ روبن زخمی ہوگیا۔ چھیپا حکام کے مطابق واقعہ مبینہ طور پر ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر پیش آیا جس میں روبن کی ٹانگ پر گولی لگی۔ زخمی کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔

ادھر نارتھ کراچی سیکٹر 9 میں بارہ دری چکن شاپ کے قریب فائرنگ سے 13 سالہ احسان زخمی ہوگیا۔ سرسید پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر واقعہ نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے کا بتایا جارہا ہے۔

اسی طرح سچل کے علاقے صفورا چورنگی پر کرن اسپتال کے قریب فائرنگ سے 20 سالہ مبین زخمی ہوگیا۔ سچل پولیس کے مطابق نوجوان کو بھی نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تمام واقعات کی نوعیت اور وجوہات جاننے کے لیے متعلقہ تھانوں کی جانب سے تحقیقات جاری ہیں۔