کشتی پھر بھنور میں

پاکستان کی سیاسی تاریخ اسی بات کا احاطہ کرتی ہے اور ہمیں یہی سبق دیتی ہے کہ جب تک ہمارے سیاسی زعماء اپنا سیاسی قبلہ درست نہیں کریں گے


اطہر قادر حسن November 25, 2026

جس طرح پاکستانی قوم کو بھول جانے کی عادت ہے، یہ سچ ہے کہ پاکستانی قوم بہت جلد ماضی قریب کی باتیں بھی بھول جاتی ہے اور اپنے ہر اس لیڈر کو معاف کر دیتی ہے یا بھول جاتی ہے جس نے ان سے غلط بیانی کی ہو‘جھوٹ بولا ہو‘ترقی کا خواب دکھایا ہو یا قوم کی انا کو ٹھیس پہنچائی ہو۔ لیکن پاکستانی قوم کی ایک اور خوبی بھی ہے کہ وہ جو موجود ہے ‘اس سے مطمئن نہیں ہوتی اور جو گزر گیا ہے اسے اچھا قرار دینا شروع کر دیتی ہے۔ جیسے ہی کوئی دوسرا سیاسی لیڈر قوم کے ساتھ ایسا ہی سلوک کرتا ہے تو قوم پچھلے لیڈر کے تمام گناہ معاف کر دیتی ہے اور اسے دوبارہ گلے لگا لیتی ہے اور مسند اقتدار پر بیٹھا دیتی ہے۔

پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ کی قیادت اس کی واضح مثالیں ہیں۔ پہلے ان کا اقتدار ختم کیا گیا اور پھر دوبارہ انھیں ہی اقتدار مل بھی گیا۔ گزشتہ آٹھ دہائیوں سے ہمارے جوڑ توڑ کے ماہر سیاسی ’حضرات‘ کے ساتھ بھی ایسی ہی صورتِ حال رہی ہے جو کسی بھی منتخب حکومت کو ایک خاص مدت سے زیادہ پسند نہیں کرتے اور جیسے ہی کوئی منتخب حکومت اس مدت کو پہنچتی ہے، وہ سیاسی جوڑ توڑ کے ذریعے اس کا خاتمہ کر دیتے ہیں۔

یہ طاقتور طبقات ہر حکومت میں شامل بھی ہوتے ہیں اور اس کے خلاف بھی ہوتے ہیں۔ جب تک کوئی حکومت ان کے مفادات کے مطابق چلتی رہتی ہے تو وہ خوش رہتے ہیں۔ جیسے ہی ان کے مفادات پورے نہیں ہوتے تو یہ طبقات حکومت کے خلاف پروپیگنڈا شروع کرا دیتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ آج تک کی معلوم تاریخ میں کوئی بھی منتخب وزیراعظم اپنی آئینی مدت پوری نہیں کر سکا۔ یا تو اسے حکومت سمیت وقت سے پہلے چلتا کر دیا گیا یا پھر اس کی حکومت تو برقرار رہی لیکن وزارتِ عظمیٰ کا منصب کسی اور کے سپرد کر دیا گیا۔ محترمہ بے نظیر بھٹو اور میاں نواز شریف کے ساتھ ایسا ہی ہوتا رہا ہے۔

یہ ہماری بدقسمتی رہی ہے کہ پاکستانی قوم نے جس کو بھی اپنے ووٹوں کے ذریعے منتخب کیا، وہ بااثر وڈیروں ‘سرداروں اور کاروباری طبقے کی سازشوں کی بھینٹ چڑھ گیا۔ یہی وہ بنیاد ہے جس کی وجہ سے پاکستان ہمیشہ معاشی مسائل اور اندرونی خلفشار کا شکار رہا ہے۔کچھ عرصے کوئی حکومت آرام سے چلتی آ رہی ہوتی ہے تو اچانک اس کے اپنے وزراء ہی الٹی سیدھی باتیں کرنا شروع کر دیتے ہیں۔ صحافیوں کی تو خوراک ہی افواہیں اور قیاس آرائیاں ہوتی ہیں۔ موقع ملتے ہی وہ بھی میدان کارزار میں کود پڑتے ہیں۔ یوں ہر گلی اور محلے میں حکومت کی جانے کی باتیں ہو جاتی ہیں۔ سب کو بحران نظر آنے لگتا ہے۔

پاکستانی قوم ہر نئے آنے والے لیڈر کا دم بھرنے لگتی ہے ‘انھیں لگتا ہے کہ اب ہماری قسمت بدل جائے گی۔ پھر اسے اقتدار مل جاتا ہے۔ لیکن جب وہ لیڈر قوم کی کشتی کو کسی پار لگانے کا موجب بننے لگتا ہے‘معیشت کو بہتر کرنے میں کسی حد تک کامیاب ہو جاتا ہے‘کاروباری سرگرمیاں بحال ہونے لگتی ہیں تو اس کی اپنی کشتی ڈول جاتی ہے اور وہ اس ڈولتی کشتی سمیت آہ و فغاں کرتا بے رحم موجوں کے سپرد ہو جاتا ہے۔

پاکستان کی سیاسی تاریخ اسی بات کا احاطہ کرتی ہے اور ہمیں یہی سبق دیتی ہے کہ جب تک ہمارے سیاسی زعماء اپنا سیاسی قبلہ درست نہیں کریں گے، ایسا ہی ہوتا رہے گا اور ان کی کشتی بے رحم موجوں کی لپیٹ میں آتی رہے گی۔ ادھر ہمارے ساتھ ہی آزاد ہونے والا ملک بھارت نہ صرف پاکستان کے ساتھ جنگ و جدل میں مصروف رہا بلکہ اس نے اپنی معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے بھی کوششیں جاری رکھیں۔

آج بھارت کی معیشت کا شمار دنیا کی چند بڑی معیشتوں میں ہوتا ہے جو مسلسل ترقی کی جانب سفر کر رہی ہیں۔بھارتی حکمرانوں نے جیسے تیسے جمہوری نظامِ حکومت کو مستحکم رکھا اور یہ دعویٰ کرتے رہے کہ بھارت دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہے حالانکہ دنیا اس نام نہاد جمہوریت کا مکروہ چہرہ کشمیر میں مسلسل دیکھ رہی ہے۔ جب کہ باقی ماندہ بھارت میں بسنے والی اقلیتوں کے ساتھ بھارتی جمہوری نظام نے جو سلوک کیا ہے، وہ جمہوریت کے نام پر ایک بدنما داغ ہے۔ لیکن ایک بات کی بھارتی حکمرانوں کو داد دینی پڑے گی کہ انھوں نے اپنے معاشی سفر پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا اور اسے مسلسل جاری رکھا جس کے نتائج اور ثمرات سے اب بھارت مستفید ہو رہا ہے۔

بہرحال بات جمہوریت کے تسلسل سے شروع کی تھی اور ہمارے ہاں یہ تسلسل نایاب ہے۔ آج پھر ہم یہ سن رہے ہیں کہ موجودہ حکمرانوں سے ہمارا دل بھر چکا ہے، کیونکہ یہ حکمران وہ نتائج دینے سے قاصر رہے ہیں جن کی ان سے توقع تھی یا پھر جن کے یہ داعی تھے۔ یعنی وہی صورتِ حال کہ ابھی موجودہ حکومت کو تین برس مکمل نہیں ہوئے اور حکومتی حلقوں میں بھونچال کی کیفیت کی مبینہ اطلاعات ہیں۔ نت نئے سوشے اور بیانات سامنے آ رہے ہیں۔ حکمرانی کے نام بھی سامنے آرہے ہیں، مجھے یہ لگتا ہے کہ جن’’دوستوں‘‘ کے نام لیے جا رہے ہیں، ان کے ساتھ زیادتی ہو رہی ہے، کیونکہ وہ متنازعہ بنائے جارہے ہیں۔ ویسے بھی ماضی میں ایسا ہوتا رہا ہے کہ جو احباب فرنٹ لائن کے مسافر تھے، وقت آنے پر پیچھے دھکیل دیے گئے اور ان کی جگہ سیٹ کسی انجانے شخص کو الاٹ کردی گئی۔

 بانی پی ٹی آئی کی پارٹی راندہ درگاہ ہو چکی ہے، اب مولانا فضل الرحمن نے بھی واویلا کر رہے ہیں، پیپلز پارٹی کے نوجوان چیئرمین بلاول بھٹو بھی سخت گفتگو کر رہے ہیں۔ موجودہ نظام سے مایوسی کا پہلا اظہار جناب محسن نقوی نے کیا تھا ، پھر سالک حسین سامنے آئے، پھر وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز غصے میں آئیں اور انھوں نے ہرجانے کا نوٹس بھی بھجوا دیا ہے۔ ایسی نوک جھونک سیاست میں چلتی رہتی ہے اور آج کے حلیف کل کے حریف بھی بن جاتے ہیں، لیکن دیکھنا یہ ہے کہ پس پردہ طاقتیں نئے طرزِ حکمرانی کی داغ بیل ڈال سکیں گی؟ یہ وہ سوال ہے جس کا جواب مستقبل دے گا۔