پاکستان خلائی تحقیق کے میدان میں ایک نئی تاریخ رقم کرنے جا رہا ہے، پاکستانی خلاباز محمد ذیشان علی چین کے خلائی مشن ’شین ژو 24‘ کے تحت آج خلا کے سفر پر روانہ ہوں گے جہاں وہ چین کے تیانگونگ خلائی اسٹیشن پہنچنے والے پہلے غیر ملکی خلاباز ہوں گے۔
چینی خلائی ایجنسی کے مطابق خلائی جہاز مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بج کر 18 منٹ پر جیوکوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے روانہ ہوگا۔ یہ مشن پاکستان اور چین کے درمیان خلائی تحقیق کے شعبے میں جاری تعاون کا اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
اسپارکو کے مطابق محمد ذیشان علی اس مشن میں سائنسی ماہر کی حیثیت سے حصہ لیں گے اور خلائی اسٹیشن پر مختلف سائنسی تجربات انجام دیں گے۔ یہ مشن اسپارکو اور چین کی خلائی ایجنسی کے مشترکہ تعاون سے مکمل کیا جا رہا ہے۔
پاکستانی خلاباز تقریباً ایک ہفتہ خلا میں گزارنے کے بعد زمین پر واپس آئیں گے۔ ان کا انتخاب پاکستان کے خلائی پروگرام اور پاک چین سائنسی تعاون کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔