جنات کا سایہ ہونے کا وہم، باپ نے اپنے ہی 12 سالہ بیٹے کی جان لے لی

باپ مبینہ طور پر کالا جادو کرنے کے عمل سے وابستہ تھا، پولیس


ویب ڈیسک November 24, 2026

پاکپتن:

بیٹے میں جن ہونے کے وہم نے باپ کو سفاک قاتل بنا دیا، مبینہ طور پر جن نکالنے کے لیے آہنی راڈ سے سر پر وار کرکے اپنے ہی 12 سالہ بیٹے کی جان لے لی پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق افسوس ناک واقعہ پاکپتن کے گاؤں 19 ای بی میں پیش آیا جہاں نذیر احمد نامی شخص مبینہ طور پر کالا جادو کرنے کے عمل سے وابستہ تھا۔ ملزم کو وہم تھا کہ اس کے 12 سالہ بیٹے عبداللہ میں جن کا سایہ ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے بیٹے سے جن کا اثر ختم کرنے کے لیے اس کے سر پر آہنی راڈ سے وار کیا، جس کے نتیجے میں کمسن عبداللہ شدید زخمی ہوکر جاں بحق ہوگیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس، کرائم سین یونٹ اور فرانزک ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کیے۔ پولیس نے مقتول بچے کی والدہ کی مدعیت میں باپ کے خلاف قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے اسے گرفتار کرلیا۔

ڈی پی او جاوید چدھڑ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ اپنے ہی بیٹے کو قتل کرنے والے ملزم کو قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دلوائی جائے گی۔