پاکستانی قوم اور ملک۔بلکہ صحیح معنی ہیں حکومتیں۔ اور اس سے زیادہ صحیح معنی ہیں انتظامیہ۔جسے آقائی زبان میںحکمرانیہ بھی کہتے ہیں اور اصل میں ملک یہی چلاتے ہیں اور پالیسیاں بناتے ہیں۔اس طبقے میں ایک ہزار ایک سو ایک دیگر صفات کے ساتھ یہ صفت بھی کوٹ کوٹ کر بھری ہوئی ہے کہ احسان فراموش اور بے وفابالکل نہیں ہے۔جن جن خاندانوں نے ماضی میں اس ملک و قوم پر احسان لادے ہوئے ہیں، ان کو ہمیشہ یاد رکھتے ہیں اور جب بھی اس ملک میں کوئی ’’خوان لغیما‘‘ بچھایا جاتا ہے ،کوئی عبوری حکومت بنانی ہوتی ہے یا اسی طرح کا کوئی ’’موقع‘‘ آتا ہے جیسا کہ اپنے صوبے ’’خیر پخیر‘‘ میں ہوتا چلا آرہا ہے۔ ان خاندانوں کے وارثوں کو بلا کر دسترخوان پر بٹھادیا جاتا ہے، پہلے بھی اور اب بھی دسترخوان پر نظر ڈالیے ماضی قریب و بعید میں جو خانوادے برسراقتدار رہے ہیں اور بے پناہ’’خدمات‘‘سرانجام دے چکے ہیں، ان کے بال بچوں کو نہ جانے کیسے کیسے اور کہاں کہاں سے ڈھونڈ کر لایا گیا ہے اور دسترخوان پر بٹھا دیا گیا ہے۔
ان خادمان قوم خاندانوں میں سے اکثر تو مستقل طور پر اس ملک وقوم کو’’لاحق‘‘ ہیں بلکہ پکے اشٹام پر یہ ملک کے نام رجسٹر کیے جا چکے ہیں، و ہ بھی خانہ شاملات میں نہیں بلکہ خانہ ملکیت میں۔ان سب کی ایک خوبی مشترکہ ہے۔ ان کے بڑوں نے اس ملک کو بنایا، تڑوایا اور پھر بچایا تھا۔اب ایسے محسنین اور نجات دہندگان خاندانوں کا یہ حق تو ہے کہ ان کے انڈے بچے چوزے بھی اس ملک کو ہمیشہ لاحق رہیں بلکہ خاندان میں ایک اور پیوند کی وجہ سے دوباری سہ باریہ کے بعد نئی ترقی دادہ پیداوار شاید ’’تاحیات‘‘ لاحق ہوجائے۔ بھٹو خاندان، شریف خاندان ، ڈاکٹر خان صاحب ،غفار خان کا خاندان، ہوتی خاندان، عبدالصمد اچکزئی خاندان، اکبر بگٹی خاندان، خیر بخش مری خاندان، چوہدری خاندان وغیرہ آج تک حکمرانیہ میں شامل ہیں۔ بھارتی فلم پاکیزہ میں محترمہ آشا بھونسلے نے فرمایا اور میناکماری نے دکھایا ہے
انھی لوگوں نے لے لی نا دوپٹہ مورا
اس نیک کام میں ایک نئے ’’بانی‘‘ نے بھی اپنا خاندان لانچ کیا ہے۔ موصوف کے صاحبزادوں سے لے کر بہنوں اور بھانجوں تک ’’غیر سیاسی‘‘ بن کر سیاسی ہوگئے ہیں، اس کے ساتھ تو دعائیں، وظائف اور منترجنتر کے ہتھیار بھی تھے اور شاید اب بھی ہیں لیکن اسے شاید خود اپنی ہی نظر لگ گئی کہ۔’’اڑنے نہ پائے تھے کہ گرفتار ہوگئے‘‘۔نہ جنتر منتر کام آئے نہ دم چُف نے کام کیا۔
الٹی ہوگئیں سب تدبیریں کچھ نہ دوا نے کام کیا
دیکھا اس بیماری دل نے آخر کام تمام کیا
کچھ ا ورمقدس مبارک اور دیندار خاندان بھی ہیں جواس ملک کو مستقل لاحق ہیں لیکن ان کے بارے میں ہم تفصیل سے تو کیا اجمال سے بھی نہیں بتاسکتے کہ ہمارا مستقل محافظ ’’ڈر‘‘ ہمیں اشارے کرکے منع کررہا ہے۔ کچھ علمائے کرام اور مشائح عظام کے خاندان بھی ہیں، جو اس ملک وقوم کی خدمات میں ناقابل فراموش ہیں کہ انھوں نے اس ملک کو اپنے نام کیا ہے، اپنے خاندانوں کو اس ملک کے نام۔اور ملک کو اپنے خاندانوں کے نام رجسٹر کیا ہوا ہے اور جب بھی۔جہاں بھی جیسا بھی دسترخوان بچھتا ہے وہ اس پر موجود ہوتے ہیں،کوئی نہ بھی بلائے تو وہ خود اپنی کرامتوں کے زور سے پہنچ جاتے ہیں۔
شاید مجھے نکال کے ’’کچھ کھا‘‘رہے ہوں آپ
محفل میں اس خیال سے پھر آگیا ہوں میں
تازہ ترین دسترخوان پر بھی نظر ڈالیے تو ایسے ہی منتخب خاندانوں کے ’’ستارے‘‘ بیٹھے ہیں اور کھانا لگنے کے منتظر دروازے کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ ممکن ہے ابھی تک’’کھانا‘‘ پہنچ بھی چکا ہو اور نوالے مونھوں کے اندر جانے لگے ہوں، بعض لوگ تو اس’’خدمت‘‘ کے اتنے زیادہ شوقین ہوتے ہیں کہ دسترخوان سے تب تک نہیں اٹھتے جب تک دنیا سے اٹھ نہیں جاتے۔ ایک ’’خادم قوم‘‘ نے تب اس ملک وقوم کی جان نہیں چھوڑی جب تک اس نے’’پران‘‘ نہیں چھوڑے یا پرانوں نے ان کو نہیں چھوڑا تھا ۔ دسترخوان کی بات آگئی تو ایک مشہور، تاریخی اور سچے واقعے کا بھی ذکر ہوجائے۔ اس سے بھی ثابت ہوجائے گا کہ دسترخوان کی روایت کتنی پرانی ہے۔
میں اس بزرگ کا’’نام‘‘ نہیں لوں گا کیونکہ موصوف کو وہ عارضہ لاحق تھا جس میں انسان کے پیٹ کا ’’میٹر‘‘ خراب ہوجاتا ہے اور کھاتے ہوئے اسے پیٹ بھرنے کا احساس نہیں ہوتا اور ٹھونستاچلا جاتا ہے چنانچہ اس نے ایک شاگرد کو خاص طور پر اس لیے رکھا تھا کہ اس پر نظر رکھے اور مناسب وقت پر سرخ جھنڈی دکھاکر ’’دی اینڈ‘‘ کا اشارہ کرے۔لیکن ایک دعوت میں ہوا یہ کہ خاص لوگ اور عام لوگ الگ الگ کردیے گئے اور ’’بزرگ‘‘ کا خصوصی شاگرد اس سے الگ کردیا گیا تھا اور جب لوگوں نے آکر دیکھا تو بزرگ کھاتے کھاتے ’’گذرگ‘‘ ہوگئے تھے۔