فوڈ اسٹریٹ کلچر

کراچی کے میئر فوڈ اسٹریٹ قائم کرکے کراچی کو ترقی دینا چاہتے ہیں۔



کراچی کے میئر فوڈ اسٹریٹ قائم کرکے کراچی کو ترقی دینا چاہتے ہیں۔ ان کی زیرِ نگرانی جمشید ٹاؤن کے سندھی مسلم ہاؤسنگ سوسائٹی میں Food Walkتعمیر کی گئی۔ اس منصوبے پر 25 کروڑ روپے کی لاگت آئی، اس فوڈ واک اسٹریٹ کو خوبصورت لائٹوں سے سجایا گیا ہے۔ سڑک اور فٹ پاتھ دوبارہ تعمیر کی گئی ہیں۔ سڑک پر بھٹے میں تیار ہونے والے بلاک لگائے گئے ہیں۔ اس علاقے میں مختلف فوڈ آوٹ لیٹس پہلے سے ہی موجود ہیں۔

ان میں کچھ ملٹی نیشنل کمپنیوں کے آؤٹ لیٹس بھی شامل ہیں۔ سندھ کے وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے اس فوڈاسٹریٹ کا افتتاح کیا۔ اس فوڈ اسٹریٹ کو موٹر وہیکلز کے رش سے بچانے کے لیے سندھ مسلم سوسائٹی سے شاہراہِ قائدین آنے والی سڑک رات 8بجے گاڑیوں وغیرہ کے لیے بند کردی جاتی ہے۔ شاہراہِ قائدین اور طارق روڈ کا سگنل بند کردیا گیا ہے اور شاہراہِ قائدین پر دو U Turn بنائے گئے ہیں۔ اس کے باوجود رش کے اوقات میں اس علاقے میں اکثر ٹریفک جام ہوجاتا ہے۔ یوں لوگوں کو بروقت گھر پہنچنے میں مشکلات کا سامنا رہتا ہے۔

برنس روڈ ہمیشہ کھانے پینے کی دکانوں کے لیے شہرت رکھتا ہے۔ اس علاقے میں روایتی کھانوں کے ساتھ جدید کھانے بھی دستیاب ہوتے ہیں۔ ہمیشہ برنس روڈ پر رات کو ہجوم نظر آتا ہے۔ ایک زمانہ میں جو فرد کراچی آتا تھا ،وہ برنس روڈ کے کھانے سے ضرور لطف اندوز ہوتا تھا، برنس روڈ ایم اے جناح روڈ سے متصل ہے۔

یہاں سے گزرنے والی سڑک ٹاور اور کیماڑی تک جاتی ہے۔ چند سال قبل ڈپٹی کمشنر ساؤتھ نے شام کے بعد برنس روڈ سے ٹریفک کے گزرنے پر پابندی عائد کردی تھی، اس فیصلے سے بھی عوام کو مشکلات پیدا ہوئیں۔ یہ معاملہ سندھ ہائی کورٹ کے سامنے پیش ہوا۔ عدالت نے پابندی کو غیر قانونی قرار دیدیا۔ اب میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے اعلان کیا ہے کہ برنس روڈ کی فوڈ اسٹریٹ کو خوبصورت انداز میں تعمیر کیا جائے گا اور رمضان المبارک کے آغاز تک فوڈ اسٹریٹ کی تعمیر ِ نو کا کام مکمل ہوجائے گا۔

 پاکستان میں فوڈ اسٹریٹ کے قیام کا سلسلہ سب سے پہلے لاہور میں شروع ہوا۔ گزشتہ صدی کے آخر اور اس صدی کے پہلے عشرے میں لاہور میں فوڈ اسٹریٹ کی تعمیر شروع ہوئی۔ سب سے پہلے گوال منڈی میں فوڈ اسٹریٹ قائم ہوئی۔ گوال منڈی ہمیشہ سے کھانوں کے لیے مشہور رہا ہے۔ فوڈ اسٹریٹ سے لوگوں کے لیے وہاں جاکر کھانا کھانے کی کشش بڑھ گئی۔ کراچی میں امراء اور متوسط طبقہ کے لیے فوڈ اسٹریٹ جاکر دوستوں اور اہل خانہ کے ساتھ مل کر کھانا ایک ’’اسٹیٹس سمبل‘‘ بن گیا ہے مگر کراچی کے بوسیدہ انفرااسٹرکچر اور ٹریفک کے رش کے حوالے سے دیکھا جائے تو سٹرکوں کو ٹریفک کے لیے بند کرنے سے شہریوں کی مشکلات میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔

 اب ذرا بات صحت کے مسائل پر بھی ہوجائے۔  پاکستان میں شوگر کا مرض بہت بڑھ گیا ہے۔ ملک بھر میں 34.5 ملین افراد شوگر کے مرض کا شکار ہیں، یعنی پاکستان میں ہر 3میں سے ایک فرد اس مرض کا شکار ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ آبادی کا 31.4 فیصد حصہ اس مرض میں مبتلا ہوچکا ہے۔ اب تو یہ مرض بچوں اور نوجوانو ںمیں بھی پھیل رہا ہے۔ عالمی ادارہ صحت کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پہلے Type-2 شوگر صرف زیادہ عمر کے لوگوں کو ہوتی تھی ،اب شوگر کی یہ قسم نوجوانوں میں بھی پائی جاتی ہے۔ اس مرض کے بڑھنے کی مختلف وجوہات بیان کی جاتی ہیں، جن مرغن غذائیں، موٹاپا اور بسیار خوری وغیرہ شامل ہیں۔

دل اور گرد ہ کے امراض میں بھی اضافے کی ایک وجہ شوگر کا مرض بھی ہے۔ ویسے بھی کراچی کا انفرااسٹرکچر زبوں حالی کا شکار ہے۔ شہر کی متوسط اور غریب طبقے کی آبادیوں میں گٹر لائن خراب ہیں۔ کئی جگہوں پر گٹر کا پانی سڑکوں اور گلیوں میں ہر موسم میں بھرا رہتا ہے۔ یہ گندا پانی صاف پانی کی لائنوں میں مل جاتا ہے۔ اکثر جگہوں پر سیوریج کا گندا پانی اتنا زیادہ جمع ہوجاتا ہے کہ پیدل تک چلنا مشکل ہوجاتا ہے۔ غریب بستیوں میں پیٹ کے امراض، ملیریا اور ڈینگی عام بیماری سمجھے جاتے ہیں۔ یہ تمام بیماریاں گندے پانی کی فراہمی سے منسلک ہیں۔

 کراچی کی سڑکوں اور گلیوں پر کوڑے کے ڈھیر جمع ہونا عام سی بات بن گئی ہے۔ یہ کوڑے کے ڈھیر صرف ماحولیات کو ہی نقصان نہیں پہنچاتے بلکہ پاگل کتوں کی پناہ گاہیں بھی بن گئے ہیں۔ کراچی میں اس سال کتے کے کاٹنے کے 17 ہزار کیس صرف انڈس اسپتال میں رجسٹر ہوئے۔ اس سال کتے کے کاٹنے کے مرض میں مبتلا 30مریض انتقال کرگئے۔ شہر میں کتوں کی پیداوار میں اضافہ کی ایک اہم وجہ یہ کوڑے کے ڈھیر ہیں جو محلے اور سڑک کے کونے پر نظر آتے ہیں۔

 کراچی کے بہت سے علاقوں میں سڑکیں ٹوٹ پھوٹ چکی ہیں۔ میئر کراچی نے ناتھا خان گوٹھ سے صفورا چورنگی تک سڑک کی تعمیر کے منصوبہ کا افتتاح کیا مگر یہ سڑک ابھی تک نامکمل ہے اور پی آئی اے ہاؤسنگ سوسائٹی سے صفورا چوک تک سڑک ٹوٹ پھوٹ چکی ہے۔ کراچی کا ایک اور اہم مسئلہ کھیل کے میدانوں کی کمی ہے۔ بچے اور نوجوان میدان نہ ہونے کی بناء پر سڑکوں پر کھیلنے پر مجبور ہوتے ہیں ،کراچی میں حادثات بڑھنے کی ایک وجہ یہ بھی ہے۔ میئر کراچی اور پیپلز پارٹی کے مدبرین اگر نمائشی کاموںکے بجائے شہر میں سیوریج کے پانی کی نکاسی، ہر گھر میں صاف پانی کی فراہمی اور کوڑے کے ڈھیر کے خاتمہ پر یہ رقم خرچ کریں تو اس کے زیادہ مفید نتائج برآمد ہوںگے۔

کراچی کا ایک اہم ترین مسئلہ نوجوانوں کو صحت مند تفریح کی فراہمی کا ہے۔ کے ایم سی ہر علاقے میں کھیلوں کے میدانوں کی ترقی اور نوجوانوں کو ورزش کی طرف متوجہ کرنے کے لیے ہیلتھ سینٹر قائم کیے جائیں۔ معاشرے میں اخبار اور کتابوں کے مطالعہ کا کلچر ختم ہوگیا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ نوجوانوں میں مطالعے کی عادت ڈالنے کے لیے یونین کونسل کی سطح پر پروگرام کرائے جائیں اور ہر علاقے میں ایسی گشتی لائبریری بھی قائم کی جائے کہ بچوں سے لے کر بوڑھوں تک کتابوں پڑھنے کی طرف متوجہ ہوجائیں۔ ہر علاقہ میں ایک سینما تعمیر ہونا وقت کی ضرورت ہے تاکہ علاقہ کے مکین فلمیں دیکھ کر وقت گزاریں، اس طرح انھیں ان فلموں سے کچھ سیکھنے کا بھی موقع مل سکے گا۔ اس کے ساتھ ہی نوجوانوں میں مطالعہ کی عادت ڈالنے کے لیے یونین کونسل کی سطح پر پروگرام منعقد کیے جائیں تو نہ صرف نوجوانوں میں فرسٹریشن کم ہوگی بلکہ ان کی صحت بہت بہتر ہوگی۔