تاریخ میں ایسے کئی موڑ آئے ہیں جب انسان نے اپنی عقل، علم اور طاقت کے بل پر فطرت کو تسخیر کرنے کا دعویٰ کیا۔ انسان نے دریاؤں کا رخ موڑا، پہاڑوں کے سینے چیرے، سمندر کی تہہ میں اتر کر معدنیات تلاش کیں، جنگلوں کو شہروں میں تبدیل کیا اور زمین کے وسائل کو اپنی ترقی کا وسیلہ بنایا۔ اس سفر میں اس نے بہت کچھ حاصل کیا مگر شاید ایک بنیادی حقیقت فراموش کر دی کہ انسان فطرت کو اپنے تابع نہیں کرسکتا۔ وہ جس زمین کو فتح کرنے کے خواب دیکھتا رہا ہے،اسی زمین نے اسے زندگی دی ہے۔ اب صورت حال یہ ہے کہ جس ترقی پر انسان کو ناز تھا۔ اسی ترقی نے خود انسان کی بقا کو سوالیہ نشان بنا دیا ہے۔
دنیا کے مختلف حصوں میں موسموں کا بدلتا ہوا مزاج، بے وقت بارشیں، طویل خشک سالی، سمندری طوفان، پگھلتے ہوئے گلیشیئر اور ناقابل برداشت گرمی ہمیں ایک ایسے بحران کی خبر دے رہے ہیں، جسے محض قدرتی آفت قرار دے کر نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ سائنس نے اس بحران کی وجوہات کی نشاندہی کر دی ہے۔ ماہرین برسوں سے خبردار کر رہے ہیں کہ صنعتی سرگرمیوں کوئلے، تیل اور گیس کے بے تحاشا استعمال اور جنگلات کی تباہی نے زمین کے قدرتی توازن کو شدید نقصان پہنچایا ہے، مگر سوال یہ ہے کہ اس تباہی کی ذمے داری کس پر عائد ہوتی ہے اور اس کی قیمت کون ادا کر رہا ہے۔
یہ سوال محض ماحولیات کا نہیں ،سیاست، معیشت اور سماجی انصاف کا بھی ہے۔ صنعتی انقلاب نے انسانی تاریخ میں ایک نئے عہد کا آغاز کیا۔ پیداوار میں اضافہ ہوا مشینوں نے محنت کی نوعیت تبدیل کردی۔ شہروں نے وسعت اختیار کی اور اس تبدیلی نے انسانی زندگی کو بہت سی سہولتیں بھی فراہم کیں لیکن اس کے ساتھ نوآبادیاتی لوٹ مار قدرتی وسائل کے استحصال اور محنت کش طبقے کی محرومیوں کی ایک طویل تاریخ بھی وابستہ ہے۔ یورپ کی صنعتی طاقت اور دولت کی تعمیر میں ایشیا افریقہ اور لاطینی امریکا کے وسائل اور انسانوں کی محنت کا بڑا حصہ شامل تھا۔ آج اسی تاریخی ترقی کے ماحولیاتی اثرات پوری انسانیت کے سامنے ہیں۔
سرمایہ داری کا بنیادی تضاد یہ ہے کہ وہ مسلسل ترقی اور منافع کی طلب کو اپنا محرک بناتی ہے مگر زمین کے قدرتی وسائل لامحدود نہیں۔ منافع کے حصول کی دوڑ میں جنگلات کاٹے جاتے ہیں ،دریا آلودہ ہوتے ہیں۔ ایسے ایندھن پر انحصار جاری رہتا ہے جو فضا میں زہریلی گیس میں اضافہ کرتا ہے۔ جب تک پیداوار کا بنیادی مقصد انسانی ضرورتوں کی تکمیل کے بجائے سرمایہ جمع کرنا ہوگا، ماحول کا تحفظ بھی کاروباری مفادات کے تابع رہے گا۔
یہ کہنا درست نہیں ہوگا کہ دنیا کے تمام ممالک اس بحران کے یکساں ذمے دار ہیں۔ ایک طرف وہ ممالک ہیں جنھوں نے دو صدیوں سے زیادہ عرصے تک صنعتی ترقی کے ذریعے دولت اور طاقت جمع کی، دوسری طرف وہ ممالک ہیں جن کے پاس نہ اتنے وسائل ہیں اور نہ ہی اس بحران سے نمٹنے کی صلاحیت۔ اس کے باوجود جب موسمیاتی تبدیلی کے حل کی بات ہوتی ہے تو اکثر تمام ممالک کو ایک ہی قطار میں کھڑا کر دیا جاتا ہے اور یہ ناانصافی ہے۔
پاکستان اس تضاد کی ایک المناک مثال ہے۔ 2022 کے سیلاب نے ملک کے وسیع علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ لاکھوں گھرانے متاثر ہوئے، فصلیں تباہ ہوئیں ،اسکول اور اسپتال زیر آب آئے اور کروڑوں انسانوں کی زندگیوں میں ایک ایسا خلا پیدا ہوا جسے محض مالی امداد سے پُر نہیں کیا جا سکتا۔ پاکستان عالمی گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں ایک فیصد سے بھی کم حصہ رکھتا ہے لیکن موسمیاتی تبدیلی کے شدید خطرات سے دوچار ممالک میں شامل ہے۔ سوال یہ ہے کہ جن لوگوں نے اس بحران کو پیدا کرنے میں سب سے کم حصہ ڈالا، وہ اس کی زیادہ قیمت کیوں ادا کریں۔
افریقہ کے کئی خطوں میں خشک سالی نے کسانوں کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔ بنگلہ دیش کے ساحلی علاقوں میں سمندر کی بڑھتی ہوئی سطح انسانی آبادی کے مستقبل کو خطرے میں ڈال رہی ہے۔ بحرالکاہل کے چھوٹے جزائر کے باشندوں کے سامنے یہ اندیشہ موجود ہے کہ ایک دن ،ان کی سرزمین ہی سمندر میں ڈوب سکتی ہے۔ ان لوگوں کے لیے موسمیاتی تبدیلی کوئی علمی اصطلاح نہیں بلکہ گھر روزگار شناخت اور زندگی کے خاتمے کا سوال ہے۔
ترقی یافتہ ممالک کو یہ سمجھنا ہوگا کہ غریب ممالک کی مدد کرنا کوئی خیرات نہیں بلکہ ایک تاریخی اور اخلاقی ذمے داری ہے۔ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے مالی معاونت کے نام پر مزید قرضے دینا ایسے ملکوں کو ایک نئے معاشی جال میں پھنسانے کے مترادف ہے جو پہلے ہی قرضوں، مہنگائی اور غربت کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں۔ انھیں ایسی مالی معاونت درکار ہے جو ان کی توانائی زراعت پانی رہائش اور صحت کے نظام کو بہتر بنا سکے۔
اس بحران کی ذمے داری صرف عالمی طاقتوں پر نہیں ڈالی جاسکتی۔ پاکستان میں درختوں کی بے دریغ کٹائی، دریاؤں اور ندی نالوں پر تجاوزات ،ناقص شہری منصوبہ بندی، صنعتی آلودگی اور قدرتی آبی گزرگاہوں کی تباہی، ہمارے اپنے فیصلوں اور حکمرانی کی ناکامیوں کا نتیجہ ہیں۔ کراچی جیسے شہر میں بارش کا پانی جب سڑکوں پر جمع ہو کر گھروں اور دکانوں میں داخل ہوتا ہے تو اس کی وجہ صرف موسمیاتی تبدیلی نہیں ہوتی۔ اس کے پیچھے دہائیوں کی ناقص منصوبہ بندی، بدعنوانی اور شہری سہولتوں سے متعلق حکمرانوں کی بے اعتنائی ہوتی ہے۔
موسمیاتی آفات سب کو متاثر کرتی ہیں مگر سب کو یکساں طور پر نہیں۔ امیر طبقہ گرمی سے بچنے کے لیے بجلی، ایئرکنڈیشنر اور محفوظ رہائش کا انتظام کر سکتا ہے، وہ سیلاب سے متاثرہ علاقے چھوڑ کر دوسری جگہ منتقل ہو سکتا ہے، لیکن کچی آبادیوں میں رہنے والے مزدور کسان اور کم آمدنی والے خاندان کہاں جائیں،ان کے پاس نہ محفوظ گھر ہیں، نہ متبادل روزگار اور نہ ہی اتنے وسائل کہ قدرتی آفت کے بعد اپنی زندگی دوبارہ تعمیر کر سکیں۔
دنیا میں قابل تجدید توانائی شمسی اور ہوائی بجلی صاف ٹرانسپورٹ اور ماحول دوست زراعت کی طرف منتقلی ناگزیر ہے۔ یہ تبدیلی بھی صرف سرمایہ دارانہ منافع کے ایک نئے کاروبار میں تبدیل نہیں ہونی چاہیے، اگر شمسی توانائی صرف ان لوگوں کی دسترس میں ہو جو مہنگے سولر پینل خرید سکتے ہیں۔ صاف توانائی کے منصوبوں کا فائدہ صرف بڑے سرمایہ کاروں تک پہنچے اور غریب شہری بجلی کے بھاری بل ادا کرتے رہیں تو یہ بھی ترقی کی غیر منصفانہ صورت ہوگی۔ ٹیکنالوجی کی کامیابی کا اصل پیمانہ یہ نہیں کہ اس سے کتنی دولت پیدا ہوئی بلکہ یہ ہے کہ اس سے کتنی انسانی زندگیاں بہتر ہوئیں۔
ہمیں یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ زمین کا تحفظ صرف حکومت سائنس دانوں اور عالمی اداروں کا کام نہیں۔ تعلیمی اداروں ،دانشوروں، ادیبوں صحافیوں اور ترقی پسند سیاسی تحریکوں کو بھی اس بحث میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ نئی نسل کو یہ بتانا ضروری ہے کہ ماحول کا تحفظ درخت لگانے کی ایک مہم سے کہیں بڑا معاملہ ہے۔ یہ اس معاشی اور سماجی نظام پر سوال اٹھانے کا نام ہے جو چند لوگوں کی آسائش کے لیے کروڑوں انسانوں کے مستقبل کو داؤ پر لگا دیتا ہے۔
زمین کو ہماری اجتماعی دانش کی ضرورت ہے۔ انسان نے تاریخ میں کئی بار اپنی غلطیوں سے سبق سیکھا ہے، اس بار غلطی کی قیمت صرف ایک نسل نہیں، آنے والی کئی نسلیں ادا کر سکتی ہیں۔ ہمیں ترقی کا ایسا تصور اختیار کرنا ہوگا جس میں انسان کی خوش حالی، سماجی مساوات اور فطرت کا تحفظ ایک دوسرے سے جدا نہ ہوں۔
موسمیاتی انصاف کا تقاضا صرف یہ نہیں کہ متاثرہ ملکوں کو مالی معاونت فراہم کی جائے بلکہ یہ بھی ہے کہ ان ملکوں اور وہاں بسنے والی آبادیوں کو اپنے مستقبل سے متعلق فیصلے کرنے کا اختیار حاصل ہو۔ کسان ،ماہی گیر ،مزدور اور مقامی آبادی محض موسمیاتی آفات سے متاثر ہونے والے طبقات نہیں بلکہ وہ لوگ ہیں جن کی زمین روزگار اور زندگی کا براہِ راست تعلق قدرتی ماحول سے ہے۔ اس کے باوجود اکثر ترقیاتی منصوبے ان کی ضروریات اور آرا کو نظر انداز کرکے تشکیل دیے جاتے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کی حکمت عملی میں مقامی آبادی کو محض امداد کا منتظر نہیں بلکہ فیصلہ سازی کا فعال حصہ دار تسلیم کیا جائے، اگر ماحول کے تحفظ کی کوشش انسانی ضروریات معاشی مساوات اور سماجی انصاف سے ہم آہنگ نہ ہو تو وہ اسی ناہموار نظام کا تسلسل بن سکتی ہے جس نے اس بحران کو جنم دیا ہو۔